بالی ووڈ میں کچھ شخصیات ایسی ہیں جن کی شناخت کسی مشہور اداکار یا فن کار کے ساتھ جڑی ہوتی ہے، لیکن وقت کے ساتھ وہ اپنی ایک الگ پہچان قائم کرلیتی ہیں۔ گوری خان بھی ایسی ہی شخصیت ہیں۔ بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان کی اہلیہ کے طور پر گوری خان کا نام پوری دنیا میں مشہور ہے، لیکن ان کی اپنی کامیابیوں کی فہرست بھی خاصی طویل ہے۔
گوری خان کی سربراہی میں کئی فلمیں بنی ہیں۔ تصویر: آئی این این
بالی ووڈ میں کچھ شخصیات ایسی ہیں جن کی شناخت کسی مشہور اداکار یا فن کار کے ساتھ جڑی ہوتی ہے، لیکن وقت کے ساتھ وہ اپنی ایک الگ پہچان قائم کرلیتی ہیں۔ گوری خان بھی ایسی ہی شخصیت ہیں۔ بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان کی اہلیہ کے طور پر گوری خان کا نام پوری دنیا میں مشہور ہے، لیکن ان کی اپنی کامیابیوں کی فہرست بھی خاصی طویل ہے۔ وہ فلم پروڈیوسر ہونے کے ساتھ ساتھ معروف انٹیریئر ڈیزائنر اور کاروباری شخصیت ہیں۔ فلمی دنیا میں پروڈکشن سے لے کر گھروں، دفاتر اور ریسٹورنٹس کی تزئین و آرائش تک، گوری خان نے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو مختلف شعبوں میں استعمال کیا ہے۔
گوری خان کا اصل نام گوری چھبر ہے۔ ان کی پیدائش۸؍ اکتوبر ۱۹۷۰ءکونئی دہلی میں ہوئی۔ ان کی ابتدائی زندگی دہلی میں گزری اور انہوں نے اعلیٰ تعلیم بھی وہیں حاصل کی۔انہوں نےلیڈی شری رام کالج سے تاریخ میں گریجویشن کیا۔ فیشن اور ڈیزائن میں بھی ان کی دلچسپی شروع سے رہی اور انہوں نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف فیشن ٹیکنالوجی سے فیشن ڈیزائن کا کورس کیا۔ ان کے والد کا گارمنٹس سے کاروباری تعلق تھا، جس کی وجہ سے کپڑوں اور ڈیزائن کے شعبے سے ان کی واقفیت بھی کم عمری سے ہوئی۔گوری کی شخصیت میں تخلیقی رجحان ابتدا ہی سے موجود تھا۔ بعد میں یہی دلچسپی ان کے لیے محض شوق نہیں رہی بلکہ ایک مستقل پیشہ بن گئی۔
یہ بھی پڑھئے:ایمی ایوارڈز ۲۰۲۷ء سے پرائم ویڈیو پر، روایتی ٹی وی نشریات کا خاتمہ
گوری خان کی زندگی کا ایک اہم باب شاہ رخ خان سے ان کی ملاقات اور پھر شادی ہے۔ دونوں کی ملاقات دہلی میں اس وقت ہوئی جب شاہ رخ خان ابھی فلمی دنیامیں اپنا مقام بنانے کی جدوجہد کر رہے تھے۔ دونوں نے ۲۵؍ اکتوبر۱۹۹۱ءکو شادی کی۔ اس وقت شاہ رخ خان بالی ووڈ کےسپر اسٹار نہیں تھے،ان کے فلمی کریئر کی اصل کامیابی ابھی آنے والی تھی۔شادی کے بعد دونوں ممبئی منتقل ہوئے اور پھرشاہ رخ خان نے فلمی دنیا میں اپنی جگہ بنانی شروع کی۔ شاہ رخ کی کامیابی کے ساتھ گوری بھی آہستہ آہستہ فلمی اور کاروباری دنیا میں اپنی الگ راہ بناتی گئیں۔
گوری خان کے انٹیریئر ڈیزائننگ کے سفر کی سب سے دلچسپ بات یہ ہے کہ اس کی ابتدا کسی بڑے کاروباری منصوبے سے نہیں ہوئی تھی۔ ان کا اپنا گھر ہی اس سفر کا نقطۂ آغاز بنا۔شاہ رخ خان اورگوری نے جب ممبئی میں ’مَنّت‘ کو اپنے گھر کے طور پر تیار کیا تو گھر کی تزئین و آرائش میں گوری کی دلچسپی نمایاں ہوئی۔ خود گوری کے مطابق انٹیریئر ڈیزائننگ کا سفر ان کے اپنے گھر سے شروع ہوا۔ وہ جگہوں، رنگوں، اشیا، ساخت اور ماحول کے ساتھ تجربات کرتی رہیں اور پھر لوگوں نے ان کے کام کو دیکھ کر اپنے گھروں اور جائیدادوں کے لیے ان سے ڈیزائننگ کروانے میں دلچسپی ظاہر کی۔
انٹیریئر ڈیزائننگ کےساتھ گوری خان نے فلمی دنیا میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ شاہ رخ خان کے ساتھ مل کر انہوں نے ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ کی بنیاد رکھی۔یہ ادارہ۲۰۰۲ءمیںقائم ہوا اور بعد میں ہندی فلموں کی نمایاں پروڈکشن کمپنیوں میں شامل ہوگیا۔گوری خان نےاس بینر کے تحت کئی فلمیں پروڈیوس کیں، جن میں ’میں ہوں نا‘، ’اوم شانتی اوم‘، ’مائی نیم از خان‘، ’را۔ون‘، ’چنئی ایکسپریس‘، ’ہیپی نیو ایئر‘، ’دل والے‘ اور ’رئیس‘ جیسی فلمیں شامل ہیں۔اس طرح گوری کی شناخت صرف ایک فلمی ستارے کی اہلیہ تک محدود نہیں رہی بلکہ وہ خود بھی فلمی صنعت میں پروڈیوسر کی حیثیت سے نمایاں ہوئیں۔