Inquilab Logo Happiest Places to Work

پُرسکون اور بے فکری سے رہنا بہتر ہے: انفانٹینو

Updated: June 11, 2026, 2:02 PM IST | Mexico City

بین الاقوامی فٹبال فیڈریشن (فیفا) کے صدر جیانی انفانٹینو نے کہا ہے کہ تنظیم امریکی حکومت کو یہ ہدایت نہیں دے سکتی کہ وہ ورلڈ کپ کے لیے اپنے ملک میں کس کو داخلے کی اجازت دے۔

Gianni Infantino.Photo;X
جیانی انفاننٹیو۔تصویر:ایکس

بین الاقوامی فٹبال فیڈریشن (فیفا) کے صدر جیانی انفانٹینو نے کہا ہے کہ تنظیم امریکی حکومت کو یہ ہدایت نہیں دے سکتی کہ وہ ورلڈ کپ کے لیے اپنے ملک میں کس کو داخلے کی اجازت دے۔ انہوں نے کہا کہ بعض اوقات ویزا سے متعلق معاملات میں ’’پُرسکون اور بے فکری سے‘‘ رہنا بہتر ہوتا ہے۔
میکسیکو سٹی میں بدھ کو ورلڈ کپ سے قبل منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں انفانٹینو نے کہاکہ ’’آپ میری بات پر یقین کریں یا نہ کریں، ہم ہمیشہ حل تلاش کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ لیکن ہمیں یہ سمجھنا ہوگا کہ ہم دنیا کے بادشاہ نہیں ہیں جو حکومتوں، پولیس فورسز اور دیگر اداروں پر حکم چلا سکیں۔ ہم ایک کھیلوں کی تنظیم ہیں اور ہمارے پاس جو وسائل موجود ہیں، ان کے ذریعے ہم اپنی پوری کوشش کرتے ہیں۔‘‘
انفانٹینو نے عمر آرتن کے مخصوص معاملے کا ذکر کیا، جو فیفا کی حتمی فہرست میں شامل ہونے کے بعد ورلڈ کپ میں ریفری کے فرائض انجام دینے والے صومالیہ کے پہلے ریفری بننے والے تھے، لیکن استنبول سے میامی بین الاقوامی ہوائی اڈے پہنچنے کے بعد انہیں امریکہ میں داخلے کی اجازت نہیں دی گئی۔ ایک امریکی عہدیدار نے منگل کی شب کہا تھا کہ آرتن کو’’دہشت گرد تنظیموں کے مشتبہ اراکین سے تعلقات‘‘ کے باعث داخلے سے انکار کیا گیا۔

یہ بھی پڑھئے:فلم میں چھیڑ چھاڑ کو محبت سمجھا جاتا تھا، آج ایسا کرنے والا جیل پہنچ جائے گا: مدھو


انفانٹینو نے کہاکہ ’’صومالیہ کے ریفری عمر کے ساتھ جو کچھ ہوا وہ افسوسناک ہے، لیکن ہم ہر چیز کو کنٹرول نہیں کر سکتے۔ ہم کوشش کرتے ہیں، بات چیت کریں گے اور دیکھیں گے کہ کیا کیا جا سکتا ہے۔ بعض اوقات سکون سے رہنا بھی اچھا ہوتا ہے۔ ہم ہر مسئلے پر کام کرتے ہیں اور اس کا حل نکالنے کی کوشش کرتے ہیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہاکہ ’’کیلیفورنیا میں ہم نے لاس اینجلس اور سان فرانسسکو میں ہونے والے میچوں کے لیے آٹھ لاکھ ٹکٹ فروخت کیے۔ ان میں سے صرف تین خریداروں نے شکایت کی، جبکہ چوتھا خریدار بعد میں سامنے آیا۔ تحقیقات شروع ہونے سے پہلے ہی یہ معاملات حل کر لیے گئے تھے۔ ہم کسی بھی قسم کی تحقیقات کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ ہم تمام معلومات فراہم کریں گے اور اپنا مؤقف پیش کریں گے۔ لیکن سب سے اہم بات یہ ہے کہ ہم جو بھی آمدنی حاصل کرتے ہیں، اسے دوبارہ فٹبال کی ترقی پر ہی خرچ کیا جائے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے:انسانی سرگرمیوں کے سبب سمندر کی سطح میں ایک دہائی میں دگنا اضافہ: رپورٹ


فیفا نے موسمِ گرما کے ٹورنامنٹ کے لیے ٹکٹوں کی ابتدائی قیمت ۱۴۰؍ ڈالر مقرر کی تھی جبکہ نیو جرسی میں ۱۹؍ جولائی کو ہونے والے فائنل کے بعض عام نشستوں کے ٹکٹوں کی قیمت ۸۶۸۰؍ ڈالر تک پہنچ گئی تھی۔ شدید تنقید کے بعد فیفا نے شائقین کے لیے قومی فٹبال فیڈریشنز کے ذریعے ۶۰؍ ڈالر مالیت کے کچھ ٹکٹ بھی جاری کیے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK