Updated: November 17, 2026, 2:01 PM IST
| Manila
وزیر اعظم نریندر مودی نے ہندوستان اور آسیان ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے پر زور دیا ہے۔مودی نے منگل کو منیلا میں ۲۳؍ویں ہندوستان-آسیان سربراہ اجلاس میں اپنے ابتدائی خطاب میں کہا کہ ہندوستان اور آسیان کا مستقبل مسابقت کے بجائے باہمی تعاون سے طے ہونا چاہیے۔
نریندر مودی۔ تصویر:آئی این این
وزیر اعظم نریندر مودی نے ہندوستان اور آسیان ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے پر زور دیا ہے۔مودی نے منگل کو منیلا میں ۲۳؍ویں ہندوستان-آسیان سربراہ اجلاس میں اپنے ابتدائی خطاب میں کہا کہ ہندوستان اور آسیان کا مستقبل مسابقت کے بجائے باہمی تعاون سے طے ہونا چاہیے۔ دونوں مل کر اس خطے کو امن اور استحکام کی علامت بنا سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے:اے آئی سے چلنے والے ہتھیاروں سے جنگ کے نئے دور کا خوف: ماہرین
وزیر اعظم نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں میں دنیا نے کئی بحرانوں کا سامنا کیا ہے۔ ایسے وقت میں دنیا کو امن، استحکام اور مستقبل کے حوالے سے اعتماد کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔ انہوں نے اس سال کے سربراہ اجلاس کے موضوع مل کر اپنے مستقبل کی راہ طے کرنا کو اہم قرار دیا۔ مودی نے کہا کہ ہندوستان کی ایکٹ ایسٹ پالیسی نے ہندوستان-آسیان تعلقات کو نئی رفتار اور گہرائی فراہم کی ہے۔ اب یہ شراکت داری مشترکہ ثقافت اور ورثے سے آگے بڑھ کر ڈجیٹل ٹیکنالوجی، دفاع اور خلائی شعبوں تک پہنچ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ۲۰۱۴ء سے اب تک عوام کے درمیان رابطوں کو مضبوط بنانے کے لیے۱۰۰؍ سے زیادہ اقدامات کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ تقریباً ۲۵۰؍ فوری اثرات والے منصوبے شروع کیے گئے ہیں اور ۱۰؍ ہزار سے زیادہ ہنرمندی کے فروغ کے لیے اسکالرشپ دی گئی ہیں۔ ہندوستان اور آسیان کے نو ممالک کے درمیان براہ راست پروازیں اور بڑھتی ہوئی سیاحت بھی باہمی قربت کا ثبوت ہیں۔
یہ بھی پڑھئے:فلم ’’یہ پریم مول لیا‘‘ کا ٹریلر لانچ حالیہ بڑی تقریبات میں سے ایک ہوگا
وزیر اعظم نے کہا کہ اس سال آسیان ممالک کا یہ ان کا تیسرا دورہ ہے، جو ہندوستان کے لیے آسیان کی خصوصی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔ ہندوستان کی ترقی اور آسیان کی خوشحالی ایک دوسرے سے گہرائی سے وابستہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آسیان برادری کا ۲۰۴۵ء کا وژن اور وکست بھارت ۲۰۴۷ء، دونوں مشترکہ امنگوں کی تکمیل میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔مودی نے آسیان کے اتحاد اور خطے میں اس کے مرکزی کردار کے تئیں ہندوستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ اس اجلاس سے ہندوستان اور آسیان کی وسیع تر اسٹریٹجک شراکت داری کو نئی بلندی ملے گی اور محفوظ، جامع اور خوشحال ہند-بحرالکاہل خطے کی تعمیر میں مدد ملے گی۔