• Wed, 07 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایمی ایوارڈز ۲۰۲۷ء سے پرائم ویڈیو پر، روایتی ٹی وی نشریات کا خاتمہ

Updated: October 07, 2026, 8:02 PM IST | Los Angeles

ٹیلی ویژن کی دنیا کے سب سے معتبر ایوارڈز میں شمار ہونے والے ایمی ایوارڈز اب روایتی ٹیلی ویژن نیٹ ورکس سے نکل کر اسٹریمنگ کے نئے دور میں داخل ہونے جا رہے ہیں۔ ٹیلی ویژن اکیڈمی اور امیزون کے درمیان ہونے والے چھ سالہ معاہدے کے تحت ۲۰۲۷ء سے ایمی ایوارڈز کی عالمی خصوصی نشریات پرائم ویڈیو پر کی جائیں گی۔

Emmy Awards.Photo:INN
ایمی ایوارڈز۔ تصویر:آئی این این

ٹیلی ویژن کی دنیا کے سب سے معتبر ایوارڈز میں شمار ہونے والے  ایمی ایوارڈز  اب روایتی ٹیلی ویژن نیٹ ورکس سے نکل کر اسٹریمنگ کے نئے دور میں داخل ہونے جا رہے ہیں۔ ٹیلی ویژن اکیڈمی اور امیزون کے درمیان ہونے والے چھ سالہ معاہدے کے تحت  ۲۰۲۷ء سے ایمی ایوارڈز کی عالمی خصوصی نشریات پرائم ویڈیو  پر کی جائیں گی۔ اس فیصلے کے ساتھ ہی کئی دہائیوں سے جاری روایتی ٹی وی نشریات کا ایک اہم باب ختم ہوجائے گا۔  
نئے معاہدے کے مطابق ۲۰۲۷ء کی تقریب سے پرائم ویڈیو ایمی ایوارڈز کا خصوصی عالمی پلیٹ فارم ہوگا۔ تقریب براہِ راست نشر کی جائے گی اور اسے دنیا کے ۲۴۰؍ سے زائد ممالک اور خطوںمیں ناظرین دیکھ سکیں گے۔ اہم بات یہ ہے کہ ایمی ایوارڈز کی براہِ راست نشریات  فت دستیاب ہوں گی اور اسے دیکھنے کے لیے پرائم ویڈیو کی رکنیت لازمی نہیں ہوگی۔ یہ تبدیلی ایمی ایوارڈز کی تقریباً سات دہائیوں پر محیط روایتی ٹیلی ویژن نشریات کے اختتام کی علامت ہے۔  ۱۹۵۵ء سے ایمیز کی تقریب امریکی بڑے نشریاتی نیٹ ورکس پر نشر ہوتی رہی ہے، جبکہ گزشتہ تقریب تک  اے بی سی، سی بی ایس، فاکس اور این بی سی  باری باری اس کی میزبانی کرتے رہے۔ اس نظام کو ’وہیل ڈیل‘ کے نام سے جانا جاتا تھا، جس میں ہر سال مختلف نیٹ ورک ایمی ایوارڈز کی نشریات کی ذمہ داری سنبھالتا تھا۔ 

یہ بھی پڑھئے:ایک اور یادگار شاہکار کے بعد میسی نے آنسوؤں کے ساتھ ارجنٹائنا کو الوداع کہہ دیا

ٹیلی ویژن اکیڈمی کے مطابق ایک ہی پلیٹ فارم کے ساتھ طویل مدتی شراکت داری سے ایمی ایوارڈز کی تیاری، تشہیر اور ناظرین سے رابطے کے طریقہ کار میں تسلسل پیدا ہوگا۔ اکیڈمی کا مقصد یہ بھی ہے کہ دنیا بھر کے ناظرین کو تقریب تک آسان رسائی حاصل ہو اور نئی نسل، خصوصاً اسٹریمنگ پلیٹ فارمز پر زیادہ وقت گزارنے والے نوجوان ناظرین کو ایمی ایوارڈز کی جانب راغب کیا جاسکے۔ 
۲۰۲۷ء کی۷۹؍ویں پرائم ٹائم ایمی ایوارڈز تقریب ستمبر میں منعقد ہونے کی توقع ہے۔  فی الحال تقریب کو ستمبر ہی میں رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اگرچہ مستقبل میں تاریخ تبدیل کرنے کے امکانات کو مکمل طور پر مسترد نہیں کیا گیا۔ اس کی ایک بڑی وجہ امریکی فٹ بال کے مقابلوں کے ساتھ ایمی ایوارڈز کی نشریات کا ٹکراؤ بھی ہے، جس سے ماضی میں ناظرین کی تعداد متاثر ہوتی رہی ہے۔  ایمی ایوارڈز کی ناظرین میں کمی بھی اس تبدیلی کے پس منظر میں اہم عنصر سمجھی جارہی ہے۔ ماضی میں تقریب کو۲؍ کروڑ سے زیادہ ناظرین تک رسائی حاصل ہوئی تھی، جبکہ حالیہ برسوں میں یہ تعداد نمایاں طور پر کم ہوئی ہے۔۲۰۲۶ء کی تقریب کو تقریباً  ۷ء۶۸؍ لاکھ ناظرین  نے دیکھا، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں تقریباً ۱۰؍ فیصد کم تعداد تھی۔ ٹیلی ویژن اکیڈمی اور امیزون کو امید ہے کہ پرائم ویڈیو کی عالمی رسائی اور ڈجیٹل پلیٹ فارم کی سہولت ایمی ایوارڈز کے ناظرین میں دوبارہ اضافہ کرسکتی ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے:ابھیشیک بچن کا انکشاف: شاہ رخ خان نے میرے کریئر کی ’ذاتی ذمہ داری‘ لی

 امیزون کے لیے بھی یہ معاہدہ اہم پیش رفت ہے، کیونکہ پرائم ویڈیو پہلے ہی کھیلوں اور دیگر بڑے براہِ راست پروگراموں کی نشریات میں اپنی موجودگی مضبوط کرچکا ہے۔ ایمی ایوارڈز کو اپنے پلیٹ فارم پر شامل کرکے ایمیزون کو ایک ایسا عالمی تفریحی پروگرام مل جائے گا جس کے ذریعے وہ پورے سال ٹیلی ویژن اکیڈمی، نامزد پروگراموں اور فن کاروں سے متعلق مواد کو اپنے ناظرین تک پہنچا سکتا ہے۔   یہ قدم اسٹریمنگ پلیٹ فارمز کی بڑھتی ہوئی طاقت کی بھی عکاسی کرتا ہے۔ حالیہ برسوں میں بڑے تفریحی ایوارڈز روایتی ٹیلی ویژن سے ڈجیٹل پلیٹ فارمز کی جانب منتقل ہورہے ہیں۔ ایمی ایوارڈز کا پرائم ویڈیو پر منتقل ہونا اسی بڑی تبدیلی کا حصہ ہے، جس میں ناظرین تیزی سے روایتی ٹی وی کے بجائے اسٹریمنگ سروسز، موبائل فون، کمپیوٹر اور دیگر ڈجیٹل آلات کے ذریعے بڑے پروگرام دیکھ رہے ہیں۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK