• Tue, 24 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

چوری شدہ ڈجیٹل کرنسی کا سراغ، امریکی حکام کی بڑی کارروائی

Updated: November 24, 2026, 7:05 PM IST | New York

امریکی حکام نے ڈجیٹل کرنسی کی تاریخ کی بڑی چوری کے معاملے میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے ایک ارب ڈالر سے زائد مالیت کے چوری شدہ کرپٹو اثاثوں کو واپس حاصل کرنے کے لیے بڑی قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔

Digital Currency.Photo:INN
ڈجیٹل کرنسی۔ تصویر:آئی این این

امریکی حکام نے ڈجیٹل کرنسی کی تاریخ کی بڑی چوری کے معاملے میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے ایک ارب ڈالر سے زائد مالیت کے چوری شدہ کرپٹو اثاثوں کو واپس حاصل کرنے کے لیے بڑی قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔ امریکی محکمہ انصاف   نے شمالی کوریا سے وابستہ سائبر ہیکرز کی جانب سے دنیا کے بڑے کرپٹو کرنسی ایکسچینج بائنانس (Binance) سے چرائی گئی ڈجیٹل کرنسی کے سلسلے میں ۱ء۱؍ ارب ڈالر سے زائد مالیت کے اثاثوں کو ضبط کرنے کے لیے سول فورفیچر  کی کارروائی دائر کی ہے۔امریکی محکمہ انصاف کے مطابق یہ کارروائی ۲۳ نومبر ۲۰۲۶ء کو کی گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ ہیکرز نے اکتوبر میں بائنانس کے خلاف سائبر حملہ کرکے ۶؍ ارب ڈالر سے زائد مالیت کے ڈجیٹل اثاثے چرائے تھے۔ اس کے بعد امریکی تحقیقاتی اداروں اور نجی شعبے کی کمپنیوں نے مشترکہ کوششوں کے ذریعے چوری شدہ کرپٹو کرنسی کا سراغ لگایا اور بڑی مقدار میں اثاثوں کو منجمد کرنے میں کامیابی حاصل کی۔
اس معاملے کی ابتدا ۲۹ ؍اکتوبر ۲۰۲۶ء کو ہوئی، جب ہیکرز نے بائنانس کے ڈجیٹل اثاثوں کو نشانہ بنایا اور تقریباً ۶؍ارب ڈالر سے زائد مالیت کی کرپٹو کرنسی چوری کرلی۔ امریکی تحقیقاتی اداروں نے اس سائبر حملے کا الزام شمالی کوریا سے وابستہ ہیکنگ گروپ ’’ٹریڈر ٹریٹر‘‘ پر عائد کیا ہے۔امریکی وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی  کے مطابق اس گروپ کا تعلق شمالی کوریا کے سائبر آپریشنز سے ہے اور اس پر پہلے بھی مختلف کرپٹو کرنسی پلیٹ فارمز اور مالیاتی اداروں کو نشانہ بنانے کے الزامات عائد ہوتے رہے ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ ہیکرز نے چوری شدہ ڈجیٹل اثاثوں کو مختلف کرپٹو کرنسی والٹس، ایکسچینجز اور دیگر ڈجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے منتقل کرنے کی کوشش کی، تاکہ ان کی اصل شناخت اور ملکیت چھپائی جاسکے۔

یہ بھی پڑھئے:سلمان خان نے فلم ’’ماتربھومی‘‘ کے گانے ’’تیری سیکسی بیوٹی‘‘ کا دفاع کردیا

امریکی محکمہ انصاف نے عدالت میں دائر سول فورفیچر کی کارروائی کے ذریعے ایک ارب ۱۰؍ کروڑ ڈالر سے زائد مالیت کے یو ایس ڈی سی  ڈجیٹل اثاثوں کو ضبط کرنے کی درخواست کی ہے۔ یو ایس ڈی سی ایک اسٹیبل کوائن   ہے، جس کی قدر امریکی ڈالر کے برابر رکھنے کے لیے ڈیزائن کی گئی ہے۔حکام کے مطابق یہ اثاثے بائنانس سے چوری کی گئی کرپٹو کرنسی سے حاصل کیے گئے تھے یا ان کی منتقلی اور لانڈرنگ کے ذریعے تیار ہوئے تھے۔ امریکی حکومت اس قانونی کارروائی کے ذریعے ان اثاثوں پر مستقل قانونی اختیار حاصل کرنا چاہتی ہے، تاکہ انہیں متاثرہ فریقوں کے مفادات کے تحفظ کے لیے استعمال کیا جاسکے۔امریکی محکمہ انصاف نے بتایا کہ بائنانس سے چوری کے واقعہ کے بعد سے امریکی حکومت اور نجی شعبے کے شراکت داروں کی مشترکہ کوششوں کے نتیجے میں اب تک تقریباً ۲ء۹؍ ارب ڈالر سے زائد مالیت کی کرپٹو کرنسی کو منجمد، ضبط یا واپس کرنے میں مدد ملی ہے۔
اس بڑے سائبر کرائم کی تحقیقات میں ایف بی آئی، امریکی سیکریٹ سروس اور انٹرنل ریونیو سروس کے کرمنل انویسٹی گیشن ڈویژن سمیت متعدد ادارے شامل ہیں۔تحقیقاتی ایجنسیاں بلاک چین ٹیکنالوجی کی مدد سے مشتبہ ڈجیٹل والٹس اور کرپٹو کرنسی کی منتقلی کا جائزہ لے رہی ہیں۔ اس کے علاوہ کرپٹو ایکسچینجز اور مالیاتی خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں کے ساتھ معلومات کا تبادلہ بھی کیا جارہا ہے۔حکام کے مطابق ہیکرز نے چوری شدہ رقم کو چھپانے کے لیے کرپٹو کرنسی برج، مکسنگ سروسز اور مختلف ایکسچینجز کا استعمال کیا۔ ان طریقوں کے ذریعے ایک بلاک چین سے دوسرے بلاک چین پر رقم منتقل کرکے اس کے اصل ماخذ کا سراغ لگانا مشکل بنانے کی کوشش کی جاتی ہے۔امریکی حکام نے کرپٹو کرنسی فراہم کرنے والی کمپنیوں کو مشتبہ ڈجیٹل والٹس سے منسلک لین دین کی نشاندہی کرنے اور ایسی منتقلیوں کو روکنے کی ہدایت بھی دی ہے۔

یہ بھی پڑھئے:یانک سنر کا ۲۰۲۷ء کے آسٹریلین اوپن سے باہر ہونا تقریباً طے

امریکی محکمہ انصاف نے اسی دوران شمالی کوریا سے منسلک ایک دوسرے سائبر فراڈ نیٹ ورک ’’فیس اسٹیلر‘‘  کے خلاف بھی کارروائی کا اعلان کیا ہے۔ اس گروہ پر گزشتہ ۱۸؍ ماہ کے دوران ۴۰ ؍کروڑ ڈالر سے زائد مالیت کی کرپٹو کرنسی چرانے کا الزام ہے۔تحقیقاتی اداروں کے مطابق اس گروہ نے مصنوعی ذہانت (اےآئی)، ڈیپ فیک ویڈیوز اور جعلی ویڈیو کالز کا استعمال کرتے ہوئے کرپٹو کرنسی کے سرمایہ کاروں، تاجروں اور سافٹ ویئر ڈیولپرز کو نشانہ بنایا۔ہیکرز پہلے کسی شخص کے مواصلاتی اکاؤنٹ تک غیر قانونی رسائی حاصل کرتے اور پھر اس کے جاننے والوں کو ویڈیو میٹنگ میں مدعو کرتے تھے۔ ان ملاقاتوں میں کسی قابل اعتماد شخص کی پہلے سے ریکارڈ شدہ ویڈیو یا مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ جعلی ویڈیو دکھائی جاتی تھی۔اس کے بعد متاثرہ شخص کو بتایا جاتا کہ ویڈیو کال میں تکنیکی خرابی پیدا ہوگئی ہے اور اسے درست کرنے کے لیے ایک لنک پر کلک کرنا ہوگا یا مخصوص سافٹ ویئر انسٹال کرنا ہوگا۔ لیکن حقیقت میں اس عمل کے ذریعے متاثرہ شخص کے کمپیوٹر میں نقصان دہ سافٹ ویئر (Malware) داخل کردیا جاتا تھا، جس سے ہیکرز کو اس کے کمپیوٹر اور ڈجیٹل اثاثوں تک رسائی حاصل ہوجاتی تھی۔ایف بی آئی نے اس کارروائی کے دوران فیس اسٹیلر نیٹ ورک سے متعلق ۹۰۰ سے زائد ویب کیم ویڈیوز بھی ضبط کی ہیں۔ امریکی حکام نے اس نیٹ ورک کے زیر استعمال کلاؤڈ انفرااسٹرکچر کو بھی نشانہ بنایا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK