• Wed, 22 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

جارج کلونی نے بچوں کو ہالی ووڈ کی چمک دمک سے دور رکھنے کی وجہ بتائی

Updated: October 09, 2025, 2:03 PM IST | Paris

ہالی ووڈ کے معروف اداکار جارج کلونی نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اپنے بچوں کو ہالی ووڈ کے گلیمر اور شہرت سے دور رکھنے کیلئے فرانس کے ایک فارم ہاؤس میں ان کی پرورش کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ نہیں چاہتے کہ ان کے بچے پاپرازیوں کے تعاقب یا مشہور والدین کے دباؤ میں زندگی گزاریں۔

Hollywood veteran actor George Clooney, 64. Photo: INN
ہالی ووڈ کے ۶۴؍ سالہ سینئر اداکار جارج کلونی۔ تصویر: آئی این این

ہالی ووڈ کے ۶۴؍ سالہ سینئر اداکار جارج کلونی نے ایک حالیہ انٹرویو میں اعتراف کیا کہ وہ اپنے جڑواں آٹھ سالہ بچوں ایلا اور الیگزینڈر کو شہرت کے شور شرابے سے دور رکھنا چاہتے ہیں۔ کلونی اپنی اہلیہ اور معروف انسانی حقوق کی وکیل امل کلونی کے ساتھ فرانس میں رہائش پذیر ہیں، جہاں وہ اپنے بچوں کی پرورش فطرت کے قریب ماحول میں کر رہے ہیں۔کلونی نے امریکی تفریحی میگزین ایسکوائر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’ان (ایلا اور الیگزینڈر) کی زندگی اب بہت بہتر ہے۔ میں ہالی ووڈ کے ماحول میں، خاص طور پر لاس اینجلس میں، اپنے بچوں کی پرورش کے بارے میں فکرمند تھا۔ مجھے لگا کہ وہ ایسی زندگی میں کبھی سکون سے نہیں جی سکیں گے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ فرانس میں شہرت کی دوڑ یا پاپرازی کلچر کا وجود نہ ہونے کے برابر ہے، اور وہ نہیں چاہتے کہ ان کے بچے اس دباؤ کا شکار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ’’میں نہیں چاہتا کہ وہ پاپرازیوں سے بچنے کیلئے چھپتے پھریں یا ان کا موازنہ کسی اور کے مشہور بچوں سے کیا جائے۔‘‘ اداکار نے یہ بھی بتایا کہ وہ چاہتے ہیں ان کے بچے خود کفیل ہوں۔ اس مقصد کیلئے وہ انہیں فارم کے کاموں میں حصہ لینے اور عملی مہارتیں سیکھنے کی ترغیب دیتے ہیں۔ اسی گفتگو میں کلونی نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے بیرون ملک بننے والی فلموں پر ۱۰۰؍ فیصد ٹیرف لگانے کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ ’’ایک حقیقی مسئلے کا غلط حل‘‘ ہے۔
کلونی کا کہنا تھا کہ فلم انڈسٹری کی ملازمتیں کیلیفورنیا سے اس لئے ختم ہو رہی ہیں کیونکہ وہاں نیویارک یا نیو جرسی جیسی ریاستوں کی طرح ٹیکس مراعات نہیں ملتیں۔ انہوں نے تجویز دی کہ وفاقی سطح پر فلم انڈسٹری کیلئے ایسی مراعات فراہم کی جائیں جو دیگر ریاستوں میں پہلے سے موجود ہیں۔واضح رہے کہ اداکار اس وقت اپنے دو آنے والے پروجیکٹس پر کام کر رہے ہیں، جن میں نیٹ فلکس کی فلم ’’جے کیلی‘‘ (J.Kelly) شامل ہے جس میں وہ ایڈم سینڈلر کے ساتھ اداکاری کر رہے ہیں جبکہ دوسرا منصوبہ ایک ڈرامہ ’’دی ہیومن کنڈیشن‘‘ (The Human Condition) ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK