• Tue, 24 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان کی صحت تشویشناک، ذاتی معالج نے خبردار کیا

Updated: November 24, 2026, 1:08 PM IST | Agency | Islamabad

پاکستان کے جیل میں بند سابق وزیر اعظم عمران خان کے دل اور دیگر اہم اعضا کو ممکنہ ناقابل تلافی نقصان سے بچانے کیلئے ضروری ہے کہ آئندہ چند دنوں کے اندر کسی ماہر ڈاکٹر سے ان کا معائنہ کرایا جائے۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

پاکستان کے جیل میں بند سابق وزیر اعظم عمران خان کے دل اور دیگر اہم اعضا کو ممکنہ ناقابل تلافی نقصان سے بچانے کیلئے ضروری ہے کہ آئندہ چند دنوں کے اندر کسی ماہر ڈاکٹر سے ان کا معائنہ کرایا جائے۔ ان کے ذاتی معالج نے یہ انتباہ دیا ہے۔جیل میں ان کی صحت کے حوالے سے بڑھتی ہوئی تشویش کے درمیان، گزشتہ۳۰؍ برس سے عمران خان کا علاج کر رہے ڈاکٹر فیصل سلطان نے پاکستانی حکام سے اپیل کی ہے کہ سابق وزیر اعظم کو فوری طور پر کسی ماہر ڈاکٹر سے مشورہ کرنے کی اجازت دی جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ مسلسل ہائی بلڈ پریشر کا علاج نہ ہونے کی صورت میں سنگین نتائج سامنے آسکتے ہیں۔’دی ٹیلی گراف‘ سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر سلطان نے کہا کہ عمران خان کا بغیر کسی تاخیر کے گردوں یا دل کے ماہر ڈاکٹر سے معائنہ کرایا جانا چاہئے۔

انہوں نے کہاکہ اگر میرے پاس ایسا مریض ہوتا جس کا بلڈ پریشر اس حد تک بڑھا ہوا ہوتا تو میں اسے جلد از جلد، آج یا کل کسی اچھے ماہر امراض گردہ یا ماہر امراض قلب کے پاس بھیجتا۔ چند دنوں کے اندر بلڈ پریشر کو کم کرنا ضروری ہے۔

یہ بھی پڑھئے: جنوبی کوریا: امتحان میں نقل کرنے والوں کو پکڑنے کا نایاب نسخہ، فون پرہنگامی الرٹ

۷۴؍ سالہ عمران خان بدعنوانی کے مقدمات میں گرفتاری کے بعد اگست۲۰۲۳ء  سے راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں بند ہیں۔ وہ ان الزامات کی تردید کرتے رہے ہیں۔ ڈاکٹر سلطان نے خبردار کیا کہ طویل عرصے تک ہائی بلڈ پریشر رہنے سے دل، گردوں اور آنکھوں سمیت کئی اہم اعضا متاثر ہوسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ حقیقت یہ ہے کہ مسلسل ہائی بلڈ پریشر سے گردوں کی کارکردگی اور خود دل متاثر ہونے کا خطرہ رہتا ہے۔ دل کو زیادہ دباؤ کے خلاف کام کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلسل بلند فشار خون سے آنکھ کے پردے کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے۔یہ انتباہ عمران خان کی جانب سے پاکستان کے اعلیٰ عدالتی حکام سے فوری مداخلت کی اپیل کے چند روز بعد سامنے آیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی صحت بگڑ رہی ہے اور ان کے طبی علاج سے متعلق عدالت کی سابقہ ہدایات پر عمل نہیں کیا گیا ہے۔

۱۶؍ نومبر کو منظر عام پر آنے والے ایک کھلے خط میں عمران خان نے کہا تھا کہ ان کی حالت اس مرحلے پر پہنچ چکی ہے کہ انہیں خدشہ ہے کہ فوری طبی امداد نہ ملنے کی صورت میں وہ زندہ نہیں بچ پائیں گے۔انہوں نے لکھاکہ۷۴؍ سال کی عمر میں یہ مسلسل ناقابل برداشت صورت حال مجھے ایسی حالت میں پہنچا رہی ہے جہاں سے شاید میں زندہ واپس نہ آسکوں۔اطلاعات کے مطابق، عمران خان نے کہا تھا کہ ڈاکٹروں نے انہیں خبردار کیا ہے کہ انہیں دماغ کی شریان پھٹنے اور دل کا دورہ پڑنے کا شدید خطرہ ہے۔ انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا تھا کہ۱۰؍ نومبر کو ان کا بلڈ پریشر۱۹۲؍ اور۱۹۳؍ تک پہنچ گیا تھا۔خط میں انہوں نے اپنی بگڑتی ہوئی صحت کی ایک وجہ طویل عرصے سے تنہائی میں قید رکھے جانے اور مناسب طبی سہولیات تک رسائی نہ ہونے کو بھی قرار دیا۔ ان کا الزام تھا کہ۲۰؍ دسمبر ۲۰۲۵ء سے انہیں روزانہ۲۲؍ گھنٹے تک تنہائی میں رکھا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK