Inquilab Logo Happiest Places to Work

فلم ’’کہانی۳‘‘ نئے چہرے کے ساتھ، ودیا بالن کی جگہ یامی گوتم کا نام زیرغور

Updated: July 26, 2026, 9:03 PM IST | Mumbai

بالی ووڈ کی کامیاب تھریلر فلم’’کہانی‘‘ کے تیسرے حصے سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جس میں مرکزی کردارکیلئے ایک نئی اداکارہ کا نام زیرِ غور بتایا جا رہا ہے۔ رپورٹس کے مطابق ہدایت کار سجوی گھوش ’’کہانی ۳‘‘کے ذریعے فرنچائز کو نئے انداز میں آگے بڑھانے کی تیاری کر رہے ہیں، جبکہ یامی گوتم کو مرکزی کردار دینے پر غور کیا جا رہا ہے۔

Vidya Balan and Yami Gautam. Photo: INN
ودیا بالن اور یامی گوتم۔ تصویر: آئی این این

فلم’’ کہانی ‘‘کا ذکر ہوتے ہی ذہن میں فوراً ودیا بالن کا وہ یادگار کردار ابھر آتا ہے، جو کولکاتا کی گلیوں میں اپنے لاپتا شوہر کی تلاش میں سرگرداں نظر آتی ہیں۔ بعض کردار اتنے لازوال بن جاتے ہیں کہ ان میں کسی اور اداکار کو تصور کرنا بھی مشکل ہوتا ہے۔ تاہم، اگر تازہ رپورٹس پر یقین کیا جائے تو’’ کہانی۳‘‘ میں ودیا بالن کی جگہ ایک نئی مرکزی اداکارہ نظر آ سکتی ہیں۔ پنک ولا کی ایک رپورٹ کے مطابق، ’’ کہانی۳‘‘ کے سازندے فلم کی مرکزی کردار کیلئے یامی گوتم کو لینے پر غور کر رہے ہیں۔ تفریحی ویب سائٹ سے گفتگو کرتے ہوئے ایک ذریعے نے بتایا، ’’ کہانی۳‘‘ ایک بالکل نئی کہانی ہوگی۔ مقصد یہ ہے کہ فرنچائز کو آگے بڑھایا جائے، لیکن اس کی وہی فضا اور انداز برقرار رکھا جائے جسے ناظرین نے بے حد پسند کیا ہے۔ یامی گوتم مرکزی کردار ادا کریں گی، جس کا کردار نہایت مضبوط اور مؤثر ہوگا۔ فلم اس وقت پری پروڈکشن کے مرحلے میں ہے اور ٹیم شوٹنگ کے شیڈول پر کام کر رہی ہے۔ ‘‘ذرائع کے مطابق ہدایت کار سجوی گھوش کے ذہن میں فلم کے حوالے سے واضح تصور موجود ہے اور وہ اپنی ٹیم کے ساتھ مل کر اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ ’’ کہانی۳‘‘ فرنچائز کی اصل روح کو برقرار رکھتے ہوئے ناظرین کیلئے کچھ نیا بھی پیش کرے۔

یہ بھی پڑھئے: شویتا ترپاٹھی نے ’’مرزاپور: دی فلم‘‘ کی پزیرائی کی

یاد رہے کہ’’ کہانی‘‘ ۲۰۱۲ء میں ریلیز ہوئی تھی، جسے سجوی گھوش نے تحریر، پروڈیوس اور ہدایت دی تھی۔ فلم میں ودیا بالن نے مرکزی کردار ادا کیا اور یہ باکس آفس پر زبردست کامیاب ثابت ہوئی۔ فلم میں ودیا بالن نے ودیا باگچی کا کردار نبھایا، جو حاملہ خاتون کی حیثیت سے درگا پوجا کے دوران کولکاتا میں اپنے لاپتا شوہر کی تلاش میں نکلتی ہیں۔ اس سفر میں ان کی مدد اسسٹنٹ سب انسپکٹر ستیوکی ’رانا‘ سنہا (پرمبرتا چٹرجی) اور انسپکٹر جنرل اے خان (نواز الدین صدیقی) کرتے ہیں۔ اس کے بعد۲۰۱۶ء میں اس کا سیکوئل ’’ کہانی ۲‘‘ ریلیز کیا گیا، تاہم، یہ فلم باکس آفس پر کامیاب نہ ہو سکی۔ اب سجوی گھوش ایک بار پھر’’ کہانی۳‘‘ کی ہدایت کاری کریں گے۔ پنک ولا کے ذرائع کے مطابق، ’’یامی گوتم کے ساتھ اس اشتراک کو لے کر ٹیم میں کافی جوش و خروش پایا جاتا ہے، اور اس وقت فلم کی شوٹنگ کے شیڈول کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK