• Tue, 17 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

دل کی کچھ باتیں، تسلی اور دلاسے کے چند الفاظ

Updated: November 17, 2026, 12:27 PM IST | Khalida Fodkar | Mumbai

یہ مضمون اُن ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کیلئے ہے جن کے دلوں پر مایوسی کا غلبہ ہے جو ہمتیں جوڑ کر آگے بڑھنا چاہتی ہیں مگر بے یقینی اور مشکلات کا خوف دیوار بنا ہوا ہے۔

Woman.Photo:INN
خاتون۔ تصویر:آئی این این
پیاری بہنو بیٹیو! زندگی ہمیں کبھی اس موڑ پر بھی لے آتی ہے جہاں سے راستے ایسے گم ہو جاتے ہیں کہ یہ لگتا ہے جیسے ہمارا سفر رک سا گیا ہے، اوروں کی بہ نسبت ہماری راہ دشوار ہوگئی ہے جبکہ دوسروں کی زندگیاں قابلِ رشک رفتار سے رواں دواں ہیں، کسی کی تعلیم بآسانی مکمل ہوگئی ہے، کسی کو جلد نوکری مل گئی، کسی کی مناسب وقت پر شادی ہوگئی، کسی کا گھر بن گیا، کسی کا کاروبار سیٹ ہوگیا، سارے فرائض بآسانی ادا ہوگئے مگر ہمارے کئی کام ادھورے رہ گئے ہیں، نہ فرض ادا ہو پائے اور نہ قرض! زندگی گویا منجمد ہوگئی ہے۔ اگر ہم زندگی کے ایسے موڑ پر اپنے نامکمل منصوبوں اور شکستہ خوابوں کے ساتھ بہت مایوس و ناامید کھڑے ہیں، اپنے آپ کو نااہل اور کمتر محسوس کر رہے ہیں تو سب سے پہلے اپنی خود ترسی و مظلومیت کے خول سے باہر نکلیں کیونکہ خود ترسی ہمیں اتنا کمزور اور شکستہ کرتی ہے کہ چھوٹی سی پریشانی بھی پہاڑ جتنی بڑی محسوس ہوتی ہے۔ خود کو یہ سمجھانے کی کوشش کریں کہ اللہ تعالیٰ کی عطا کا ایک وقت متعین ہے۔ اس میں کچھ دیر ہوجانے سے ہماری نااہلی یا کمتری ثابت نہیں ہوتی اور نہ ہی کسی کی فوری کامیابی اسے ہم سے ممتاز کرتی ہے۔ یہ دیر و سویر اللہ تعالیٰ کی جانب سے بندوں کی آزمائش کے مختلف مرحلے ہیں۔ ہوسکتا ہے اللہ تعالیٰ ہمیں دیر سے نوازے مگر سب سے بہتر اور زیادہ عطا کرے۔ انتظار میں بھی اجر ہے تو پیاری بہنو! جلد منزل پر پہنچ جانے والوں کی کامیابی ہمارا معیار کیوں ہو؟
کبھی یہ نہ سوچیں کہ آزمائشیں صرف ہمارے حصے میں کیوں ہیں؟ یہ سوال شکایتوں کے در کھولتا ہے خود کی ذات سے آگے دیکھیں تو ہمارے آس پاس کئی ایسی خواتین، متعدد ایسے افراد نظر آجائیں گے جن کی مشکلات شاید ہم سے زیادہ ہوں، جن کو اسباب بھی کم میسر ہوں اور جن کے پاس تسلی دینے والا کوئی اپنا بھی موجود نہ ہو۔ مشکل راہوں کے سفر پر ہم تنہا نہیں ہیں۔ دُنیا میں ایسے بےشمار لوگ ہیں جو اس احساس سے گزرتے ہیں کہ ان کی زندگی آسان اور پرفیکٹ نہیں۔ کوئی ماضی میں قید ہے تو کسی کو مستقبل کا اندیشہ ہے، کچھ کے راستے آسان ہوتے ہیں مگر منزل کٹھن، کچھ کے راستے مشکل مگر منزل خوشگوار، کسی کا انتظار قلیل اور کسی کا طویل، یہ سب رب کی منشا اور حکمت ہے۔ زندگی کی یہی تلخ حقیقت ہے کہ یہ ہمیشہ خوبصورت اور مکمل کہانی کی طرح نہیں چلتی، اس کے اتار چڑھاؤ اور سود و زیاں سے فرار ممکن نہیں، زندگی جیتے ہوئے کبھی ہم تھک جاتے ہیں، کبھی بھٹک جاتے ہیں، کبھی ہمارے فیصلے غلط ہو جاتے ہیں، کبھی ہمیں کسی کی مدد کی ضرورت ہوتی ہے اور کبھی خود سے اٹھ کھڑے ہونا پڑتا ہے ایک بار، دو بار، تین بار، بلکہ کئی بار۔ ماضی کی کوئی غلطی یا کوئی بھی دکھ ہمارے مستقبل کا فیصلہ نہیں کرسکتا بلکہ مشکلات اور تنگی کا دور ایک تربیتی مرحلہ ہوتا ہے تاکہ ہم صبر، محنت اور امید جیسے وصف سیکھیں اور آگے بڑھیں، یہی انسان کی خوبصورتی ہے کہ وہ اپنی کمی اور شکست سے شرمسار نہ ہو بلکہ ہمت اور حوصلے سے نئی شروعات کرے۔
 
 
عزیز خواتین! یہ یقین قائم رکھیں کہ آج کی ناکامی دائمی نہیں، آج کی بے یقینی مستقبل کے روشن امکان ختم نہیں کرتی، آج کی تنہائی اور اکیلا پن عارضی ہوسکتا ہے، ہماری تھکن ہمیں کمزور ثابت نہیں کرتی، ہماری غلطیاں ہمارے گلے کے طوق نہیں ہیں، نیت اور ہمت پختہ ہو تو اصلاح اور بدلاؤ کی راہیں ہمیشہ موجود ہوتی ہیں۔ ہم جانتے ہیں کہ جو وقت گزر گیا وہ تو واپس نہیں آئےگا مگر جو وقت باقی ہے وہ ابھی ہمارے پاس ہے۔ زندگی کے سارے سوال ایک ساتھ حل کرنے ناممکن ہیں۔ کبھی کبھی ہمیں صرف آج پر توجہ مرکوز کرنی ہوتی ہے۔ مستقبل جو فی الحال پردے میں ہے اس کیلئے منصوبہ بندی ضرور کی جانی چاہئے مگر آج کے سکون کی قیمت پر نہیں۔ ہمیں اتنا یقین رکھنا ہے کہ زندگی صرف رکی ہے ختم نہیں ہوئی۔ لہٰذا سفر کو جاری رکھنا ہے، تھک کر بیٹھ جانے کا مطلب منزل پر پہنچنے میں مزید دیر اور خسارہ ہی ہے۔ جس طرح ڈوبتے ہوئے انسان کے پاس ہاتھ پاؤں مارنے کے علاوہ کوئی اور آپشن نہیں ہوتا اسی طرح مایوس و شکست خوردہ انسان کے پاس بھی ہمت، حوصلے اور امید کے سوا کچھ نہیں ہوتا۔ جب یہ حوصلہ مل جائے تو دوبارہ اُٹھ کھڑے ہونے کے بے شمار راستے کھل جاتے ہیں۔ حالات چاہے جیسے بھی ہوں ہر انسان کے پاس متبادل ہوتا ہے چاہے تو مثبت رہے، اللہ پر توکل کرے اور شکر گزار بنے۔ چاہے تو منفی سوچ کے ساتھ شکوہ کرے یا نا امید ہو جائے۔ ان دونوں قسم کے افراد میں ہم کس زمرے میں ہوں یہ ہمیں خود طے کرنا ہوگا۔
 
 
بہت بہتر ہے مثبت سوچ والے ان افراد میں شامل رہنا جو نماز، تلاوت اور دعاؤں سے قوت حاصل کرتے ہیں، کسی کارآمد مصروفیت میں اپنے غم کا مداوا تلاش کرتے ہیں، محفلوں میں اپنی پریشانی کا اشتہار نہیں لگاتے بلکہ خاموشی اور سکون میں دل کا بوجھ ہلکا کرتے ہیں، اپنے مسائل کے بارے میں اپنے قریبی عزیز، دوستوں یا ماہرین سے بات کرتے ہیں۔ ضرورت ہونے پر مدد حاصل کرنے اور ممکنہ حل کی جانب مثبت پیش قدمی کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ خود کو مرجھانے نہ دیں! آپ نہیں تو کچھ بھی نہیں! آپ خوش رہیں تو دُنیا آپ کے ساتھ ہنسے گی، رونے والوں کو یہ دُنیا تنہا چھوڑ دیتی ہے، خود کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے رہیں، اپنی جسمانی و ذہنی صحت کا بہت خیال رکھیں کہ جسم و ذہن کی تندرستی کا ہمارے احساسات اور جذبات پر گہرا اور مثبت اثر ہوتا ہے، عزیز و اقربا اور دوستوں سے خلوص و محبت کے رشتے استوار رکھیں تاکہ مشکل وقتوں میں وہ ہمارا سہارا اور دلاسہ بن سکیں۔ یاد رکھیں اللہ کی رحمت بندوں کی کوشش، اخلاص اور دعائیں کبھی ضائع نہیں ہونے دیتی۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK