سی سی ٹی وی نصب کرکے دوسری چوری کا انتظار کرنا کامیاب رہا۔ ڈرامائی انداز میں سابق ملازم گرفتار، ملازمت سے نکالا جاچکا تھا۔
منوج تیواری۔ تصویر: آئی این این
بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈر اور بھوجپوری فلموں کے گلوکار اور اداکار منوج چندر دیو تیواری کے گھر سے لاکھوں روپے نقد چوری کرنے کے الزام میں ان کے سابق ملازم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ البتہ ملزم کی گرفتاری کا معاملہ دلچسپ رہا کیونکہ ایک بار گھر میں چوری ہونے کے بعد سی سی ٹی وی کیمرہ نصب کرکے دوبارہ چوری ہونے کا انتظار کیا گیا اور پھر چور پکڑا گیا۔
منوج تیواری کےپاس گزشتہ ۲۰؍ برس سے بطور منیجر کام کرنے والے پرمود پانڈے نے اس سلسلے میں اندھیری کے امبولی پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کروائی ہے۔ اس شکایت میں درج تفصیلات کے مطابق جون ۲۰۲۵ء میں منوج تیواری کے بیڈ روم کے کباٹ میں رکھے ہوئے ۴؍ لاکھ ۴۰؍ ہزار روپے چوری ہوگئے تھے۔ تاہم یہ پتہ نہیں چل رہا تھا کہ رقم کس نے چوری کی ہے۔ اس وجہ سے انہوں نے دسمبر ۲۰۲۵ء میں گھر میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کروا لئے جس میں اس کباٹ کی بھی نگرانی کی گئی جس میں پیسے رکھے جاتے تھے اور چوری ہوگئے تھے۔
شکایت کنندہ کے مطابق ۱۵؍ جنوری کوبی ایم سی الیکشن والے دن شب تقریباً ۹؍ بجے وہ اپنے گھر میں بیٹھا ہوا تھا تب اس کے موبائل فون پر منوج تیواری کی رہائش گاہ پر نصب سی سی ٹی وی کیمرے سے میسیج آیا کہ ’پرسن ڈیٹیکٹیڈ‘ (فرد کا پتہ چل گیا)۔ اس پر اس نے سی سی ٹی وی کیمرے کی ریکارڈنگ دیکھی تو اس میں منوج تیواری کا سابق ملازم سریندر کمار شرما کباٹ میں سے پیسے چوری کرتا ہوا نظر آیا۔
اس پر پرمود نے فوری طور پر منوج تیواری کی رہائشی عمارت کے واچ مین سبھاش یادو کو فون پر مطلع کیا کہ گھر میں سریندر کمار پیسے چوری کررہا ہے اگر وہ نیچے آئے تو اسے باہر مت جانے دینا۔ اس پر سبھاش نے عمارت کے دیگر واچ مین کو اطلاع دے کر اس تعلق سے ہوشیار رہنے کو کہہ دیا۔شکایت کنندہ پرمود تقریباً ۱۵؍ منٹ میں منوج تیواری کے گھر پہنچ گئے اور اس وقت تک ملزم سریندر کمار گھر میں ہی تھا۔ اس پر پرمود نے اسے فون کرکے نیچے بلایا اور پھر اسے بتایا کہ اس کی چوری کی حرکت سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہوگئی ہے۔ مزید پوچھ تاچھ پر سریندر نے مبینہ طور پر چوری کا اعتراف کیا اور اس روز اس نے مزید ایک لاکھ روپے چوری کئے تھے۔
مزید پوچھ تاچھ پر ملزم نے بتایا کہ اس نے گھر کی اور کباٹ کی نقلی چابیاں بنا لی تھیں جس کی مدد سے وہ چوری کررہا تھا۔ اس موقع پر پرمود نے ۱۰۰؍ نمبر پر پولیس کنٹرول روم میں فون کرکے اس کی اطلاع دی جس پر پولیس نے آکر سریندر کو حراست میں لے لیا۔ اس کے بعد امبولی پولیس اسٹیشن میں اس کے خلاف بھارتیہ نیائے سنہیتا کی متعلقہ دفعات کے تحت کیس درج کرلیا گیا۔
پرمود کے مطابق سریندر کمار کو اس کے خراب رویے کی وجہ سے تقریباً ۲؍ برس قبل ملازمت سے نکال دیا گیا تھا لیکن وہ کبھی کبھار اس سے ملنے منوج تیواری کے گھر آیا کرتا تھا۔