• Wed, 11 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

دہلی ہائی کورٹ کی سو سال پرانے وقف قبرستان کی بے دخلی پر روک

Updated: November 11, 2026, 10:02 PM IST | New Delhi

دہلی ہائی کورٹ نے جمعہ کو سول لائنز میں واقع سو سال پرانے وقف شدہ قبرستان سے بے دخلی کی کارروائی پر روک لگادی ہے اور حکومت کو احاطے میںحالتِ جوں کی توں برقرار رکھنے کا حکم دیا ہے۔ قبرستان انتظامیہ نے ۲۲؍ اکتوبر کے بے دخلی کے اس نوٹس کو چیلنج کیا تھا، جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ یہ ۱۷؍ ایکڑ کا پلاٹ مرکزی حکومت کی ملکیت ہے اور اس کا نظام لینڈ اینڈ ڈیولپمنٹ آفس سنبھالتا ہے۔

Delhi High Court. Photo: INN
دہلی ہائی کورٹ۔ تصویر: آئی این این۔

 دہلی ہائی کورٹ نے جمعہ کو سول لائنز میں واقع سو سال پرانے وقف شدہ قبرستان سے بے دخلی کی کارروائی پر روک لگادی ہے اور حکومت کو احاطے میںحالتِ جوں کی توں برقرار رکھنے کا حکم دیا ہے۔ قبرستان انتظامیہ نے ۲۲؍ اکتوبر کے بے دخلی کے اس نوٹس کو چیلنج کیا تھا، جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ یہ ۱۷؍ ایکڑ کا پلاٹ مرکزی حکومت کی ملکیت ہے اور اس کا نظام لینڈ اینڈ ڈیولپمنٹ آفس سنبھالتا ہے۔ لڈلو کاسل روڈ اور انڈر ہل روڈ کے درمیان واقع اس احاطے میں درگاہیں، ایک مسجد اور ایک مدرسہ قائم ہے۔ دی انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، قبرستان باغ شیر جنگ کا انتظام انجمن وکیلِ قوم پنجابیاںنامی ایک رفاہی سوسائٹی سنبھالتی ہے، جو ۱۹۱۰ء سے پہلے سے موجود ہے۔عدالت نے مرکزی حکومت کو حکم دیا کہ وہ۱۱؍ مارچ ۲۰۲۷ء کو ہونے والی اگلی سماعت تک موجودہ صورتحال کو جوں کا توں برقرار رکھے۔۲۲؍ اکتوبر کو، لینڈ اینڈ ڈیولپمنٹ آفس نے قبرستان کے احاطے میں موجود چار مبینہ ناجائز قابضین کو بے دخلی کا نوٹس جاری کرتے ہوئے ۱۵؍ دن میں جگہ خالی کرنے کی ہدایت دی تھی۔ نوٹس میں انتباہ بھی دیا گیا تھا کہ عدم تعمیل کی صورت میں زبردستی قبضہ کر لیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھئے: مودی، شاہ سمیت حکومتی نمائندوں کے ذریعے ۹؍ مہینوں میں ۸۳؍ نفرتی تقاریر: اے پی سی آر کی رپورٹ

بعد ازاں قبرستان انتظامیہ کی جانب سے ۲۰۱۸ء میں دائر کردہ ایک سول مقدمے میں ان چاروں افراد کو قبرستان کی زمین کے ایک حصے پر ناجائز قابض قرار دیا گیا تھا۔ تاہم، قبرستان انتظامیہ نے اکتوبر کے نوٹس کے اس دعوے سے اختلاف کیا ہے جس میں پورے ۱۷؍ ایکڑ پلاٹ کو حکومت کی ملکیت بتایا گیا ہے۔واضح رہے کہ لینڈ اینڈ ڈیولپمنٹ آفس مرکزی وزارتِ مکانات و شہری امور کے تحت کام کرتا ہے اور خاص طور پر دہلی میں سرکاری اور لیز ہولڈ جائیدادوں کے انتظام کا ذمہ دار ہے۔اس زمین کی ملکیت کا تنازع کئی دہائیوں پرانا ہے۔اس قبرستان کو۱۹۷۰ ء میں وقف جائیداد کے طور پر نشان زد کیا گیا تھا۔ ایک سال بعد، ۱۹۷۱ء میں، مرکزی حکومت نے اس زمین پر اپنی ملکیت کا دعویٰ کرتے ہوئے ایک سول مقدمہ دائر کیا اور دلیل دی کہ اس نے ۱۹۱۱ء اور ۱۹۱۵ء  کے درمیان دہلی کی ترقی کے دوران اس قبرستان سمیت کئی جائیدادیں حاصل کی تھیں۔
اسلامی قانون کے تحت وقف ایک ایسا عطیہ ہے جو کسی مذہبی، تعلیمی یا رفاہی مقصد کیلئے وقف کیا جاتا ہے۔ ہر ریاست میں ایک وقف بورڈ ہوتا ہے جس کی قیادت ایک قانونی ادارہ کرتا ہے جسے جائیداد حاصل کرنے، رکھنے اور منتقل کرنے کے اختیارات حاصل ہوتے ہیں۔تاہم، ۱۹۸۵ء میں ایک ڈسٹرکٹ کورٹ نے فیصلہ سنایا کہ مرکزی حکومت ملکیت ثابت کرنے میں ناکام رہی ہے کیونکہ اس نے حصولِ اراضی کے ضروری طریقہ کار کو پورا نہیں کیا تھا۔ قبرستان انتظامیہ کے مطابق، اس فیصلے کو کبھی اوپر چیلنج نہیں کیا گیا۔

یہ بھی پڑھئے: انتیودے اناج اسکیم میں تبدیلی کی تیاری، غریب خاندانوں کا راشن گھٹنے کا خدشہ

جبکہ قبرستان کو یہ نوٹس دارالحکومت کے انتظامی اور سفارتی علاقے، یعنی لٹینس دہلی میں جاری مسماری اور بے دخلی کی ایک وسیع مہم کے دوران سامنے آیا ہے۔ وزیرِ اعظم نریندر مودی کی سرکاری رہائش گاہ کے قریب واقع ایک تاریخی’ ریس کورس مسجد ‘اور اس کے قریب واقع جھگی جھونپڑیوں کو مسماری کے خطرے کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اخبار کے مطابق حکومت نے دہلی ریس کلب اور جے پور پولو گراؤنڈ کا قبضہ بھی اپنے ہاتھ میں لے لیا ہے۔
یاد رہے کہ ۲۹؍ اکتوبر کو، وزیرِ اعظم کی سرکاری رہائش گاہ کے قریب واقع تاریخی مسجد کی مسماری کو چار ہفتوں کیلئے اس وقت روک دیا گیا تھا جب حکام نے دہلی ہائی کورٹ کو بتایا کہ وہ اس مدت کے دوران عمارت کے خلاف کوئی جبری کارروائی نہیں کریں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK