• Sun, 29 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

فیڈے عالمی شطرنج: گوکیش اور سنداروف کے درمیان چوتھا مقابلہ بھی ڈرا

Updated: November 29, 2026, 6:04 PM IST | Geneva

فیڈے عالمی شطرنج چیمپئن شپ ۲۰۲۶ء میں ہندوستان کے دفاعی عالمی چیمپئن ڈی گوکیش اور ازبکستان کے چیلنجر جاوخیر سنداروف کے درمیان چوتھا مقابلہ بھی ڈرا پر ختم ہوگیا۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان سخت اور دلچسپ مقابلے کے بعد ۳۴ چالوں پر کھیل برابر رہا۔

Chess Players.Photo:X
شطرنج کے کھلاڑی۔ تصویر:ایکس

فیڈے عالمی شطرنج چیمپئن شپ ۲۰۲۶ء میں ہندوستان کے دفاعی عالمی چیمپئن ڈی گوکیش اور ازبکستان کے چیلنجر جاوخیر سنداروف کے درمیان چوتھا مقابلہ بھی ڈرا پر ختم ہوگیا۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان سخت اور دلچسپ مقابلے کے بعد ۳۴ ؍ چالوں پر کھیل برابر رہا۔ اس نتیجے کے ساتھ ہی ۱۴؍ مقابلوں پر مشتمل عالمی خطاب کی دوڑ میں دونوں کھلاڑیوں کا اسکور ۲-۲ ؍ ہوگیا ہے۔ ابتدائی چاروں مقابلے ڈرا رہنے کے باعث اب تک کوئی بھی کھلاڑی برتری حاصل نہیں کرسکا ہے۔


چوتھے مقابلے میں گوکیش سفید مہروں کے ساتھ میدان میں اترے، جبکہ سنداروف نے سیاہ مہروں سے کھیل کا آغاز کیا۔ گوکیش نے ابتدا ہی سے اپنے حریف کو حیران کرنے کی حکمت عملی اختیار کی اور پیٹروف ڈیفنس کے مقابلے میں پانچویں چال پر ایک غیر معمولی انداز اپنایا۔ ان کی اس تیاری کا مقصد سنداروف کو مانوس راستے سے ہٹانا اور کھیل کے ابتدائی مرحلے میں دباؤ ڈالنا تھا۔سنداروف نے ابتدا میں اس نئی صورتِ حال پر غور کرنے کے لیے وقت لیا، لیکن جلد ہی اپنی پوزیشن کو سنبھال لیا۔ گوکیش نے نویں چال میں وزیر کو غیر معمولی انداز سے منتقل کرتے ہوئے  ۹۔ کیو بی ون (9.Qb1) کی چال چلی، جسے انہوں نے مقابلے کے بعد ایک خوب صورت خیال قرار دیا۔ اس چال کے ذریعے وہ اپنے حریف کے گھوڑے پر دباؤ پیدا کرنے اور مرکز میں کھیل کو اپنے حق میں کرنے کی کوشش کررہے تھے۔تاہم سنداروف نے گوکیش کی حکمت عملی کو سمجھتے ہوئے نہایت محتاط اور درست چالیں چلیں۔ انہوں نے اپنے مہرے بہتر انداز میں ترتیب دیے اور تیرہویں چال میں پیادے کو آگے بڑھا کر اپنی پوزیشن کو مزید مستحکم کیا۔ اس کے بعد دونوں کھلاڑیوں کے درمیان مہروں کا تبادلہ ہوا اور کھیل بتدریج متوازن ہوتا چلا گیا۔

یہ بھی پڑھئے:’’دوران جدوجہد طبی شعبے کا تجربہ میرے لیے بہت مددگار ثابت ہوا ‘‘

کھیل کے آخری مرحلے میں دونوں کھلاڑیوں نے ایک دوسرے کے بادشاہ پر دباؤ بنانے کی کوشش کی، لیکن کسی کو بھی فیصلہ کن برتری حاصل نہیں ہوئی۔ گوکیش نے وزیر کے ذریعے مسلسل چیک دینے کی حکمت عملی اپنائی، تاہم سنداروف نے دفاعی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہر خطرے کو ٹال دیا۔ بالآخر دونوں کھلاڑیوں نے چالوں کی تکرار کے ذریعے مقابلہ ڈرا پر ختم کردیا۔گکیش نے کھیل کے بعد اپنی نویں چال کے بارے میں اطمینان کا اظہار کیا۔ ان کے مطابق وہ اس خاص خیال کو کھیل میں آزمانا چاہتے تھے، اگرچہ انہیں اندازہ تھا کہ سنداروف کے پاس اس کا مناسب جواب موجود ہوسکتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ اس مقابلے میں جیت کے امکانات محدود تھے اور دونوں کھلاڑیوں نے اعلیٰ معیار کا کھیل پیش کیا۔دوسری جانب سنداروف نے بھی ڈرا کو مقابلے کا مناسب نتیجہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جب دونوں جانب سے درست چالیں کھیلی جائیں تو شطرنج میں مقابلہ برابر رہنے کا امکان زیادہ ہوتا ہے۔ انہوں نے اشارہ دیا کہ آئندہ مقابلوں میں مزید دلچسپ کھیل دیکھنے کو مل سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے:فلسطینی عوام سے یکجہتی کا عالمی دن، غزہ اور مغربی کنارے کی صورتحال پر تشویش

عالمی خطاب کے لیے یہ مقابلہ ۱۴؍ کلاسیکی کھیلوں پر مشتمل ہے۔ چیمپئن شپ جیتنے کے لیے کسی بھی کھلاڑی کو ساڑھے سات پوائنٹس حاصل کرنا ہوں گے۔ اگر ۱۴؍ مقابلوں کے بعد اسکور ۷-۷ سے برابر رہتا ہے تو فاتح کا فیصلہ تیز رفتار شطرنج کے اضافی مقابلوں کے ذریعے کیا جائے گا۔ اس عالمی مقابلے کی مجموعی انعامی رقم ۲۵؍ لاکھ امریکی ڈالر ہے۔ اب شائقین کی نظریں پانچویں مقابلے پر مرکوز ہیں، جو اتوار ۲۹؍ نومبر کو کھیلا جانا طے ہے۔ اس مقابلے میں سنداروف کو سفید مہروں سے کھیلنے کا موقع ملے گا، جبکہ گوکیش سیاہ مہروں کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ مسلسل چار ڈرا کے بعد دونوں کھلاڑیوں کے لیے یہ مقابلہ اہم ہوگا، کیونکہ ہر ایک کی کوشش ہوگی کہ پہلی کامیابی حاصل کرکے عالمی خطاب کی دوڑ میں برتری قائم کی جائے۔ ابتدائی چار مقابلوں میں دونوں کھلاڑیوں نے غیر معمولی احتیاط، مضبوط تیاری اور اعلیٰ درجے کی شطرنج کا مظاہرہ کیا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ پانچویں مقابلے میں کون سا کھلاڑی اپنی حکمت عملی میں تبدیلی کرتے ہوئے پہلی فیصلہ کن کامیابی حاصل کرتا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK