• Tue, 17 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

فٹبال ٹورنامنٹ کے فائنل میں ہندوستان اور پاکستان کی ٹکر

Updated: November 17, 2026, 12:03 PM IST | Agency | Dhaka

سیف فٹبال چمپئن شپ کے فائنل میں ہندوستان کی نظریں ریکارڈ دسویں مرتبہ خطاب جیتنے پر مرکوز، ٹیم کے ہیڈ کوچ نوشاد موسیٰ کو کھلاڑیوں سے شاندار کارکردگی کی امید ۔

Indian Players.Photo:X
ہندوستانی کھلاڑی۔ تصویر:ایکس
دفاعی چمپئن ہندوستان منگل کو بنگلہ دیش کے نیشنل اسٹیڈیم میں فائنل میں پاکستان کا سامنا کرے گا۔ ہندوستانی ٹیم مسلسل تیسری بار سیف چمپئن شپ جیت کر تاریخ رقم کرنے کی کوشش کرے گی۔ہندوستانی فٹ بال ٹیم نے ریکارڈ ۹؍بار ۱۹۹۳،۱۹۹۷، ۱۹۹۹ ء ۲۰۰۵، ۲۰۰۹ء ، ۲۰۱۱، ۲۰۱۵ء، ۲۰۲۱ء اور۲۰۲۳ء میں خطاب جیتا ہے، لیکن وہ اب تک مسلسل ۳؍بار یہ چمپئن شپ نہیں جیت سکی ہے۔
دوسری جانب پاکستان پہلی بار سیف چمپئن شپ کے فائنل میں کھیلے گا۔ اس سے پہلے پاکستان ۴؍بار سیمی فائنل تک پہنچا تھا، جن میں آخری بار ۲۰۱۸ء میں سیمی فائنل کھیلا تھا۔ سنیچر کو  پاکستان نے سیمی فائنل میں میزبان بنگلہ دیش کو ایک صفرسے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔ 
 
 
سیف چمپئن شپ ۲۰۲۶ءمیں ہندوستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ نوشاد موسیٰ نے ایک بار پھر فائنل میں جگہ بنانے پر خوشی کا اظہار کیا اور اس کا سہرا کھلاڑیوں اور معاون عملے کی مشترکہ کوششوں کو دیا۔ انہوں نے کہا’’میں اب تک ٹیم کے سفر سے بہت خوش ہوں۔ ایک بار پھر فائنل میں پہنچنا کھلاڑیوں اور معاون عملے کی سخت محنت، لگن اور مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہے۔ اس دوران ہمیں مختلف مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، لیکن کھلاڑیوں نے اپنے حوصلے، ہمت اور مقابلہ کرنے کے مضبوط جذبے کا مظاہرہ کیا۔ ہر میچ ہمارے لئے سیکھنے اور اپنی کارکردگی بہتر بنانے کا موقع رہا ہے اور اب ہمیں ایک اور اہم قدم اٹھانا ہے۔‘‘منگل کو ہونے والا فائنل ۵؍ نومبر کو دونوں ٹیموں کے درمیان گروپ’ بی‘ میں کھیلے گئے مقابلے کا اعادہ ہوگا، جس میں ہندوستان نے پاکستان کو ۲۔۳؍سے شکست دی تھی۔
نوشاد موسیٰ نے کہا’’مجھے ایک بالکل مختلف مقابلے کی توقع ہے۔ پاکستان گروپ مرحلے میں ہمارے خلاف کھیلنے والی ٹیم سے کافی مختلف نظر آرہا ہے کیونکہ اس کے ساتھ کچھ نئے کھلاڑی شامل ہوگئے ہیں۔ فائنل ہمیشہ ایک الگ موقع ہوتا ہے اور دونوں ٹیمیں اسے مختلف سوچ کے ساتھ کھیلیں گی۔ پاکستان نے ہمارے پہلے مقابلے کا تجزیہ کیا ہوگا اور ہمیں امید ہے کہ وہ پوری تیاری اور مضبوط حوصلے کے ساتھ میدان میں اترے گا۔ ہم اس کی صلاحیتوں اور طاقت کا احترام کرتے ہیں، لیکن ہماری توجہ اپنی ٹیم پر رہے گی۔ ہمیں اپنے کھیل کے منصوبے پر عمل کرنا، نظم و ضبط برقرار رکھنا اور اہم مواقع پر درست فیصلے کرنا ہوں گے۔‘‘
 
 
سیمی فائنل اور فائنل کے درمیان صرف ۲؍ دن کا وقفہ ہونے کی وجہ سے کھلاڑیوں کی تھکن دور کرنے اور تیاری پر ہندوستان کی خصوصی توجہ رہی ہے۔ نوشاد موسیٰ نے کہا کہ کوچنگ عملہ کھلاڑیوں کی جسمانی محنت اور کھیل کے بوجھ کو مناسب طریقے سے سنبھال رہا ہے اور اس بات کو بھی یقینی بنا رہا ہے کہ فیصلہ کن مقابلے سے پہلے پوری ٹیم کی توجہ برقرار رہے-پورے ٹورنامنٹ میں ٹیم کی کارکردگی کے بارے میں بات کرتے ہوئے ٹیم انڈیا کے ہیڈ نوشاد موسیٰ نے کہا’’ٹیم کی سب سے بڑی خوبیوں میں سے ایک اس کا لڑنے کا جذبہ، حملہ کرنے کا ارادہ اور مشکل حالات میں مقابلہ کرنے کی صلاحیت رہی ہے۔ ہم نے کئی کھلاڑیوں کی انفرادی طور پر اچھی کارکردگی بھی دیکھی ہے اور اس سے زیادہ اہم بات یہ ہے کہ تمام کھلاڑیوں نے ایک دوسرے کے لئے مل کر کام کرنے کا جذبہ دکھایا ہے۔ اس کے ساتھ ہی کچھ ایسے شعبے بھی ہیں جن میں ہمیں بہتری لانے کی ضرورت ہے، خاص طور پر دفاعی حکمت عملی، پورے ۹۰؍منٹ تک توجہ برقرار رکھنا اور اہم مواقع پر درست فیصلے کرنا۔ فائنل میں چھوٹی چھوٹی باتیں بھی بڑا فرق پیدا کرسکتی ہیں۔ ہمیں اپنے مواقع سے فائدہ اٹھانے میں زیادہ مستقل مزاجی، نظم و ضبط اور مہارت کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK