• Wed, 26 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

فلم ’’مایا سبھا ‘‘کا پہلا موشن ٹیزر ریلیز

Updated: November 26, 2025, 7:09 PM IST | Mumbai

فلم’’ تُمباڈ‘‘ کے ڈائریکٹر راہی انل بروے کی دوسری فلم ’’مایا سبھا‘‘ کا پہلا موشن ٹیزر ریلیز کر دیا گیا ہے۔ مایا سبھا بروے کی تجربے ،ترقی اور تعمیر نو کے تقریباً ایک دہائی طویل تخلیقی سفر سے ان کی واپسی کی نشاندہی کرتا ہے ۔

Javed Jaffrey In Mayasabha.Photo:INN
فلم مایا سبھا میں جاوید جعفری۔ تصویر:آئی این این

 فلم تُمباڈ کے ڈائریکٹر راہی انل بروے کی دوسری فلم مایا سبھا کا پہلا موشن ٹیزر ریلیز کر دیا گیا ہے۔ مایا سبھا بروے کی تجربے ،ترقی اور تعمیر نو کے تقریباً ایک دہائی طویل تخلیقی سفر سے ان کی واپسی کی نشاندہی کرتا ہے۔ ایک ایسا سفر جس نے اس فلم کی مخصوص زبان ، لہجہ اور شکل کو جنم دیا ہے ۔
فلم مایا سبھا نہ تو تُمباڈ جیسی ہے اور نہ ہی کسی بھی دوسری فلم جیسی جسے آپ نے پہلے کبھی دیکھا ہو۔ مایا سبھا میں ناظرین اور چاروں کردار ایک ساتھ اپنے سفر کا آغاز کرتے ہیں۔ جیسے جیسے کہانی آگے بڑھتی ہے، کرداروں کے ذریعے ہونے والے انکشافات اور ناظرین کے تجربے میں آنے والے انکشافات ایک دوسرے سے الگ ہوتے جاتے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے:جنوبی افریقہ کی تاریخی کامیابی، ہندوستان کو ٹیسٹ سیریز میں کلین سویپ

کرداروں کو جو دھچکے لگتے ہیں، وہ کہانی کے اندر ان کی اپنی تلاش سے پیدا ہوتے ہیں۔ ناظرین کو وہ سچائیاں ہلاکر رکھ دیتی ہیں جنہیں کردار خود بھی نہیں دیکھ پاتے۔ اس کے باوجود فلم ناظرین کو الگ تھلگ نہیں کرتی، بلکہ اس بات کو یقینی بناتی ہے کہ ناظرین کا جذباتی رشتہ مسلسل کرداروں سے بنا رہےاور شاید سب سے منفرد اور جوکھم بھرا قدم فلم کے کلائمیکس میں ہے، جہاں بروے روایتی مسٹری تھرلرز کے تقریباً ہر قائم شدہ اصول کو توڑتے ہوئے ایک بالکل نیا، انوکھا راستہ اختیار کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے:پاکستان: عمران خان کہاں ہیں؟ بہنوں کا جیل کے باہر حملے کا الزام، سابق کرکٹر کی موت کی افواہیں

راہی انل بروے کی ہدایت کاری میں بنی مایا سبھا ان کی پہلی اور پسند کی گئی فلم تُمباڈ کے بعد ان کی بے حد منتظر واپسی ہے۔ ماحول سازی کی اپنی منفرد فلمی زبان کے لیے مشہور بروے ایک بار پھر اس فلم میں افسانوی، راز اور نفسیاتی گہرائی کو یکجا کرتے ہیں- ایک ایسے ورچوئل یونیورس کی تخلیق کرتے ہوئے جو فلاسفی، ڈیٹیل اور ٹینشن سے بھرا ہے۔ ان کا انداز مزید پختہ ہوتا گیا ہے۔ پہلے سے زیادہ تیز، زیادہ گہرا اور زیادہ ڈوبا دینے والا۔
مایا سبھا زرکون فلمز کے بینر تلے تیار کی گئی ہے۔ اسے پروڈیوسر گِریش پٹیل اور انکور جے سنگھ نے پروڈیوس کیا ہے، جبکہ کو پروڈیوسر شام راؤ بھگوان یادو، چندا شام راؤ یادو، کیول ہانڈا اور منیش ہانڈا ہیں۔ یہ فلم آئندہ سال کی سب سے منفرد اور پراسرار سنیما تجربوں میں سے ایک بننے کی جانب بڑھ رہی ہے۔ فلم مایا سبھا ۱۶؍ جنوری۲۰۲۶ء کو سنیما گھروں میں ریلیز ہوگی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK