Inquilab Logo

پرینکاچوپڑہ سےعالیہ بھٹ تک،بالی ووڈ کی کئی اداکاراؤں نےہالی ووڈ میں اپنی صلاحیتوں کامظاہرہ کیاہے

Updated: August 27, 2023, 1:59 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai

ہندوستان ایک بڑی مارکیٹ ہے، خواہ وہ خوردنی اشیا کی بات ہو یا پھر فلم اور فیشن کا معاملہ ہو۔یہی سبب ہے کہ ہر معاملے میں ہندوستانی بازار کا خاص خیال رکھا جاتا ہے۔

Priyanka Chopra series Quantico scene. Photo. INN
ہالی ووڈ کی’کوانٹیکو سیریز‘ میں بالی ووڈ کی فنکار پرینکا چوپڑہ کا جلوہ ۔ تصویر:آئی این این

ہندوستان ایک بڑی مارکیٹ ہے، خواہ وہ خوردنی اشیا کی بات ہو یا پھر فلم اور فیشن کا معاملہ ہو۔یہی سبب ہے کہ ہر معاملے میں ہندوستانی بازار کا خاص خیال رکھا جاتا ہے۔ مس ورلڈ اور مس یونیورس میں ملنے والی مسلسل کامیابیوں کی بات ہو یا پھرہالی ووڈ کی فلموں میں بالی ووڈ فنکاروں کی شمولیت، ان کو اسی زاویے سے دیکھا جاتا ہے۔
 اگر ہم فلموں کی بات کریں تو حالیہ کچھ برسوں میں ہندوستان کے کئی فنکاروں بالخصوص اداکاراؤں نے ہالی ووڈ کی فلموں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ ان میں پرینکا چوپڑہ کا نام سرفہرست ہے جنہوں نے ایک طرح سے بالی ووڈ کو خیرباد کہہ کر پوری طرح سے ہالی ووڈ کو اپنا لیا ہے۔ لیکن ان سے بہت پہلے یعنی چار دہائیاں قبل پرسس کھمباٹا نے پہلی مرتبہ ہالی ووڈ میں اداکاری کی تھی۔انہوں نے ۱۹۷۹ء میں دی موشن پکچرز کی’اسٹار ٹریک‘ میں لیفٹیننٹ لیلا کا کردار ادا کرکے شہرت حاصل کی تھی۔ تب سے لے کر اب تک ایک درجن کے قریب اداکارائیں ہالی ووڈ میں اپنی اداکاری کے جوہر بنا چکی ہیں ۔
 بالی ووڈ کےفنکاروں میں صف اول میں جگہ بنانے کے بعد پرینکا چوپڑہ نے ہالی ووڈ کا رخ کیا اور وہاں بھی وہ پوری طرح سے کامیاب رہیں ۔ اِس وقت وہ وہاں کا ایک بڑا نام بن چکی ہیں ۔ ان کی پہلے’ کوانٹیکو سیریز‘ آئی، پھر ’دی وائٹ ٹائیگر، `بے واچ، `اے کڈ لائک جیک اور `پنک پینتھر‘جیسی کئی فلموں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ اس کے بعد’ورلڈ آف کیلم، `اٹس مائی سٹی اور `سپرسول‘ جیسے ہالی ووڈ شوز بھی آئے۔ حال ہی میں ان کی فلم’لو اگین‘ ریلیز ہوئی ہے۔ کچھ دنوں قبل وہ اپنی فلم ’سیٹاڈیل‘ کی تشہیر کے موقع پر ہندوستان آئی تھیں ۔اس موقع پر انہوں نے فلم شائقین اور اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہالی ووڈ میں جگہ بنانے کیلئے انہیں بہت پاپڑ بیلنے پڑے ہیں ۔اس موقع پر انہوں نے کہا تھا کہ وہ گزشتہ ۱۰؍ سال سے ہالی ووڈ میں جدوجہد کرتی رہی ہیں ۔ اب کہیں جاکر ہالی ووڈ نے اُن پر بھروسہ کرنا شروع کیا ہے۔ اسی کے ساتھ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’’اچھی بات یہ رہی کہ اس دوران مجھے کبھی ’سائڈ لائن‘ نہیں کیا گیا۔ یہ ظاہر کرتا ہے کہ اُن کا رویہ اب ہم بالی ووڈ والوں کے تئیں تیزی سے بدل رہا ہے۔‘‘
 ان کی بات میں سچائی ہے۔یہی سبب ہے کہ اب دپیکا پڈوکون اور عالیہ بھٹ کو بھی ہالی ووڈ میں ہاتھوں ہاتھ لیا جا رہا ہے۔فلم ’پٹھان‘ کے بعد بالی ووڈ کی رینکنگ میں صف اول پر پہنچ چکی دپیکا پڈوکون کا ہالی ووڈ میں بھی بڑا نام ہے۔ انہوں نے ہالی ووڈ کے سپراسٹار ’ون ڈیزل‘ کے مقابل ایکشن تھرلر’ایکس ایکس ایکس: ریٹرن آف زینڈر کیز‘ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ وہ کہتی ہیں کہ ’’میں کسی فلم کو اس نقطہ نظر سے نہیں جانچتی کہ وہ ہندوستانی ہے یا غیر ملکی بلکہمیں اسے صرف اپنے فن کو پیش کرنے کے ایک ذریعہ کے طور پر دیکھتی ہوں ۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’اگر مجھے ہندوستان سے باہر ایسا کرنے کا موقع ملتا ہے تو یہ میرے لئے خوشی کی بات ہے، وہ خواہ ہالی ووڈ ہو یا پھرکسی اور ملک کی زبان میں ہو۔‘‘
 پرینکا اور دپیکا کی طرح عالیہ بھٹ بھی ہالی ووڈ میں داخل ہوچکی ہیں ۔ وہ نیٹ فلکس کے ’ہارٹ آف اسٹون‘ کا ایک حصہ ہیں جس کی ہدایت کاری برطانوی فلمساز ٹام ہارپر کررہے ہیں ۔اسی طرح جیک لین فرنانڈیزبھی ہالی ووڈ پہنچ چکی ہیں ۔حال ہی میں انہوں نے’ٹیل اَٹ لائک اے ویمن‘ میں اپنے ہالی ووڈ میں داخل ہونے کا اعلان کرتے ہوئے پوسٹر جاری کیا ہے۔اس فلم میں ان کے ساتھ جینیفر ہڈسن، تراجی پی ہینسن اور کارا ڈیلیونگنے جیسے فنکار بھی ہوں گے۔ 
  صرف بالی ووڈ ہی نہیں بلکہ جنوبی ہند کی فلموں کی اداکارائیں بھی ہالی ووڈ کے دروازے پر دستک دے رہی ہیں ۔ اس سلسلے میں وہاں کی سپرہٹ اداکارہ ’سمانتھا پربھو‘ کا نام سامنے آیا ہے۔وہ فلم ’ارینج مینٹس آف لو‘ کے ذریعہ ہالی ووڈ میں داخل ہورہی ہیں ۔ فلپ جان کی فلم میں سمانتھا پربھو جاسوسی ایجنسی چلانے والی ایک تامل خاتون کا کردار ادا کریں گی۔علاوہ ازیں حال ہی میں انل کپور کی ویب سیریز ’نائٹ منیجر‘ میں نظر آنے والی شوبھیتا دھولی پالا بھی اپنے ہالی ووڈ میں داخلے کے حوالے سے موضوع بحث ہیں ۔وہ دیو پٹیل کی ہدایت کاری میں بننے والی ایکشن تھرلر فلم’منکی مین‘ سے ہالی ووڈ میں اپنے سفر کا آغاز کریں گی۔ یہ فہرست یہیں ختم نہیں ہو رہی ہے بلکہ یہ بہت طویل ہے اور اس میں لگاتار اضافہ بھی ہوتا جارہا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK