ریلوے کی جانب سے ملنے والے نوٹس سے یہاں ۷۰ ؍سال سے آباد مکینوں میں گہری تشویش، مناسب معاوضہ کا مطالبہ۔
EPAPER
Updated: October 27, 2026, 11:45 AM IST | Ejaz Abdul Ghani | Kalyan
ریلوے کی جانب سے ملنے والے نوٹس سے یہاں ۷۰ ؍سال سے آباد مکینوں میں گہری تشویش، مناسب معاوضہ کا مطالبہ۔
یہاں سنڈیکیٹ میں واقع آتش خان کمپاؤنڈ میں رہنے والے شہریوں کو ریلوے انتظامیہ کی جانب سے گھر خالی کرنے کا نوٹس بھیجا گیا ہے۔ریلوے انتظامیہ کی جانب سے دئیے گئے ایک نوٹس نے سیکڑوں شہریوں کی نیندیں اڑا دی ہیں جس کے بعد مقامی سطح پر عوامی بے چینی بڑھ گئی ہے۔ ریلوے ٹریک سے متصل آتش خان کمپاؤنڈ میں رہائش پذیر شہریوں کو ریلوے انتظامیہ کی جانب سے گھر خالی کرنے کا باضابطہ نوٹس جاری کیا گیا ہے۔نوٹس کے بعد گزشتہ ۷۰ ؍برسوں سے اسی جگہ پر آباد ان مکینوں میں گہری تشویش پھیل گئی ہے۔ متاثرہ خاندانوں کی حمایت میں شیو سینا (شندے) سامنے آئی ہے۔کلیان شہر پرمکھ روی پاٹل نے مقامی شہریوں کے ساتھ مل کر ایک مشترکہ پریس کانفرنس کا انعقاد کیا۔
یہ بھی پڑھئے: غلط اطلاع دیکر ووٹرلسٹ سےنام حذف کروانے کی شکایت، ۲۴؍ افراد کو نوٹس
پریس کانفرنس کے دوران اپنا موقف پیش کرتے ہوئے متاثرہ رہائشیوں نے واضح کیا کہ وہ شہر کی ترقی اور فلاحی کاموں کے ہرگز خلاف نہیں ہیں لیکن ترقیاتی منصوبوں کے نام پر سالہا سال سے آباد شہریوں کو سڑکوں پر نہیں لایا جا سکتا۔ لہٰذا متاثر ہونے والے تمام شہریوں کو مناسب معاوضہ دیا جانا چاہیے۔ شہریوں کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس اراضی کے سلسلے میں عدالت میں ایک مقدمہ زیر سماعت تھا جس کا فیصلہ ۲۰۲۳ ءمیں ان کے حق میں آیا تھا۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ عدالت کی جانب سے ان کے حق میں فیصلہ آنے کے باوجود اب ریلوے انتظامیہ کی طرف سے اچانک گھر خالی کرنے کا نوٹس کیوں بھیجا گیا جس سے شہریوں کے سر پر چھت کا بحران پیدا ہو گیا ہے۔ پریس کانفرنس میں حکومت اور ریلوے انتظامیہ سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اس معاملے کی سنگینی کا ادراک کریں۔