Updated: November 17, 2026, 12:13 PM IST
|
Agency
| Madrid
نیشنز لیگ کے دلچسپ مقابلے میں ۱۰؍کھلاڑیوں کے باوجود فاتح ٹیم نے ہسپانوی ٹیم کو ۲؍کے مقابلے ۳؍گول سے ہرایا۔
انگلینڈ کے کھلاڑی۔ تصویر:پی ٹی آئی
انگلینڈ نے نیشنز لیگ فٹ بال مقابلے میں عالمی چمپئن اسپین کو ۲۔۳؍ سے شکست دے کر اس کا لگاتار ۴۳؍ میچوں سے چلا آ رہا ناقابلِ شکست سلسلہ ختم کر دیا۔ہیری کین نے ایک بار پھر گول کیا جبکہ ۱۰؍ کھلاڑیوں کیساتھ کھیلنے کے باوجود انگلینڈ نے شاندار فتح حاصل کی۔بیلون ڈی اورایوارڈ یافتہ ہیری کین نے ہاف ٹائم سے ٹھیک پہلے پنالٹی پر گول کرکے انگلینڈ کے لئے اپنا ریکارڈ ۹۳؍ واں گول اسکور کیا۔تھامس ٹوکیل کی زیرِ قیادت انگلینڈ کی ٹیم گروپ’ اے- ۳‘ میں سرِ فہرست ہے۔ دونوں ٹیمیں اس مقابلے سے پہلے ہی کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کر چکی تھیں۔
ڈفینڈر ایزری کونسا نے ۵۳؍ ویں منٹ میں ہیڈر کے ذریعے گول کرکے انگلینڈ کی برتری دوصفرکردی جبکہ کچھ ہی دیر بعد جوڈ بیلنگھم نے ڈیفنڈر بین وہائٹ کے لئے گول کا موقع بنایا اور انہوں نے ٹیم کو ۳۔صفرسے آگے کر دیا۔
مڈفیلڈر ایلیٹ اینڈرسن کو لامین یمال پر فاؤل کرنے کی پاداش میں ریڈ کارڈ دکھائے جانے کے بعد انگلینڈ کو۱۰؍ کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنا پڑا۔ اس کے بعد مکیل اویارزبال نے پنالٹی پر گول کرکے ہسپانوی ٹیم کا کھاتہ کھولا۔فارورڈ نیکو ولیمز نے یمال کے پاس پر ایک اور گول کرکے مقابلے کو انتہائی سنسنی خیز بنا دیا لیکن وہ اسپینکو شکست سے نہ بچا سکے۔اس فتح کے ساتھ ہی انگلینڈ نے یورو کپ ۲۰۲۴ء میں اسپین سے ملی شکست کا بدلہ بھی لیا۔قابل ذکر ہے کہ اسپین نے اسی سال فیفا ورلڈ کپ خطاب جیتا تھا جبکہ انگلینڈ تیسرے نمبر پر رہا تھا۔
گروپ’ اے ون‘ میں فرانس نے ترکی کو اس کے گھریلو میدان پر دوایک سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی جبکہ بلجیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اٹلی کو ۴۔ایک سے ہرا کر اگلے دور میں قدم رکھا۔ وہیںالبانیہ نے لیگ سی میں بیلاروس کو اس کے گھر میں دوصفرسے شکست دے کر اپنے گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کی اور لیگ ’بی‘ میں اپنی جگہ پکی کی۔ایک دیگر مقابلے میں فن لینڈ نے سان مارینو کو ۲۔۷؍سے شرمناک شکست دی۔ ایڈریان سوان بیک نے اس میچ میں ہیٹ ٹرک اسکور کی۔