• Tue, 17 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

آندھرا کا یوم ِ تاسیس کب؟ اک معمہ جو حل کا طالب ہے!

Updated: November 17, 2026, 12:41 PM IST | Prasad Nachin Metla | Hyderabad

۱۹۵۳ء میں کون سا آندھرابنا، ۱۹۵۶ء میں تلنگانہ کے انضمام کے ساتھ کون سا خطہ اُبھرا، موجودہ آندھرا ریاست کیسی ہے؟ ان سوالوں کا جواب ملاحظہ کیجئے:

Naidu.Photo:PTI
نائیڈو۔ تصویر:پی ٹی آئی
یکم نومبر کو، آندھرا پردیش کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس ریاست کے یوم تاسیس کے موقع پر رنگین پوسٹس اور ویڈیو کلپ سے بھرے ہوئے تھے۔ صدر دروپدی مرمو، مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ، اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ، کانگریس لیڈر راہل گاندھی اور دیگر لیڈروں نے ریاست کے عوام کو مبارکباد دی۔تاہم، نہ تو ریاستی دارالحکومت امراؤتی نہ ہی ۲۸؍ ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں سے کسی نے بھی خصوصی دن کی یاد میں کوئی تقریب منعقد کی۔ یہاں تک کہ گورنر کا دفتر اور رہائش گاہ لوک بھون تک خاموش رہا۔اس دن ہونے والے شہری بلدیاتی انتخابات میں سیاسی لیڈران اور ان کی جماعتیں نیز کارکنان ووٹ ڈالنے میں مصروف تھے۔ اسکولوں اور کالجوں میں جھنڈا نہیں لہرایا گیا اور نہ ہی ریاستی گانا ’’ما ںتیلگو تلیکی‘ ‘ گایا گیا۔
آندھرا پردیش کی تشکیل۱۹۵۶ء میں ہوئی تھی۔۵۸؍ برس  تک ریاست کا یوم تاسیس ہر سال یکم نومبر کو منایا جاتا رہا۔ تاہم، متحدہ آندھرا پردیش کی تقسیم اور۲۰۱۴ءمیں تلنگانہ کی تشکیل کے بعد تیلگو دیشم پارٹی (ٹی ڈی پی) کی زیر قیادت حکومتوں کے دوران اس دن کی سرکاری اہمیت ختم ہوگئی۔قبل ازیں یووا جن شرامک رایتھو کانگریس پارٹی (وائی ایس آر سی پی) کی حکومت نے یوم تاسیس کی تقریبات کو بحال کیا۔ تاہم۲۰۲۴ء میں ٹی ڈی پی کے اقتدار میں واپس آنے کے بعد وزیر اعلیٰ این چندرا بابو نائیڈو نے دوبارہ اس روایت کو ختم کردیا۔  آندھرا پردیش کے سابق چیف سیکریٹری آئی وائی آر کرشنا راؤ کہتے ہیں: ’’یہ ستم ظریفی ہے کہ آندھرا پردیش کے تقریباً۵۵؍ ملین لوگوں کے پاس اپنی ریاست کے قیام کی یاد منانے کیلئے کوئی تاریخ یا دن نہیں ہے۔‘‘یکم نومبر کو کوئی اہمیت نہ دینے کا فیصلہ کرتے ہوئےچندر بابو نائیڈو نے قومی لیڈروں کے مبارکباد کے پیغامات کا بھی جواب نہیں دیا۔نائب وزیر اعلیٰ اور جن سینا (جے ایس پی) کے سربراہ پون کلیان کا بھی رویہ ایسا ہی رہا اور وہ یوم تاسیس کی تقریبات سے دور ہی رہے۔تاہم حکومتی اتحادمیں شامل بی جے پی کےلیڈروں نے ایک مختلف موقف اختیار کیا ۔ پا رٹی کی ریاستی اکائی کے صدرپی وی این مادھو اور راجمندری حلقے کے رکن پارلیمنٹ اور سابق مرکزی وزیر دگوبتی پرندیشوری نے اس موقع پر ریاست کے لوگوں کو تہہ دل سے مبارکباد پیش کی۔ سابق وزیر اعلیٰ اور وائی ایس آر سی پی کے سربراہ جگن موہن ریڈی نے بھی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے آزادی پسند جنگجو پوٹی شری رامولو کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔ ریڈی نے کہا ’’ انہوں نے عدم تشدد کو اپنا ہتھیار اور غیر متزلزل عزم کو اپنی طاقت بنایا اور تیلگو بولنے والے لوگوں کیلئے الگ ریاست کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کیلئے  اپنی جان عزیز قربان کردی۔‘‘
اپوزیشن وائی ایس آر سی پی نے پہلےٹی ڈی پی - جے ایس پی  کے یوم تاسیس نہ منانے کے فیصلے کو پوٹی شری رامولو کی توہین قرار دیا تھا۔ پارٹی نے اسے آندھرا پردیش کے بنیاد گزار لیڈروںکی قربانیوں کی بھی توہین کہا تھا۔ ۱۹۵۲ءمیں پوٹی شری رامولو نے مدراس (چنئی) میں غیر معینہ بھوک ہڑتال شروع کی تھی جو ۵۸؍ دن چلی تھی۔ انہوں نے ایک وسیع تحریک کو جنم دیا جس کی وجہ سے تیلگو بولنے والوں کیلئے ایک علاحدہ آندھرا ریاست کی تشکیل ہوئی۔ 
یکم اکتوبر۱۹۵۳ءکومدراس پریسیڈنسی سے الگ ہو کر بننے والی ریاست آندھرا ہندوستان میں لسانی اعتبار سے پہلی علاحدہ ریاست تھی ۔۳؍ سال بعد یکم نومبر۱۹۵۶ء کو ایک بڑے آندھرا پردیش کا قیام عمل میں آیا۔ اس کے نتیجے میں ایک اور تیلگو بولنے والے خطہ تلنگانہ کا آندھرا پردیش کے ساتھ انضمام ہوا۔ اس وقت تلنگانہ نظام کی حیدرآباد ریاست کا حصہ تھا۔
نائیڈو حکومت نے اپنی پچھلی میعاد (۱۹-۲۰۱۴ء)کے دوران یکم نومبر کو یوم تاسیس نہیں منایا۔ حکومت نے کہا کہ تاریخ اب متعلق نہیں رہی۔ اس کی وجہ یہ تھی کہ یکم نومبر آندھرا اور تلنگانہ کے انضمام  کے دن کے طورپر منایا جاتا تھا مگر ۲۰۱۴ء میں دونوں خطوں کو دوبارہ علاحدہ کردیا گیا ۔ اس کے بجائےچندربابو نائیڈو نے ۲؍جون سے ۸؍ جون۲۰۱۸ء تک ہر سال ’نو نرمان دکشا‘ کےعنوان سے ایک ہفتہ احتجاج کا اہتمام کیا۔ آندھرا پردیش کو۲؍ جون کو تقسیم کیا گیا تھا جب کہ نائیڈو نے ۸؍ جون۲۰۱۴ء کو وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا تھا۔ چندر بابونائیڈو حکومت نے تقسیم کے دوران آندھرا پردیش کے ساتھ کی گئی ’ناانصافی ‘کو اجاگر کرنے کیلئے مختلف سرگرمیوں پر سالانہ تقریباً ۱۵؍ کروڑ روپے خرچ کئے ہیں ۔ اس وقت ریاست کے عوام معاشی طور پر مضبوط مرکز حیدرآباد کےچلے جانے کے سبب سخت ناراض تھے۔ ۲۰۱۹ء میں اقتدار میں آنے کے بعد جگن موہن ریڈی نے سالانہ دِکشا ہفتہ کا اہتمام ختم کر دیا اور یکم نومبر کو ریاست کی تشکیل کے دن کے طور پر منانے کا سلسلہ دوبارہ شروع کیا۔
۱۹۵۶ء میں آندھرا اور تلنگانہ کا انضمام دونوں خطوں کے قائدین کے درمیان’جنٹلمینز ایگریمنٹ‘ کا نتیجہ تھا ۔ اس کا مقصد متحدہ ریاست میں تیلگو بولنے والوں کے مفادات کا تحفظ تھا۔ ۲۰۱۴ء میں ریاست کی تقسیم تلنگانہ کے لیڈروں کی ان دیرینہ شکایات کا نتیجہ تھی کہ آندھرا ملازمتوں، آبی وسائل اور دیگر شعبوں پر اپنا تسلط برقرار رکھے ہوئے ہے۔ کرشنا راؤکہتے ہیں کہ یکم نومبر ۱۹۵۶ء کو دونوں خطوں کا اتحاد ہوا اور۲؍ جون۲۰۱۴ءکو یہ رشتہ ختم ہوا۔ آج کا آندھرا پردیش وہی ہے جو یکم اکتوبر ۱۹۵۳ء سے۱۹۵۶ء تک تھا اسلئے کم از کم یوم تاسیس یکم اکتوبر کو کردینا چاہئے ۔ انہوں نے  کہا کہ ۲۰۱۴ء  اور  ۲۰۱۶ء کے درمیان آندھرا پردیش کے چیف سیکریٹری کی حیثیت سے انہوں نے اس سلسلے میں ایک فائل بھی منتقل کی تھی لیکن اس سے کچھ حاصل نہیں ہوا۔
’’نویاندھراانٹلیکچوئل فورم‘‘ کے صدر پروفیسر ڈی اے آر سبرامنیم کا خیال ہے کہ یکم نومبر کو یوم تاسیس منانا مناسب ہے۔ سبرامنیم کہتے ہیں’’یکم اکتوبر۱۹۵۳ء کو بننے والی آندھرا ریاست میں بیلاری کے کچھ حصے شامل تھے۔ لیکن یکم نومبر۱۹۵۶ء کو جب آندھرا پردیش اور میسور کو الگ الگ لسانی ریاستوں کے طور پر بنایا گیا تو بیلاری کا وہ حصہ کرناٹک میں چلا گیا ۔۱۹۵۳ء کی آندھرا ریاست اب تاریخ بن چکی ہے۔ موجودہ آندھرا پردیش وہی خطہ ہے جو ۱۹۵۶ء میں بنا تھا ۔ ۲۰۱۴ء میں تلنگانہ کی علاحدگی کے بعد بھی اس میں حیدرآباد کا تیلگو بولنے والا حصہ شامل تھا، اس لئےیکم نومبر کو آندھرا پردیش کا یوم تاسیس تسلیم کیا جانا چاہئے۔ ٹی ڈی پی اور جے ایس پی کے کئی سینئر لیڈر تسلیم کرتے ہیں کہ یکم نومبر تاریخی طور پر آندھرا پردیش کیلئے ایک اہم دن رہا ہے لیکن سیاسی مسائل اور اختلافات کے سبب یہ دن (یکم نومبر) اب نہیںمنایاجاتا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK