معروف فلم ساز اور ٹیلی ویژن میزبان کرن جوہر نے اپنے مقبول سیلیبریٹی چیٹ شو ’’کافی ود کرن‘‘ کے آخری سیزن کا اعلان کردیا ہے۔ شو کے آٹھ سیزن اور ۱۶۱؍ قسط کے طویل سفر کے بعد اب کرن جوہر اس مقبول پروگرام کو الوداع کہنے جارہے ہیں۔
EPAPER
Updated: September 30, 2026, 6:14 PM IST | Mumbai
معروف فلم ساز اور ٹیلی ویژن میزبان کرن جوہر نے اپنے مقبول سیلیبریٹی چیٹ شو ’’کافی ود کرن‘‘ کے آخری سیزن کا اعلان کردیا ہے۔ شو کے آٹھ سیزن اور ۱۶۱؍ قسط کے طویل سفر کے بعد اب کرن جوہر اس مقبول پروگرام کو الوداع کہنے جارہے ہیں۔
معروف فلم ساز اور ٹیلی ویژن میزبان کرن جوہر نے اپنے مقبول سیلیبریٹی چیٹ شو ’’کافی ود کرن‘‘ کے آخری سیزن کا اعلان کردیا ہے۔ شو کے آٹھ سیزن اور ۱۶۱؍ قسط کے طویل سفر کے بعد اب کرن جوہر اس مقبول پروگرام کو الوداع کہنے جارہے ہیں۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک جذباتی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے شو کے سفر کی یادیں تازہ کیں اور مداحوں سے کہا کہ وہ ’’آخری بار‘‘ ان کے ساتھ کافی پئیں۔
کرن جوہر نے انسٹاگرام پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اعلان کیا کہ ’’ہاٹ اسٹار اسپیشلز: کافی ود کرن سیزن ۹‘‘ کا پریمیئر ۱۴؍ اکتوبر سے جیو اسٹار پر ہوگا۔ ویڈیو میں کرن نے شو کے آغاز سے لے کر اب تک کے سفر، اس سے وابستہ یادوں اور اپنے والد یش جوہر کے ساتھ ہونے والی ایک اہم گفتگو کا ذکر کیا۔ کرن جوہر نے بتایا کہ جون ۲۰۰۴ء میں انہوں نے اپنے والد اور معروف فلم پروڈیوسر یش جوہر سے کہا تھا کہ وہ ایک ٹاک شو کی میزبانی کرنا چاہتے ہیں۔ ان کا خیال تھا کہ وہ دو سیلیبریٹیز یا فلمی ستاروں کو مدعو کرکے ان کے ساتھ بے تکلف گفتگو کریں گے۔
یہ بھی پڑھئے: فہد فاصل کا انکشاف: وجے نے سب سے پہلے کہا تھا کہ میں اداکار بنوں گا
کرن کے مطابق، ان کے والد نے اس بات پر مزاحیہ انداز میں سوال کیا تھا کہ اگر وہ اپنے دوستوں کو بلا کر صرف ان سے باتیں ہی کریں گے تو آخر کوئی اس کے لیے پیسے کیوں دے گا؟ تاہم اسی مہینے یش جوہر کا انتقال ہوگیا۔ ان کا انتقال ۲۶؍ جون ۲۰۰۴ء کو ہوا تھا۔کرن نے بتایا کہ ’’کافی ود کرن‘‘ کے لیے پہلی بار ۱۶؍ اگست ۲۰۰۴ء کو شوٹنگ کی گئی تھی اور اب وہ آٹھ سیزن، ۲۲ ؍سال اور ۱۶۱؍ قسط مکمل کرنے کے بعد شو کے آخری مرحلے میں پہنچ گئے ہیں۔ فائنل سیزن کے اعلان کے موقع پر کرن جوہر نے جذباتی انداز میں کہا کہ کچھ سفر ایسے ہوتے ہیں جنہیں ختم کرنے کا انسان کبھی منصوبہ نہیں بناتا، لیکن دل کے کسی گوشے میں اسے احساس ہوجاتا ہے کہ اب اس سفر کو آگے بڑھنے کے لیے چھوڑ دینے کا وقت آگیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: راجیو مسند نے کہا :کنگنا رناوت اب ایک مذاق بن گئی ہیں
انہوں نے کہا کہ ’’کافی ود کرن‘‘ ان کی زندگی کا ایک انتہائی اہم حصہ رہا ہے۔ اس شو نے انہیں دوستیاں، یادیں، بے شمار مزاحیہ لمحات، محبت اور تنازعات بھی دیے۔ تاہم ان کے مطابق اس پورے سفر میں ایک چیز مسلسل برقرار رہی اور وہ شو کے ناظرین تھے۔ کرن جوہر نے کہا کہ ناظرین نے شو کے ساتھ ہنسی مذاق کیا، بحث کی، ٹرول کیا، اس کا جشن منایا اور سب سے اہم بات یہ کہ ہر بار ایک اور کپ کافی کے لیے واپس آتے رہے۔شو کے آخری سیزن کے بارے میں کرن نے کہا کہ الوداع کہنا جذباتی ضرور ہے، لیکن اب یہ فیصلہ انہیں درست محسوس ہوتا ہے۔ ان کے مطابق فائنل سیزن ان کی جانب سے آخری بار کافی کا مگ اٹھانے کا ایک انداز ہے، جس کے ذریعے وہ ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں جنہوں نے ’’کافی ود کرن‘‘ کو وہ مقام دلایا جو آج اسے حاصل ہے۔
دریں اثنا، جیو ہاٹ اسٹار کے ہندی اور انگریزی انٹرٹینمنٹ بزنس کے سربراہ لوک جین نے بھی ’’کافی ود کرن‘‘ کے طویل سفر کو یاد کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایسا ٹاک شو رہا ہے جس نے بڑے بڑے سیلیبریٹیز کو ناظرین کے گھروں تک پہنچایا اور ایک ایسا مداحوں کا حلقہ تشکیل دیا جس کی مثال بہت کم شوز سے ملتی ہے۔ ’’کافی ود کرن سیزن ۹‘‘ ۱۴؍ اکتوبر سے جیو ہاٹ اسٹار پر نشر/اسٹریم کیا جائے گا۔ اس اعلان کے ساتھ ہی کرن جوہر کا مقبول چیٹ شو اپنے ۲۲ ؍سالہ سفر کے آخری باب میں داخل ہوگیا ہے۔