• Wed, 11 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

پٹاخوں کا دھواں کیڑے مکوڑے مارتا ہے: ڈاکٹر موہن بھاگوت کا دعویٰ

Updated: November 11, 2026, 9:11 PM IST | Nagpur

آر ایس ایس سربراہ نے ناگپور میں دیوالی اور گووردھن پوجا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روایتی پٹاخوں اور تیل و گھی کے دیوں کے پیچھے سائنسی مقاصد بھی تھے۔ ان کے بیان پر اس لیے توجہ مرکوز ہوئی ہے کہ دیوالی کے بعد دہلی سمیت کئی شہروں میں فضائی آلودگی خطرناک سطح تک پہنچ گئی ہے۔

RSS chief Mohan Bhagwat. Photo: INN
آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت ۔ تصویر: آئی این این

راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے سربراہ موہن بھاگوت نے کہا ہے کہ قدیم زمانے میں دیوالی کے موقع پر جلائے جانے والے پٹاخوں کا مقصد محض تفریح نہیں تھا بلکہ ان کے دھوئیں سے فصلوں کو نقصان پہنچانے والے کیڑے مکوڑے بھی ہلاک ہوتے تھے اور ماحول کی صفائی میں مدد ملتی تھی۔ انہوں نے یہ بات ۱۰؍ نومبر کو ناگپور میں دیوالی اور گووردھن پوجا کے موقع پر منعقدہ ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ان کے اس بیان کے وقت ملک کے کئی بڑے شہروں میں دیوالی کے بعد فضائی آلودگی کی سطح میں اضافے پر تشویش ظاہر کی جارہی ہے۔ بھاگوت نے کہا کہ ماضی میں استعمال ہونے والے پٹاخے آج کے کیمیائی مادوں سے تیار کیے جانے والے پٹاخوں جیسے نہیں تھے۔ ان کے بقول، ’’پہلے زمانے میں پٹاخوں کے دھوئیں کا ایک مقصد ہوتا تھا، کیونکہ اس وقت دوسرے ذرائع دستیاب نہیں تھے۔ یہ پٹاخے ایسے کیمیائی مادوں سے نہیں بنائے جاتے تھے۔ ان کا دھواں فصلوں پر حملہ کرنے والے کیڑوں کو مار دیتا تھا۔ ایک طرح سے اس سے ماحول کی صفائی میں مدد ملتی تھی۔‘‘ انہوں نے دیوالی کے موقع پر تیل اور گھی کے دیے جلانے کی روایت کا ذکر کرتے ہوئے بھی کہا کہ اس کے پیچھے سائنسی پہلو موجود تھا۔ ان کے مطابق گھی اور تل کے تیل سے جلائے جانے والے دیوں سے ماحول میں ایک خاص قسم کی فضا پیدا ہوتی تھی۔ انہوں نے زور دیا کہ روایتی طور طریقوں کو محض رسم سمجھنے کے بجائے ان کے پس منظر اور مقاصد کو بھی سمجھنا چاہیے۔ 

یہ بھی پڑھئے: مودی، شاہ سمیت حکومتی نمائندوں کے ذریعے ۹؍ مہینوں میں ۸۳؍ نفرتی تقاریر: اے پی سی آر کی رپورٹ

آر ایس ایس سربراہ نے اپنے خطاب میں دیوالی کے پانچ روزہ تہوار کی سماجی اور اخلاقی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ دیوالی صرف کسی ایک فرد یا خاندان کا تہوار نہیں بلکہ پورے سماج کو جوڑنے کا موقع ہے۔ ان کے مطابق بھارتی روایت میں سماج کا تصور خاندان، برادری، گاؤںاور ملک سے آگے بڑھ کر پوری دنیا تک پھیلتا ہے۔ انہوں نے سنت گیانیشور کے قول ’’ہے وشواچی ماجھے گھر‘‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا کو اپنا گھر سمجھنے کا جذبہ ہی حقیقی سماجی وابستگی کی بنیاد ہے۔ بھاگوت نے دیوالی کے مختلف دنوں کی روایتی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ تہوار کا آغاز گاؤوتس دوادشی سے ہوتا ہے، جو انسان کو اپنے خاندان اور معاش کے تئیں ذمہ داریوں کی یاد دلاتا ہے۔ دھن تیرس صحت اور متوازن طرزِ زندگی کی اہمیت اجاگر کرتا ہے، جب کہ نرک چتردشی اپنے ماحول اور ذہن دونوں کی صفائی کا پیغام دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسان کو غصے، حسد، لالچ اور منفی خیالات سے بھی خود کو پاک کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ لکشمی پوجا کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ خوش حالی کو صرف دولت اور مادی وسائل تک محدود نہیں سمجھنا چاہیے بلکہ ذہنی اور اخلاقی پاکیزگی بھی اس کا حصہ ہے۔ اسی طرح بلی پرتی پدا کے موقع پر انہوں نے شہریوں کی ذمہ داریوں اور اچھے نظم و نسق کی اہمیت پر زور دیا۔ ان کے مطابق معاشرے میں صرف حکومت کا موجود ہونا کافی نہیں، بلکہ شہریوں کو بھی اجتماعی مفاد کے لیے طے شدہ اصولوں کی پابندی کرنی چاہیے۔

یہ بھی پڑھئے: مودی کی تعریف والی ٹرمپ کی پوسٹ، امریکی لابنگ کمپنی کو ماہانہ ۷۵؍ ہزار ڈالر

انہوں نے بھائی دوج کے حوالے سے خواتین کے سماجی کردار پر بھی بات کی۔ بھاگوت کے مطابق خواتین، خصوصاً مائیں، نئی نسل تک خاندانی اقدار اور مذہبی و اخلاقی تعلیمات پہنچانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین میں اکثر مردوں کے مقابلے میں دھرم کی زیادہ گہری سمجھ ہوتی ہے، کیونکہ وہ گھر کے انتظام، رشتوں کی دیکھ بھال اور مشکل حالات میں خاندان کی رہنمائی کرتی ہیں۔ تاہم پٹاخوں کے دھوئیں سے ماحول کی صفائی اور کیڑے مکوڑوں کے خاتمے سے متعلق دعوے کو سائنسی طور پر ثابت شدہ حقیقت سمجھنا درست نہیں ہوگا۔ ماحولیاتی سائنس کے مطابق آتش بازی کے دوران باریک ذرات، دھاتی مرکبات اور مختلف گیسیں خارج ہوتی ہیں، جو فضائی آلودگی میں اضافہ کرسکتی ہیں۔ سی ایس آئی آر کے نیشنل انوائرنمنٹل انجینئرنگ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (نیری) کے سائنس دانوں کے مطابق نام نہاد گرین پٹاخے بھی مکمل طور پر آلودگی سے پاک نہیں ہوتے، بلکہ ان سے روایتی پٹاخوں کے مقابلے میں بعض آلودہ مادوں کا اخراج کم ہوتا ہے۔ اس لیے قدیم پٹاخوں کے دھوئیں سے فصلوں کے کیڑے ختم ہونے کے بھاگوت کے دعوے کو جدید پٹاخوں کے ماحولیاتی اثرات سے الگ کرکے دیکھنا ضروری ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: آزادی کے ۸۰ سال بعد بھی ہندوستان خود کو انگریزی سے آزاد نہیں کر سکا: جسٹس گوتم چودھری

بھاگوت کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دیوالی کے بعد نئی دہلی کی فضائی آلودگی میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹ کے مطابق دیوالی کے بعد دارالحکومت کے کئی علاقوں میں فضائی معیار کا اشاریہ ۳۵۰؍ سے تجاوز کرگیا اور بعض مقامات پر ہوا ’شدید‘ آلودگی کے زمرے میں پہنچ گئی۔ سپریم کورٹ نے دہلی این سی آر میں صرف منظور شدہ گرین پٹاخوں کو محدود اوقات میں جلانے کی اجازت دی تھی، لیکن ان کے استعمال سے بھی دھواں اور باریک آلودہ ذرات خارج ہوئے۔ ماہرین کے مطابق پٹاخوں کے علاوہ گاڑیوں کا دھواں، صنعتی اخراج، تعمیراتی گردوغبار اور پڑوسی ریاستوں میں فصلوں کی باقیات جلانا بھی آلودگی کی اہم وجوہات ہیں۔ بھاگوت نے اپنے خطاب کے اختتام پر لوگوں سے اپیل کی کہ وہ تہواروں کو ان کی اصل روح اور مقاصد کے مطابق منائیں۔ ان کے مطابق دیوالی کی روایات کا مقصد خوشی، صفائی، پاکیزگی، خدمت اور سماجی ذمہ داری کے جذبے کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان روایات کو برقرار رکھنے کے ساتھ ان کے پیچھے موجود اقدار کو سمجھنا بھی ضروری ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK