Updated: November 11, 2025, 2:24 PM IST
| Mumbai
رشبھ شیٹی کی کنڑ فلم’’کانتارا: چیپٹر ون‘‘ نے ریلیز کے ۴۰؍ دن بعد شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے ہندوستان میں ۲۰۲۵ء کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بننے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ فلم نے ۶۹۷؍ کروڑ روپے کما کر وکی کوشل اور اکشے کھنہ کی فلم ’’چھاوا‘‘ کو پچھاڑ دیا ہے۔
کنڑ فلم انڈسٹری کے مشہور فلمساز اور اداکار رشبھ شیٹی کی ہدایتکاری میں بننے والی ’’کانتارا: چیپٹر ون‘‘ او ٹی ٹی پر ریلیز ہو چکی ہے، لیکن فلم کی مقبولیت میں ذرا بھی کمی نہیں آئی۔ ریلیز کے ۴۰؍ دن بعد بھی یہ فلم سنیما گھروں میں کمائی کر رہی ہے۔ پنک ولا کی ایک رپورٹ کے مطابق اس فلم نے اب ۶۹۷؍ کروڑ روپے کما لئے ہیں، جس کے ساتھ ہی یہ ۲۰۲۵ء میں ہندوستان کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بن گئی ہے۔ اس نے وکی کوشل اور اکشے کھنہ کی فلم ’’چھاوا‘‘ کو پچھاڑ دیا ہے جس نے ۶۹۵؍ کروڑ روپے (۵۵۵؍ کروڑ خالص منافع) کمائے تھے۔ واضح رہے کہ ’’کانتارا: چیپٹر ون‘‘ پہلے ہی دنیا بھر میں پہلے ہی ۸۰۰؍ کروڑ روپے سے زیادہ کما کر ۲۰۲۵ء کی عالمی سطح پر سب سے زیادہ کمائی کرنے والی ہندوستانی فلم بن چکی ہے۔ اب اس نے ملک میں بھی یہ اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: اسکورسیز نے نیرج گھیوان کیساتھ ہندوستان کی آسکر انٹری ’’ہوم باؤنڈ‘‘ کی اسکریننگ کی میزبانی کی
۲۰۲۵ء میں ہندوستان کی ٹاپ ۱۰؍ سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلمیں
(۱) کانتارا: چیپٹر ون: ۶۹۷؍ کروڑ روپے
(۲) چھاوا: ۶۹۵؍ کروڑ روپے
(۳) سیارہ: ۳۹۳؍ کروڑ روپے
(۴) قلی: ۳۲۳؍ کروڑ روپے
(۵) وار ۲: ۲۸۷؍ کروڑ روپے
(۶) مہاوتار نرسمہا: ۲۶۸؍ کروڑ روپے
(۷) دے کال ہم اوجی: ۲۱۹؍ کروڑ روپے
(۸) سنکرانتھیکی واستونم: ۲۱۷؍ کروڑ روپے
(۹) ریڈ ۲: ۲۰۱؍ کروڑ روپے
(۱۰) ستارے زمین پر: ۱۹۹؍ کروڑ روپے
یہ بھی پڑھئے: راشی کھنہ نےفلم ’’۱۲۰؍ بہادر‘‘ میں اپنے کردار کے تعلق سے بتایا
یہ فہرست صرف ہندوستانی باکس آفس پر کمائی کرنے والی فلموں پر مبنی ہے۔ ان میں چھ ہندی فلمیں (چھاوا، سیارہ، وار ۲، مہاوتار نرسمہا، ریڈ ۲، ستارے زمین پر)، دو تیلگو فلمیں (دی کال ہم اوجی، سنکرانتھیکی واستونم)، ایک تمل فلم (قلی) اور ایک کنڑ فلم (کانتارا: چیپٹر ون) شامل ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ آنے والی فلمیں جیسے ’’دے دے پیار دے ۲‘‘ اور ’’دھرندر‘‘ ٹاپ ۱۰؍ میں جگہ بنانے کے قوی امکانات ہیں۔ اس کے علاوہ، موہن لال کی آنے والی فلم ’’ورشابھا‘‘ بھی بڑی ریلیز کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔