یانک سنر نے جیری لیہیکا کو ۴۔۶،۴۔۶؍ سے ہرا کر میامی اوپن مردوں کا سنگلز خطاب اپنے نام کر لیا ہے۔ اس جیت کے ساتھ ہی سنر پہلے ایسے کھلاڑی بن گئے ہیں جنہوں نے ’سن شائن ڈبل‘ مکمل کیا ہے۔
یانک سنر۔ تصویر:آئی این این
یانک سنر نے جیری لیہیکا کو ۴۔۶،۴۔۶؍ سے ہرا کر میامی اوپن مردوں کا سنگلز خطاب اپنے نام کر لیا ہے۔ اس جیت کے ساتھ ہی سنر پہلے ایسے کھلاڑی بن گئے ہیں جنہوں نے ’سن شائن ڈبل‘ مکمل کیا ہے۔ انہوں نے کیلیفورنیا میں انڈین ویلز اور فلوریڈا کے ہارڈ کورٹ پر بغیر کوئی سیٹ ہارے دونوں ٹرافیاں جیتی ہیں۔
اٹلی کے سنر کی بارش سے متاثرہ میامی فائنل میں چیک جمہوریہ کے ۲۱؍ویں سیڈ کھلاڑی جیری لیہیکا پر۴۔۶،۴۔۶؍سے شاندار جیت نے ایک بار پھر یہ ثابت کر دیا کہ وہ اور کارلوس الکاراز باقی کھلاڑیوں سے کتنے آگے ہیں۔دنیا کے دوسرے نمبر کے کھلاڑی سنر نے اب ماسٹرز ٹورنامنٹ میں لگاتار ۳۴؍سیٹ جیتے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی وہ نوواک جوکووچ اور رافیل ندال کے ساتھ ان منتخب کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہو گئے ہیں جنہوں نے گرینڈ سلیم کے بعد کے درجے کے ٹورنامنٹ میں لگاتار ۳؍ خطاب جیتے ہیں۔
خطاب جیتنے کے بعد سنر نے کہا’’یہ میرے لئے ایک شاندار دور رہا ہے اور اس مقام تک پہنچنے کے لئے ہم نے جو محنت کی ہے، اس سے میں بے حد خوش ہوں۔ انڈین ویلز سے پہلے ہم نے مشق کیلئے کچھ اچھے دن گزارے تھے۔ اس طرح کے نتائج دیکھ کر مجھے بہت خوشی ہوتی ہے اور ساتھ ہی جس سطح کا کھیل ہم دکھانے کی کوشش کر رہے ہیں اور جس طرح کا کھلاڑی ہم بننے کی کوشش کر رہے ہیں اسے دیکھ کر بھی مجھے خوشی ہوتی ہے۔‘‘
زوبی مینڈی زخمی، اسپین کی ٹیم سے باہر
آرسنل کے مڈ فیلڈر مارٹن زوبی مینڈی اتوار کو اپنے دائیں گھٹنے میں تکلیف کی وجہ سے ہسپانوی اسکواڈ چھوڑ کر روانہ ہو گئے ہیں۔ وہ منگل کو بارسلونا میں مصر کے خلاف دوستانہ میچ میں شرکت نہیں کریں گے۔
اسپین کے فٹ بال فیڈریشن نے اعلان کیا ہے کہ زوبی مینڈی اپنے کلب واپس جا رہے ہیں تاکہ ’کوئی خطرہ مول نہ لیا جائے اور کھلاڑی کی صحت کو برقرار رکھا جا سکے۔‘ اس خبر کا مطلب یہ ہے کہ مارٹن اب امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو میں ۱۲؍ جون سے شروع ہونے والے فیفا ورلڈ کپ کے لئے کوچ لوئس ڈی لا فونٹے کی جانب سے اسکواڈ کے اعلان سے قبل دوبارہ اسپین کے لئے نہیں کھیل سکیں گے۔
مارٹن زوبی مینڈی نے جمعہ کو ویلاریال میں سربیا کے خلاف اسپین کی تین صفرسے فتح میں آخری ۱۳؍ منٹ کھیلے تھے۔ تاہم، وہ گزشتہ ۲؍ سال سے ڈی لا فونٹے کے منصوبوں کا باقاعدہ حصہ رہے ہیں اور ایسا لگتا ہے کہ اس موسمِ گرما میں ورلڈ کپ کیلئے ان کی جگہ کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ہسپانوی کوچ کو اب یہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ بارسلونا کے آر سی ڈی ای اسٹیڈیم میں مصر کے خلاف مانچسٹر سٹی کے روڈریگو ہرنینڈز کو میدان میں اتاریں یا ریئل سوسائٹیڈ کے کارلوس سولر جیسے کسی دوسرے کھلاڑی کو موقع دیں۔