Updated: June 28, 2026, 2:06 PM IST
| Tehran
امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی ایک بار پھر خطرناک موڑ اختیار کر گئی ہے، جہاں دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے خلاف سخت فوجی کارروائیوں اور جوابی حملوں کے دعوے کئے ہیں۔ ایسے میں خطے میں وسیع جنگ کے خدشات بڑھ گئے ہیں اور عالمی برادری صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔
مجتبیٰ خامنہ ای اور ٹرمپ۔ تصویر: آئی این این
ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے امریکہ کے حالیہ حملوں کے جواب میں کویت اور بحرین میں موجود امریکی فوجی اڈوں پر مشترکہ میزائل اور ڈرون حملے کئے ہیں۔ ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق پاسدارانِ انقلاب نے اپنے بیان میں کہا کہ اتوار کی صبح مقامی وقت کے مطابق دو سے تین بجے کے درمیان بحریہ اور ایرو اسپیس فورس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کویت میں علی السالم ایئر بیس اور بحرین میں امریکی ففتھ فلیٹ کے ہیڈکوارٹر پورٹ سلمان کو نشانہ بنایا۔ بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ ان حملوں کے دوران امریکی فوج کے آٹھ اہم فوجی انفراسٹرکچر تباہ کئے گئے۔ ایرانی حکام نے اس کارروائی کو امریکہ کی حالیہ فوجی کارروائیوں کا ’فیصلہ کن جواب‘ قرار دیا۔
یہ بھی پڑھئے: ڈونالڈ ٹرمپ کی ڈجیٹل ٹیکس لگانے والوں کو ٹیریف کی دھمکی
پاسدارانِ انقلاب کے مطابق امریکہ نے اتوار کو ایران کے پانچ ساحلی مقامات پر حملے کئے تھے جو دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والی ۱۴؍ نکاتی مفاہمتی یادداشت اور جنگ بندی کی خلاف ورزی ہے۔ ایرانی بیان میں مزید خبردار کیا گیا کہ اگر مستقبل میں امریکہ کی جانب سے ایران پر کسی بھی نوعیت کا حملہ کیا گیا تو اس کا بھرپور اور سخت جواب دیا جائے گا، خواہ حملے کی نوعیت یا حجم کچھ بھی ہو۔ دوسری جانب امریکی حکام کی جانب سے ایرانی دعوؤں کی فوری طور پر تصدیق نہیں کی گئی، جبکہ خطے میں کشیدگی کے باعث عالمی برادری صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔
ایرانی حملوں کے بعد بحرین کا اقوام متحدہ سے ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ
بحرین نے اپنے خلاف مبینہ ایرانی میزائل اور ڈرون حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔ بحرین کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حالیہ حملہ ایران کی جانب سے مملکت کی خودمختاری، علاقائی سلامتی اور شہریوں کے تحفظ کے خلاف مسلسل اور منظم کارروائیوں کا حصہ ہے۔ وزارت کے مطابق یہ کوئی الگ تھلگ واقعہ نہیں بلکہ حملوں کا ایک تسلسل ہے۔ بیان میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے ۲۰۲۶ءکی قرارداد۲۸۱۷؍ پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنائے، مبینہ جارحیت کا سلسلہ روکنے کیلئے فوری اقدامات کرے اور ذمہ دار عناصر کا احتساب یقینی بنائے۔
یہ بھی پڑھئے: ڈونالڈ ٹرمپ کا حیدرآباد میں سڑک کا نام ڈونالڈ ٹرمپ ایونیو رکھنے پرحکومت کا شکریہ
بحرین نے مزید کہا کہ ایران کی جانب سے عالمی برادری کے مطالبات کو مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے، جس کے باعث ایک مضبوط اور واضح بین الاقوامی ردعمل ناگزیر ہو چکا ہے۔ بحرینی حکومت کا کہنا ہے کہ وہ خطے میں امن و استحکام کی حامی ہے، تاہم اپنی خودمختاری اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کا حق محفوظ رکھتی ہے۔
مزید تحمل ممکن نہیں، ایسا نہ ہو کہ ایران کا وجود ہی نہ رہے: ٹرمپ
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر سخت ترین لہجہ اختیار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر حالات نہ بدلے تو واشنگٹن اپنی فوجی کارروائیاں مزید وسیع کر سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسا وقت بھی آ سکتا ہے جب امریکہ کیلئے مزید تحمل ممکن نہ رہے ایسا نہ ہو کہ ایران کا وجود ہی نہ رہے۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں کہا ہے کہ امریکی فضائیہ نے ایران کے میزائل اور ڈرون ذخائر، ساحلی ریڈار تنصیبات اور دیگر فوجی اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: امریکہ: ٹرمپ کے دور اقتدار میں آئی سی ای کی حراست میں اموات میں ۱۴۰؍فیصد اضافہ
صدر ٹرمپ کے مطابق یہ کارروائی جنگ بندی معاہدے کی مبینہ خلاف ورزی اور خطے میں ایران کی سرگرمیوں کے جواب میں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ امریکی فوج نے اپنے اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا ہے۔ اپنے بیان میں ٹرمپ نے ایران کو سخت انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر صورتحال مزید بگڑتی ہے تو امریکہ اس فوجی مہم کو مکمل کرنے پر مجبور ہو سکتا ہے جس کے نتائج ایران کیلئے انتہائی سنگین ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسا مرحلہ بھی آ سکتا ہے جب مزید برداشت ممکن نہیں رہے گی۔ اس سے قبل امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے بھی اعلان کیا تھا کہ آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں پر مبینہ حملوں اور ایران کی جانب سے جارحانہ اقدامات کے جواب میں امریکی افواج نے ایران کے فوجی نگرانی کے نظام، مواصلاتی مراکز، فضائی دفاعی تنصیبات، ڈرون ذخیرہ گاہوں اور بارودی سرنگیں بچھانے سے متعلق صلاحیتوں کو نشانہ بنایا۔