Inquilab Logo

ہماقریشی وزیراعلیٰ بن گئیں

Updated: April 17, 2021, 12:59 PM IST | Agency | Mumbai

گزشتہ دنوں جموںکشمیر قانون ساز اسمبلی کی تاریخ میں پہلی بار اس کے دروازے بالی ووڈ کیلئے اُس وقت کھول دیئے گئے جب اس میں’مہارانی‘ نامی ویب سیریز کے ایک منظر کو شوٹ کیا گیا۔اس ویب سیریز میں معروف فلمی اداکارہ ہما قریشی وزیر اعلیٰ کا رول ادا کر رہی ہیں۔

Huma Qureshi.Picture:INN
ہماقریشی ۔تصویر :آئی این این

 گزشتہ دنوں جموںکشمیر قانون ساز اسمبلی کی تاریخ میں پہلی بار اس کے دروازے بالی ووڈ کیلئے اُس وقت کھول دیئے گئے جب اس میں’مہارانی‘ نامی ویب سیریز کے ایک منظر کو شوٹ کیا گیا۔اس ویب سیریز میں معروف فلمی اداکارہ ہما قریشی وزیر اعلیٰ کا رول ادا کر رہی ہیں۔حکام کی طرف سے  اسمبلی میں ویب سیریز کے منظر کو شوٹ کرنے کی اجازت دینا بالی ووڈ فلم انڈسٹری کو جموںکشمیر میں دوبارہ فلموں کی شوٹنگ کرنے کیلئے کی جانے والی کوششوں کی ایک کڑی ہے۔  مذکورہ یونٹ سے وابستہ ایک ادا کار نے بتایا کہ جموں کشمیر کی تاریخ میں پہلی بار قانون ساز اسمبلی میں کسی فلم کی شوٹنگ کی گئی۔ اس سے یہ بات ثابت ہوجاتی ہے حکومت، جموں کشمیر کو فلموں کی شوٹنگ کا مرکز بنانے میں کس قدر سنجیدہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسمبلی ہال میں شوٹ کئے گئے منظر میں دکھایا گیا ہے کہ جموں کشمیر اسمبلی اچانک شروع ہوجاتی ہے اور حزب اقتدار اورحزب اختلاف کے مشتعل اراکین اسمبلی کا آمنا سامنا ہوتا ہے، اسپیکر انہیں بار بار ہاؤس کا تقدس بحال رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ (جس کا رول ہما قریشی ادا کرتی ہیں) کی تقریر سننے کو کہتا ہے لیکن جب وہ نہیں مانتے ہیں تو انہیں اسمبلی ہال سے باہر نکال دیاجاتا ہے۔
 اس ویب سیریز کو جموں شہر میں شوٹ کیا جا رہا ہےجس  میں۱۰۰؍ مقامی اداکار کام کر رہے ہیں۔اس ویب سیریز کے ہدایت کار’جولی ایل ایل بی‘ فلم سے شہرت پانے والے سبھاش کپور ہیں جبکہ سونی لائیو نے اس کو بنایا ہے۔اس ویب سیریز کی شوٹنگ کیلئے ہدایت کار سبھاش کپور چند روز قبل تک  ادکارہ ہما قریشی، سوہم شاہ، امیت سائل اور ونیت کمار کے ساتھ جموں میں تھے۔اس میں گورنمنٹ گرلز کالج گاندھی نگر، جی جی ایم سائنس کالج، سرکٹ ہاؤس اور جموں کے دیگر خوبصورت مقامات نظر آئیں گے۔
 جموںکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی قیادت والی حکومت بالی ووڈ فلم انڈسٹری کو یونین ٹریٹری میں دوبارہ فلموں کی شوٹنگ کرنے کی خاطر تیار کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ ذرائع کے مطابق اترپردیش کی یوگی حکومت کی طرح کشمیر کی حکومت بھی یہاں ایک ’فلم سٹی‘ بنانے کا منصوبہ رکھتی ہے جس میں فلم بنانے کیلئے تمام سہولیات کو بہم رکھا جائے گا۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے حال ہی میں کہا تھا کہ بالی ووڈ کی فلموں کی شوٹنگ کیلئے جموں کشمیر شروع ہی سے پسندیدہ جگہ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معروف ہدایت کار اپنی فلموں کی شوٹنگ کیلئے پھر سے اس خطے کا رخ کر رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK