Inquilab Logo Happiest Places to Work

امتیاز علی کی ’میں واپس آؤنگا‘ کی شاندار واپسی، دوسرے ویک اینڈ میں کمائی دگنی

Updated: June 24, 2026, 5:04 PM IST | Mumbai

امتیاز علی کی فلم ’’میں واپس آؤنگا‘‘ نے باکس آفس پر ایک غیر معمولی واپسی کی مثال قائم کر دی ہے۔ نصیرالدین شاہ، دلجیت دوسانجھ، شروری اور ویدانگ رائنا کی اداکاری سے مزین اس فلم نے سست آغاز کے باوجود مثبت تبصروں، ناقدین کی تعریف اور مضبوط ’ورڈ آف ماؤتھ‘ کے سہارے دوسرے ویک اینڈ میں شاندار چھلانگ لگائی۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

امتیاز علی کی ہدایت کاری میں بننے والی ’’میں واپس آؤنگا‘‘نے سنیما گھروں میں ریلیز کے دو ہفتوں کے اندر باکس آفس پر ایک ایسی واپسی کی کہانی رقم کی ہے جسے موجودہ دور کے غیر یقینی تھیٹر کاروبار میں غیر معمولی قرار دیا جا رہا ہے۔ نصیرالدین شاہ، دلجیت دوسانجھ، شروری اور ویدانگ رائنا کی مرکزی کرداروں پر مشتمل اس فلم نے اپنے ابتدائی ویک اینڈ میں محض ۵۰ء۵؍ کروڑ روپے کمائے تھے، جس کے بعد تجارتی حلقوں میں اس کی کارکردگی کو مایوس کن قرار دیا گیا تھا۔ تاہم فلم کے حق میں مثبت تبصرے، ناظرین کی زبانی تشہیر اور سوشل میڈیا پر بڑھتی ہوئی مقبولیت نے اس کی قسمت بدل دی۔

عام طور پر فلموں کی کمائی پہلے پیر سے کم ہونا شروع ہو جاتی ہے، لیکن ’’میں واپس آؤنگا‘‘کے ساتھ اس کے برعکس ہوا۔ ریلیز کے پہلے پیر کے بعد فلم نے مسلسل مضبوطی دکھائی اور دیکھتے ہی دیکھتے باکس آفس پر اپنی گرفت مضبوط کر لی۔ انڈسٹری ٹریکر ساکنلک کے مطابق، فلم نے اپنے پہلے ہفتے میں تقریباً ۲۵ء۱۲؍  کروڑ روپے کا بزنس کیا۔ اس دوران ناقدین اور ناظرین دونوں کی جانب سے مثبت ردعمل موصول ہوتا رہا، جس کے نتیجے میں فلم کے دوسرے ویک اینڈ کے لیے دلچسپی میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ فلم کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے نمائش کنندگان نے متعدد اضافی شوز کا اضافہ کیا۔ بعض سنیما گھروں میں فلم کے شو صبح ساڑھے ۶؍ بجے سے شروع کیے گئے، جو حالیہ برسوں میں کم ہی دیکھنے میں آیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: راج کمار ہیرانی کی فلموں میں حالات حقیقی ویلن ہوتے ہیں: وکرانت میسی

 ’’میں واپس آؤنگا‘‘نے دوسرے ویک اینڈ کا آغاز جمعہ کو ۹۰ء۱؍ کروڑ روپے کی کمائی سے کیا۔ اسی دن شاہد کپور، کریتی سینن اور رشمیکا مندانا کی بڑی کمرشیل فلم ’’کاک ٹیل ۲‘‘ بھی ریلیز ہوئی تھی، جس کے باعث مقابلہ سخت ہو گیا تھا۔ تاہم سنیچر اور اتوار کو فلم نے زبردست رفتار حاصل کر لی۔ سنیچر کو اس نے ۳۵ء۴؍ کروڑ روپے جبکہ اتوار کو ۷۵ء۵؍ کروڑ روپے کمائے، جو اب تک اس کا سب سے بڑا یومیہ کلیکشن ہے۔ اس طرح دوسرے ویک اینڈ میں فلم کی مجموعی کمائی تقریباً ۱۲؍ کروڑ روپے رہی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ دوسرے ویک اینڈ کی کمائی تقریباً فلم کے پورے پہلے ہفتے کے مجموعے کے برابر رہی، جبکہ افتتاحی ویک اینڈ کے مقابلے میں یہ ۱۰۰؍ فیصد سے زائد اضافے کی نمائندگی کرتی ہے۔

امتیاز علی کا پیغام
یووا کے بی اے مین یار پوڈ کاسٹ پر بات کرتے ہوئے امتیاز علی نے فلم کو ملنے والی بے پناہ حمایت پر روشنی ڈالی۔ فلمساز نے کہا کہ وہ لوگوں کو فلم میں اپنی کہانیوں اور تجربات کی عکاسی کرتے ہوئے دیکھ کر بہت متاثر ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’شیکھر کپور جیسے لوگ مجھے فون کر کے پوچھ رہے ہیں، `آج کا کلیکشن کیا ہے؟میں نے ان کے ساتھ کبھی کام نہیں کیا، پیوش مشرا مجھے یہ کہتے ہوئے ویڈیوز بھیج رہے ہیں، ’فلاں تھیٹر میں، مبارک!‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ سبھاش گھئی نے کہا، تمہیں ’ہیرو‘ اتنی پسند ہے، تمہیں معلوم ہے دو ہفتے میں نکل گئی تھی۔ گھبراؤ مت۔ لوگ اس فلم کو پسند کر رہے ہیں۔‘‘رومانوی ڈرامے کی ریلیز کے بعد بالی ووڈ کی کئی مشہور شخصیات نے فلم کی تعریف کی۔ فلمساز اور اداکار انوراگ کشیپ انسٹاگرام پر اس فلم کیلئے جذباتی نوٹ لکھا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: بائیکاٹ کے سبب فلم’چینی کم‘ کیلئےمیڈیا نے امیتابھ کی تصویر کشی ہی نہیں کی تھی

۱۰؍ دنوں کے اختتام پر ’’میں واپس آؤنگا‘‘ کا مجموعی ہندوستانی نیٹ کلیکشن ۲۵ء۲۴؍ کروڑ روپے تک پہنچ چکا ہے۔ تجارتی ماہرین کا ماننا ہے کہ اگر یہی رجحان برقرار رہا تو فلم اپنی موجودہ کمائی میں مزید نمایاں اضافہ کر سکتی ہے۔ فلم کی کہانی دو مختلف ادوار میں آگے بڑھتی ہے—ایک موجودہ دور اور دوسرا تقسیمِ ہند کا زمانہ۔ مرکزی کردار میں نصیرالدین شاہ ایک ۹۵؍ سالہ ڈیمنشیا کے مریض کا کردار ادا کر رہے ہیں جو اپنی زندگی کی ایک ادھوری خواہش پوری کرنے کے لیے پاکستان کے شہر سرگودھا جانا چاہتا ہے۔ فلم فلیش بیک کے ذریعے کینو اور جیا کی محبت کی کہانی بھی بیان کرتی ہے، جو تقسیمِ ہند کے ہنگاموں کے باعث ایک دوسرے سے جدا ہو جاتے ہیں۔ فلم میں رجت کپور، بنیتا سندھو اور سنجے سوری بھی اہم کرداروں میں ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK