• Tue, 24 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بنگلہ دیش: شیخ حسینہ کے ملک واپسی میں سہولت کے مطالبے پر سخت ردعمل

Updated: November 24, 2026, 7:03 PM IST | Dhaka

بنگلہ دیش نے شیخ حسینہ کی واپسی میں سہولت کے مطابلے پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہتھکڑیوں میں قیدی بن کر آنا ہوگا،شیخ حسینہ۵؍ اگست۲۰۲۴ء کو عوامی بغاوت کے بعد ہندوستان فرار ہو گئی تھیں۔

Bangladesh Former Prime Minister Sheikh Hasina . Photo: INN
بنگلہ دیش کی سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ۔ تصویر: آئی این این

بنگلہ دیش نے منگل کو معزول سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کے ہندوستان سے واپسی پر سرکاری سہولت کے مطالبے کو سختی سے مسترد کر دیا۔ واضح رہے کہ شیخ حسینہ۵؍ اگست۲۰۲۴ء کو عوامی بغاوت کے بعد ہندوستان فرار ہو گئی تھیں۔وزیر مملکت برائے امور خارجہ ہمایوں کبیر نے ڈھاکہ میں صحافیوں سے گفتگو میں کہا، ’’اگر وہ واپس آئیں تو انہیں ہتھکڑیوں میں قیدی بن کر آنا ہوگا۔‘‘دراصل وہ شیخ حسینہ کی۱۶؍ دسمبر کو وطن واپس آنے کی مبینہ خواہش پر ردعمل کا اظہار کررہے تھے۔۱۶؍ دسمبر بنگلہ دیش کا یوم فتح ہے۔جبکہ حسینہ کے سابق وزیر مملکت برائے اطلاعات محمد علی عرفات نے خبر رساں ادارے  اناطولو کو اس پیش رفت کی تصدیق کی۔ انہوں نے کہا، ’’جی ہاں، انہوں نے تاریخ طے کر لی ہے۔ اب بنگلہ دیش کی موجودہ انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان کی واپسی میں سہولت فراہم کرے۔‘‘ 

یہ بھی پڑھئے: ڈیموکریٹس کو امریکی ایوان نمائندگان میں۱۹۹۲ء کے بعد تاریخی اکثریت حاصل

بعد ازاں ہمایوں کبیر نے ڈھاکہ میں غیر ملکی سفارت کاروں کو شیخ حسینہ کی ممکنہ واپسی سے قبل ان کے حامیوں کے مبینہ ’’پرتشدد احتجاج‘‘ اور ’’دہشت گردانہ سرگرمیوں‘‘ کے بارے میں بھی اطلاعات فراہم کیں۔ انہوں نے کہا، ’’یہاں کے لوگ صرف ایک دہشت گردی کو جانتے ہیں اور وہ دہلی سے حسینہ کی سرپرستی میں ہونے والی عوامی دہشت گردی ہے۔‘‘ ان کا اشارہ معزول وزیر اعظم کی جماعت عوامی لیگ کی طرف تھا۔
دوسری جانب ڈھاکہ میں قائم بین الاقوامی جرائم ٹریبونل کے چیف پراسیکیوٹر محمد امین الاسلام نے حسینہ کے مطالبے کو ’’مضحکہ خیز‘‘ قرار دیا۔انہوں نے صحافیوں سے کہا، ’’شیخ حسینہ ایک مفرور اور سزا یافتہ فرد ہیں جو فرار ہیں۔ یہ مضحکہ خیز ہے کہ وہ بنگلہ دیش حکومت سے ہوائی جہاز مانگ رہی ہیں۔ دنیا بھر میں یہ انتہائی غیر معمولی ہے کہ کوئی مفرور کے لیے ہوائی جہاز کی درخواست کرے۔ ایسا مطالبہ مکمل طور پر ناقابل قبول ہے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: پاکستان: بلوچستان میں میڈیا دفاتر کی بندش اور برطرفیوں کے خلاف صحافیوں کا احتجاج

یہ پہلی بار ہے کہ شیخ حسینہ نے۵؍ اگست۲۰۲۴ء کو ہندوستان فرار ہونے کے بعد سے واپسی کے لیے کوئی مخصوص تاریخ مقرر کی ہے، جس بغاوت نے ان کے۱۵؍ سالہ اقتدار کا خاتمہ کر دیا تھا۔ دریں اثناء بنگلہ دیش نے دونوں ممالک کے موجودہ حوالگی کے معاہدے کے تحت ہندوستان سے حسینہ کی حوالگی کا مطالبہ کر رکھا ہے۔جبکہ یہ اعلان سیاسی کشیدگی اور پرتشدد واقعات کے سلسلے کے درمیان سامنے آیا ہے، جو اس ماہ کے آغاز میں حسینہ کے نئے پاسپورٹ اور دیگر دستاویزات مانگنے کے بعد سے جاری ہیں۔تاہم حسینہ کی جماعت عوامی لیگ پر بنگلہ دیش میں سیاسی سرگرمیوں پر پابندی برقرار ہے۔یاد رہے کہ نومبر۲۰۲۵ء میں حسینہ کو۲۰۲۴ء کی بغاوت کے دوران انسانیت کے خلاف جرائم کے الزام میں غیر حاضری میں موت کی سزا سنائی گئی تھی۔
بنگلہ دیش۱۶؍ دسمبر کو یوم فتح مناتا ہے، جو۱۹۷۱ء میں پاکستانی افواج کے ہتھیار ڈالنے کی یاد میں منایا جاتا ہے، جس نے نو ماہ کی جنگ آزادی کا خاتمہ کیا اور ملک کی آزادی کی راہ ہموار کی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK