Inquilab Logo Happiest Places to Work

آئی پی ایل ۲۰۲۶ء: داسُن شَنَاکا، سَم کرن کی جگہ راجستھان رائلز کا حصہ بن گئے

Updated: March 23, 2026, 7:06 PM IST | Mumbai

راجستھان رائلز (آر آر) نے انڈین پریمیئر لیگ۲۰۲۶ء (آئی پی ایل ۲۰۲۶ء) کے لیے سَم کرن کی جگہ سری لنکن آل راؤنڈر داسُن شَنَاکا کو ٹیم میں شامل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ سَم کرن چوٹ کی وجہ سے ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔

Dasun Shanaka.Photo:INN
داسن شناکا۔ تصویر:آئی این این

راجستھان رائلز (آر آر) نے انڈین پریمیئر لیگ۲۰۲۶ء (آئی پی ایل ۲۰۲۶ء) کے لیے سَم کرن کی جگہ سری لنکن آل راؤنڈر داسُن شَنَاکا کو ٹیم میں شامل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ سَم کرن چوٹ کی وجہ سے ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔راجستھان رائلز کے کرکٹ ڈائریکٹر اور ہیڈ کوچ کمار سنگاکارا نے کہاکہ ’’سیزن شروع ہونے سے بالکل پہلے سَم جیسے شاندار کھلاڑی کو کھو دینا ہمارے لیے مایوس کن ہے۔ سَم بیٹنگ اور بولنگ دونوں میں ٹیم کے لیے بہت اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ تاہم، ہمیں خوشی ہے کہ ہمیں داسُن شَناَکا کی شکل میں ایک بہترین متبادل مل گیا ہے۔ وہ بیٹنگ میں شاندار فِنِشر ہیں اور ایک بہترین آل راؤنڈر بھی ہیں، جو ہماری ٹیم کے توازن کو برقرار رکھنے میں مدد کریں گے۔‘‘‘
آئی پی ایل کی طرف سے بھی آر آر کے ذریعے آئی پی ایل ۲۰۲۶ءکے لیے چوٹ زدہ سَم کرن کی جگہ داسُن شَنَاکا کو ٹیم میں شامل کیے جانے کی تصدیق کی گئی ہے۔ داسُن شَناَکا، کرن کی جگہ ۲؍ کروڑ روپے میں آر آر سے جڑیں گے۔ سَم کرن آئی پی ایل ۲۰۲۵ء میں چنئی سپر کنگز (سی ایس کے) کا حصہ تھے۔ انہیں رویندر جڈیجا کے ساتھ آر آر میں ٹریڈ کیا گیا تھا۔ اس کے بدلے میں، سی ایس کے نے آر آر سے سنجو سمسن کو اپنی ٹیم میں شامل کیا تھا۔
داسُن شَناَکا آئی پی ایل ۲۰۲۶ء کے لیے ابوظہبی میں ہونے والی نیلامی میں انسلڈ رہے تھے۔ اس کے بعد پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آنے والے سیزن کے لیے لاہور قلندرز نے انہیں ۷۵؍ لاکھ پاکستانی روپے میں اپنی ٹیم میں شامل کر لیا تھا۔ سَم کرن کی انجری کی وجہ سے آر آر سے موصولہ پیشکش کے بعد شَنَاکا نے پی ایس ایل سے اپنا نام واپس لیتے ہوئے آئی پی ایل میں کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے:پاکستان کے صاحبزادہ فرحان آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ قرار


شَنَاکا اس سے قبل آئی پی ایل میں گجرات ٹائٹنز (جی ٹی) کی طرف سے کھیل چکے ہیں۔ شَنَاکا نے آئی پی ایل  ۲۰۲۳ء میں گجرات ٹائٹنز کے لیے، چوٹ سے متاثرہ  نیوزی لینڈ کے بیٹسمین کین ولیمسن کی جگہ، تین میچز میں  ۲۶؍ رنز بنائے تھے۔۲۰۲۵ء میں جی ٹی نے انہیں دوبارہ، چوٹ سے متاثرہ  نیوزی لینڈ کے آل راؤنڈر گلین فلپس کی جگہ، سیزن کے درمیان میں رپلیسمنٹ پلیئر کے طور پر سائن کیا تھا، لیکن انہیں کھیلنے کا موقع نہیں ملا تھا۔

یہ بھی پڑھئے:’’شارک ٹینک انڈیا‘‘ سیزن ۵؍ میں مجموعی طور پر ۹۵؍ کروڑ کی سرمایہ کاری

 شَنَاکا کے شامل ہونے سے یقینی طور پر آر آر کی ٹیم بیٹنگ اور بولنگ میں متوازن ہو گئی ہے۔ شَنَاکا نے سری لنکا کے لیے۱۳۱؍ ٹی۲۰؍میچز میں ۱۱۸؍ اننگز کھیلتے ہوئے ۸؍ نصف سنچریاں بنائیں اور۱۹۱۲؍ رنز بنائے ہیں۔ ان کا سب سے زیادہ اسکور ناٹ آؤٹ ۷۶؍ رنز ہے۔ اس کے علاوہ، وہ ۴۶؍ وکٹ بھی لے چکے ہیں۔ راجستھان رائلز آئی پی ایل ۲۰۲۶ء میں اپنا پہلا میچ ۳۰؍مارچ کو چنئی سپر کنگز کے خلاف گوہاٹی میں کھیلے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK