Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایک کہانی پر ۴؍مختلف زبانوں میں فلم بنائی گئی، چاروں سپر ہٹ ثابت ہوئیں

Updated: August 16, 2026, 12:40 PM IST | Mumbai

۲۰۰۰ءکی دہائی کے اختتام پر جب سلمان خان کے فلمی کریئر کی رفتار کچھ سست پڑگئی تھی، اس وقت پربھو دیوا نے اسی بلاک بسٹر کہانی کو ہندی میں ’وانٹڈ‘(۲۰۰۹ء)کے نام سے پیش کیا۔

Photo: INN.
تصویر: آئی این این۔

اگرچہ ایک ہی کہانی پر کئی فلمیں بناناہندوستانی سنیماکی تاریخ میں کوئی نئی بات نہیں، لیکن ایک ہی پلاٹ پر بننے والی چار مختلف زبانوں کی فلموں کا مسلسل بلاک بسٹر ثابت ہونا بہت کم دیکھنے کو ملتا ہے۔ ۲۰۰۶ءکی تیلگو فلم ’پوکری‘ ایسی ہی ایک شاہکار فلم تھی، جس نے نہ صرف آندھرا پردیش بلکہ اس کے بعد تمل، ہندی اور کنڑ زبان میں بننے والے ریمیک کے ذریعے بھی باکس آفس پر دھوم مچا دی۔ آئیے، اس شاندار فلمی سفر پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔ 
تیلگو میں ’پوکری‘: ۲۰۰۶ءمیں معروف ہدایت کار پوری جگن ناتھ کی ہدایت میں بننے والی تیلگو فلم ’پوکری‘ نے ریلیز ہوتے ہی تاریخ رقم کردی۔ مہیش بابو اور الیانا ڈی کروزکی اداکاری سے سجی اس کرائم ایکشن تھرلر فلم کے ٹوئسٹ اور بیک گراؤنڈ اسکور اتنے زبردست تھے کہ ناظرین بار بار سینما گھروں کا رخ کرنے پر مجبور ہوگئے۔ فلم نے مہیش بابو کو جنوبی ہند کی فلم انڈسٹری کے سب سے بڑے سپر اسٹارز میں شامل کردیا۔ کہانی کی زبردست کامیابی نے دوسری زبانوں کے فلم سازوں اور پروڈیوسرز کی توجہ بھی اپنی جانب مبذول کرلی اور پھر اس فلم کے ریمیک کا سلسلہ شروع ہوا۔ 
تمل میں ’پوکری‘: تیلگو فلم کی شاندار کامیابی کے فوراً بعد۲۰۰۷ءمیں اسے تمل زبان میں بھی ’پوکری‘ کے نام سے بنایا گیا۔ اس فلم کی ہدایت کاری پربھو دیوا نے کی تھی۔ اس بار مرکزی کرداروں میں تھلاپتی وجے اور اسین نظر آئے۔ وجے کا ایکشن اوتار، ان کا دلکش انداز اور منی شرما کی سپرہٹ موسیقی نے تمل ناظرین کو اپنا دیوانہ بنا لیا۔ پونگل کے موقع پر ریلیز ہونے والی اس فلم نے سینما گھروں میں زبردست کاروبار کیا اور اس سال تامل فلم انڈسٹری کی سب سے بڑی سپرہٹ فلموں میں شامل ہوگئی۔ ’پوکری‘ نے ایک بار پھر ثابت کردیا کہ اگر اسکرپٹ میں دم ہو تو ایک مضبوط کہانی زبان کی سرحدوں کو بھی عبور کرسکتی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: گرام چکتسالیہ۲: دیہی زندگی پر مبنی سادہ اور دلکش اندازپر مبنی کہانی

ہندی میں ’وانٹڈ‘: ۲۰۰۰ءکی دہائی کے اختتام پر جب سلمان خان کے فلمی کریئر کی رفتار کچھ سست پڑگئی تھی، اس وقت پربھو دیوا نے اسی بلاک بسٹر کہانی کو ہندی میں ’وانٹڈ‘(۲۰۰۹ء)کے نام سے پیش کیا۔ سلمان خان نے فلم میں رادھے نامی ایک انڈر کور پولیس افسر کا کردار ادا کیا تھا، جبکہ عائشہ ٹاکیہ اور پرکاش راج بھی اہم کرداروں میں شامل تھے۔ ’’ایک بار جو میں نے کمٹمنٹ کر دی...‘‘ جیسے مشہور مکالمے اور زبردست ماس ایکشن نے ’وانٹڈ‘ کو ہندی پٹی میں تہلکہ مچانے والی فلم بنا دیا۔ ’وانٹڈ‘ نے نہ صرف سلمان خان کے ڈوبتے ہوئے کریئرکو ایک نئی زندگی دی بلکہ بالی ووڈ میں جنوبی ہند کے انداز کی ماس ایکشن فلموں کے ایک نئے دور کا آغاز بھی کیا۔ فلم نے باکس آفس پر زبردست کمائی کی اور بلاک بسٹر کا درجہ حاصل کیا۔ 
کنڑ میں ’پورکی‘: تیلگو، تامل اور ہندی میں ۳؍مسلسل کامیابیوں کے بعد ۲۰۱۰ءمیں اس کہانی کو کنڑ سنیما میں بھی آزمایا گیا۔ ’پورکی‘ کے عنوان سے بننے والی اس فلم کی ہدایت کاری ایم ڈی شری دھر نے کی تھی، جبکہ کنڑ سنیما کے ’چیلنجنگ اسٹار‘ درشن اور پرنیتا سبھاش مرکزی کرداروں میں نظر آئے۔ کنڑ ناظرین نے بھی اس کرائم تھرلر کی کہانی کو پسند کیا۔ فلم کے سسپنس، ہائی وولٹیج فائٹ سیکوینسز اور درشن کے زبردست ایکشن اسٹائل کو خاص طور پر سراہا گیا۔ ’پورکی‘ نے کرناٹک کے باکس آفس پر شاندار کاروبار کیا اور یہ مسلسل چوتھی زبان میں اس کہانی کی ایک اور کامیابی تھی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK