Inquilab Logo Happiest Places to Work

لکی علی نے فلموں سے قبل قالین صاف کیا اور ریفائنری میں بھی کام کیا تھا

Updated: June 29, 2026, 1:28 PM IST | Mumbai

آج ہم ایک ایسے ہی فنکار کے بارے میں بات کر رہے ہیں، جو ایک بڑے فلمی ستارے کا بیٹا ہونے کے باوجود قالین صاف کرنے کا کام بھی کر چکا ہے۔

Lucky Ali. Photo: INN
لکی علی۔ تصویر: آئی این این

بالی ووڈمیں ایسے کئی اسٹار کڈز موجود ہیں جنہوں نے فلمی دنیا میں قدم رکھنے سے پہلے یا اداکار اور ہدایت کار بننے سے قبل چھوٹے موٹے کام کیے اور اپنی محنت کے بل بوتے پر شناخت قائم کی۔ آج ہم ایک ایسے ہی فنکار کے بارے میں بات کر رہے ہیں، جو ایک بڑے فلمی ستارے کا بیٹا ہونے کے باوجود قالین صاف کرنے کا کام بھی کر چکا ہے۔یہ شخصیت کوئی اور نہیں بلکہ مشہور گلوکار لکی علی ہیں، جو عظیم کامیڈین، اداکار اور ہدایت کار محمود کے بڑے صاحبزادے ہیں۔ محمود نہ صرف اپنے دور کے ممتاز مزاحیہ اداکار تھے بلکہ انہوں نےبطور ہدایت کار بھی کامیاب فلمیں پیش کیں، تاہم ان کے بیٹے لکی علی نے اپنے والد کی شہرت کے سائے میں رہنے کے بجائے اپنی الگ شناخت بنانے کا راستہ اختیار کیا۔لکی علی کا اصل نام مقصود محمود علی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ’’لَو اینڈ وار‘‘ سیٹ حادثہ: سنجے لیلا بھنسالی سے۵۰؍ لاکھ معاوضہ کا مطالبہ

فلمی ماحول میں پرورش پانے کے باوجود انہوں نے اداکاری کے بجائے موسیقی کو اپنا میدان بنایا۔ اگرچہ انہوں نے سُر اور جاگرز پارک جیسی فلموں میں اداکاری بھی کی، لیکن انہیں اس شعبے میں زیادہ کامیابی حاصل نہ ہوئی اور بعد میں انہوں نےمکمل طور پرموسیقی پر توجہ مرکوزکر دی۔شہرت حاصل کرنے سے پہلے لکی علی نے زندگی کے مختلف مراحل میں کئی معمولی ملازمتیں بھی کیں۔ انہوں نے قالین صاف کرنے کا کام کیا اور سمندر میں واقع تیل کی ریفائنری میں بھی ملازمت کی۔ یہ تجربات ان کی جدوجہد اور خود انحصاری کی علامت سمجھے جاتے ہیں، کیونکہ وہ اپنے والد کے نام پر انحصار کرنےکے بجائے اپنی محنت سے آگے بڑھنا چاہتے تھے۔

یہ بھی پڑھئے: موسیقی پر مبنی ڈرامہ ’’لو یو زوبین دا‘‘ گلوکار کی زندگی اور ورثے کو خراجِ عقیدت پیش کریگا

۱۹۹۶ءمیں لکی علی نے اپنا پہلا میوزک البم سنو پیش کیا، جس نے ہندوستانی پاپ موسیقی میں ایک نئی روح پھونک دی۔ اس البم کے گیت، خصوصاً’او صنم‘، نوجوان نسل کے دلوں کی دھڑکن بن گئے اور لکی علی راتوں رات گھر گھر میں پہچانے جانے لگے۔’سنو‘ کی زبردست کامیابی نےانہیں ہندوستان کے سب سے بڑے غیر فلمی گلوکاروں میں شامل کر دیا۔ ایک ایسے دور میں جب بالی ووڈ موسیقی کا مکمل غلبہ تھا، لکی علی نے انڈی پاپ کے ذریعے اپنی الگ شناخت قائم کی اور ایک وسیع مداح طبقہ پیدا کیا۔ ۱۹۹۰ءکی دہائی کے وسط سےلےکر ۲۰۰۰ءکے ابتدائی برسوں تک ان کی مقبولیت اپنے عروج پر رہی۔اپنی منفرد آواز، سادہ اندازِ گائیکی اور دل کو چھو لینے والی دھنوں کی بدولت لکی علی نے ہندوستانی موسیقی میں ایک ایسا مقام حاصل کیا، جو آج بھی انہیں دوسرے گلوکاروں سے ممتاز کرتا ہے۔ ان کے گیت صرف تفریح کا ذریعہ نہیں بلکہ ایک نسل کی یادوں اور جذبات کا حصہ بن چکے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK