بالی ووڈ کے عظیم اداکار دھرمیندر طویل علالت کے بعد آج ممبئی میں انتقال کر گئے۔ ۸؍ دسمبر کو وہ اپنی ۹۰؍ ویں سالگرہ منانے والے تھے۔
EPAPER
Updated: November 24, 2025, 2:31 PM IST | Mumbai
بالی ووڈ کے عظیم اداکار دھرمیندر طویل علالت کے بعد آج ممبئی میں انتقال کر گئے۔ ۸؍ دسمبر کو وہ اپنی ۹۰؍ ویں سالگرہ منانے والے تھے۔
بالی ووڈ کے لیجنڈ اور تجربہ کار ادا کار دھرمیندر گزشتہ کئی دنوں سے اسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد آج چل بسے۔ وہ ۳۱؍ اکتوبر سے ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال میں زیر علاج تھے جنہیں چند دنوں کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق انہیں سانس لینے میں تکلیف کے سبب اسپتال داخل کروایا گیا تھا۔ آج ۲۴؍ نومبر کی دوپہر اداکار کی رہائش گاہ سے ایک ایمبولینس نکلتی ہوئی دیکھی گئی۔ دریں اثناء، متعدد فلمی شخصیات جوہو میں شمشان پر جمع ہیں۔ حالانکہ ان کی فیملی کی جانب سے تصدیق نہیں ہوئی ہے لیکن کرن جوہر نے دھرمیندر کی موت کے متعلق سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’’ایک عہد کا خاتمہ۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: ۶۰؍سال کی عمر میں شاہ رخ خان اربوں ڈالر کے برانڈ ہیں
کام کے محاذ پر، دھرمیندر جلد ہی سری رام راگھون کی فلم ’’اکیس‘‘ میں نظر آئیں گے، جس میں اگستیہ نندا اور سمر بھاٹیہ بھی شامل ہیں۔ یہ فلم سیکنڈ لیفٹیننٹ ارون کھیترپال کی زندگی پر مبنی ہے جو ۱۹۷۱ء کی ہند پاک جنگ میں اپنی بہادری کے باعث پرم ویر چکر سے بعد از مرگ نوازے گئے تھے۔ اس سے قبل دھرمیندر کرن جوہر کی فلم ’’راکی اور رانی کی پریم کہانی‘‘ میں رنویر سنگھ، عالیہ بھٹ اور شبانہ اعظمی کے ساتھ نظر آئے تھے، جس میں ان کی اداکاری کو بے حد سراہا گیا۔
خیال رہے کہ دھرمیندر نے ۶؍ عشرے پر محیط اپنے کریئر میں ۳۰۰؍ سے زائد فلموں میں کام کیا ہے۔ تادم تحریر ان کی موت کی طلاع نہیں دی گئی ہے لیکن یکم نومبر سے اداکار کی طبیعت زیادہ خراب تھی۔