• Sun, 29 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

پہلی ملاقات میں بانی جے نے بسیر علی کو بری طرح نظرانداز کردیا تھا

Updated: November 29, 2026, 9:04 PM IST | Mumbai

ٹیلی ویژن اور انٹرٹینمنٹ کی دنیا میں بسیر علی اور بانی جے کے تعلقات ان دنوں موضوعِ بحث بنے ہوئے ہیں۔ دونوں نے حال ہی میں اداکارہ نیہا دھوپیا اور انگد بیدی کے شو ’’ڈبل ڈیٹ‘‘ میں شرکت کے دوران اپنی پہلی ملاقات، ایک دوسرے کے ساتھ بڑھتی قربت اور اس دلچسپ سفر کے بارے میں کئی اہم انکشافات کیے۔

Bani And Baseer.Photo:INN
بسیر اور بانی۔ تصویر:آئی این این

ٹیلی ویژن اور انٹرٹینمنٹ کی دنیا میں بسیر علی اور بانی جے کے تعلقات ان دنوں موضوعِ بحث بنے ہوئے ہیں۔ دونوں نے حال ہی میں اداکارہ نیہا دھوپیا اور انگد بیدی کے شو ’’ڈبل ڈیٹ‘‘ میں شرکت کے دوران اپنی پہلی ملاقات، ایک دوسرے کے ساتھ بڑھتی ہوئی قربت اور اس دلچسپ سفر کے بارے میں کئی اہم انکشافات کیے۔ گفتگو کے دوران بسیر علی نے بتایا کہ جب وہ پہلی مرتبہ بانی جے سے ملے تھے تو انہوں نے خود کو ان کا مداح بتاتے ہوئے تعارف کرایا، لیکن بانی جے نے انہیں کوئی خاص توجہ نہیں دی اور وہاں سے چلی گئیں۔ اس واقعہ کو یاد کرتے ہوئے بسیر نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ ’’اتنی بری طرح سے نظر انداز کرنامیری زندگی میں کسی نے نہیں کیا۔
شو کے دوران اپنی پہلی ملاقات کا قصہ بیان کرتے ہوئے بسیر علی نے بتایا کہ وہ بانی جے کے مداح تھے اور ان سے ملنے پر کافی پُرجوش بھی تھے۔ انہوں نے بتایا کہ ایک صبح وہ بانی کے پاس گئے اور اپنا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے بڑے مداح ہیں۔ بسیر کے مطابق انہوں نے بانی جے سے کہا، ’’ہیلو، میں بسیر ہوں اور آپ کا بہت بڑا فین ہوں۔‘‘تاہم، بسیر کے لیے یہ ملاقات توقع کے بالکل برعکس ثابت ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی جے نے ان کی طرف دیکھا اور بغیر کوئی بات کیے وہاں سے چلی گئیں۔ اس غیر متوقع ردعمل پر انہیں حیرت ہوئی اور وہ کچھ گھبرا بھی گئے۔ اسی واقعہ کو یاد کرتے ہوئے انہوں نے کہا ’’اتنا برا اگنور میری زندگی میں کسی نے نہیں کیا۔‘‘بسیر نے بتایا کہ اگرچہ پہلی ملاقات میں انہیں سرد مہری کا سامنا کرنا پڑا، لیکن انہوں نے بانی جے سے رابطہ قائم کرنے اور انہیں سمجھنے کی کوشش جاری رکھی۔

یہ بھی پڑھئے:فلم ’’ایٹھا‘‘ کے لیے شردھا کپور نے ۱۰؍ سے ۱۲؍ کلو وزن بڑھایا

بسیر علی کے انکشاف کے بعد بانی جے نے بھی اپنی جانب کی کہانی بیان کی اور واضح کیا کہ ان کا رویہ بسیر کو نظرانداز کرنے یا ان کی بے عزتی کرنے کی نیت سے نہیں تھا، بلکہ اس وقت وہ خود ایک مشکل جذباتی کیفیت سے گزر رہی تھیں۔بانی جے نے بتایا کہ وہ ایک ایسی جگہ واپس آئی تھیں جس کا تعلق ان کے بچپن کی یادوں سے تھا۔ اس جگہ پر واپس پہنچنے کے بعد انہیں اپنے خاندان کے ان افراد کی یاد ستانے لگی جو کبھی ان کے ساتھ ہوا کرتے تھے، لیکن اب اس دنیا میں موجود نہیں تھے۔انہوں نے بتایا کہ جب وہ ۲۰۰۶ء میں اس جگہ آئی تھیں تو ان کی والدہ اور دادا دادی زندہ تھے، لیکن ۲۰۲۶ء میں وہاں واپس آنے پر وہ سب اس دنیا سے رخصت ہوچکے تھے۔ بانی کے مطابق، ماحول اور جگہ تو وہی تھی، لیکن ان کے پیارے ان کے ساتھ نہیں تھے۔ اس احساس نے انہیں اندر سے بہت متاثر کیا اور وہ اپنے جذبات پر قابو نہیں رکھ سکیں۔بانی جے نے بتایا کہ وہ مسلسل رو رہی تھیں، دو مرتبہ اپنی وین میں گئیں اور واپس آئیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ان کے لیے اپنی کیفیت بیان کرنا بھی آسان نہیں تھا۔ ایسے میں بسیر نے ان سے یہ شکایت کی کہ انہوں نے انہیں سلام تک نہیں کیا۔ بانی نے بتایا کہ ان کے لیے یہ سمجھانا مشکل تھا کہ وہ اس وقت کس قدر جذباتی پریشانی سے گزر رہی تھیں۔

یہ بھی پڑھئے:فیڈے عالمی شطرنج: گوکیش اور سنداروف کے درمیان چوتھا مقابلہ بھی ڈرا

گفتگو کے دوران دونوں سے یہ بھی پوچھا گیا کہ آخر ان کے درمیان قربت کیسے بڑھی اور کس نے انہیں ایک دوسرے کے قریب لانے میں اہم کردار ادا کیا۔ اس سوال پر بسیر علی نے دلچسپ انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ انسٹاگرام نے انجانے میں دونوں کے درمیان رابطے اور قربت بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔بسیر کے مطابق، جب وہ اور بانی جے ایک ساتھ وقت گزارنے لگے تو لوگوں نے ان کے تعلق کے بارے میں سوالات کرنا شروع کردیے۔ بعض افراد ان کے پاس آکر پوچھتے تھے کہ دونوں کے درمیان کیا چل رہا ہے۔ اس کے بعد جب بسیر نے سوشل میڈیا پر دونوں کی ایک ساتھ موجودگی کی ویڈیوز اور ریلز دیکھیں تو انہیں بھی محسوس ہونے لگا کہ ان کے درمیان دوستی سے بڑھ کر کچھ خاص بات ہے۔انہوں نے کہا کہ انسٹاگرام نے انجانے میں ان دونوں کے لیے ’کیوپڈ‘ کا کردار ادا کیا، کیونکہ سوشل میڈیا پر ان کی ایک ساتھ ویڈیوز دیکھ کر انہیں احساس ہوا کہ شاید ان کے درمیان کوئی خاص تعلق پروان چڑھ رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK