Updated: May 14, 2026, 10:10 PM IST
| New Jersey
فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء کے فائنل میں پہلی بار سپر باؤل طرز کا ہاف ٹائم شو پیش کیا جائے گا جس میں عالمی میوزک ستارے Madonna، Shakira اور BTS پرفارم کریں گے۔ Chris Martin کی نگرانی میں تیار ہونے والا یہ شو ۱۹؍ جولائی ۲۰۲۶ء کو نیو جرسی کے MetLife Stadium میں ہوگا۔
فیفا ورلڈ کپ کے فائنل کو تاریخ کا سب سے بڑا میوزیکل اور اسپورٹس ایونٹ بنانے کی تیاری شروع ہو گئی ہے۔ فیفا نے اعلان کیا ہے کہ پہلی مرتبہ ورلڈ کپ فائنل میں سپر باؤل طرز کا ہاف ٹائم شو منعقد کیا جائے گا، جس میں عالمی موسیقی کے بڑے نام ایک ہی اسٹیج پر جلوہ گر ہوں گے۔ اعلان کے مطابق، امریکی پاپ آئیکون میڈونا، کولمبین سپر اسٹار شکیرا اور جنوبی کوریا کے عالمی شہرت یافتہ کے پاپ گروپ بی ٹی ایس، ۱۹؍ جولائی ۲۰۲۶ء کو نیو جرسی کے میٹ لائف اسٹیڈیم میں فائنل کے دوران پرفارم کریں گے۔ یہ خصوصی شو Coldplay کے مرکزی گلوکار کرس مارٹن کی تخلیقی نگرانی میں تیار کیا جا رہا ہے۔ اعلان ایک خصوصی ویڈیو کے ذریعے کیا گیا، جسے گلوبل سٹیزن کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر جاری کیا گیا۔ ویڈیو میں کرس کے ساتھ مشہور کردار ایلمو، مس پگی، کرمٹ دی فراگ اور اینیمل بھی نظر آئے۔ مارٹن نے ویڈیو میں کہا کہ ’’یہ شو صرف میرے بارے میں نہیں بلکہ ہم سب کے اتحاد کے بارے میں ہے۔‘‘ فیفا کے مطابق، یہ ہاف ٹائم شو صرف تفریحی ایونٹ نہیں ہوگا بلکہ اس کے ذریعے فیفا اور گلوبل سٹیزن دنیا بھر کے محروم بچوں کی تعلیم کے لیے فنڈز جمع کریں گے۔ منصوبے کے تحت تقریباً ۱۰۰؍ ملین ڈالر اکٹھا کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ واضح رہے کہ جیانی انفینتینو نے گزشتہ سال پہلی بار اعلان کیا تھا کہ ورلڈ کپ فائنل میں ہاف ٹائم شو متعارف کرایا جائے گا، تاہم اس وقت فنکاروں یا فارمیٹ کی تفصیلات ظاہر نہیں کی گئی تھیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ ’’یہ فیفا ورلڈ کپ کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہوگا اور دنیا کے سب سے بڑے کھیلوں کے ایونٹ کے شایانِ شان ایک عظیم شو پیش کیا جائے گا۔‘‘
یہ بھی پڑھئے : مونی رائے طلاق کی خبروں کے درمیان پہلی بار نظر آئیں
ماہرین کے مطابق، اس اعلان نے ورلڈ کپ کو مزید بڑے عالمی پاپ کلچر ایونٹ میں تبدیل کر دیا ہے، بالکل اسی طرح جیسے امریکی Super Bowl کا ہاف ٹائم شو دنیا بھر میں دیکھا جاتا ہے۔ تاہم، ایک بڑا سوال وقت کے انتظام کا بھی ہے۔ روایتی طور پر فٹبال میچ کا ہاف ٹائم صرف ۱۵؍ منٹ کا ہوتا ہے، جبکہ سپر باؤل طرز کے شوز عام طور پر ۲۵؍ سے ۳۰؍ منٹ تک جاری رہتے ہیں۔ فیفا نے ابھی تک یہ واضح نہیں کیا کہ ورلڈ کپ فائنل میں اس فارمیٹ کو کس طرح نافذ کیا جائے گا۔ دوسری جانب، ہندوستانی شائقین کے لیے بھی دلچسپ خبر یہ ہے کہ نورا فتحی ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء کی افتتاحی تقریب میں پرفارم کریں گی، جو ۱۱؍ جون ۲۰۲۶ء کو کنیڈا کے BMO Field میں منعقد ہوگی۔