Inquilab Logo Happiest Places to Work

موسیقی پر مبنی ڈرامہ ’’لو یو زوبین دا‘‘ گلوکار کی زندگی اور ورثے کو خراجِ عقیدت پیش کریگا

Updated: June 28, 2026, 8:05 PM IST | Mumbai

ہدایتکار شری پریتم کی آنے والی موسیقی پر مبنی ڈرامہ فلم ’’لو یو زوبین دا‘‘ موسیقی کے معروف آئیکون زوبین گرگ کی زندگی، موسیقی اور ان کے لازوال ورثے کو خراجِ عقیدت پیش کرے گی۔

Zubeen Garg.Photo:INN
زوبین گرگ۔ تصویر:آئی این این

ہدایتکار شری پریتم کی آنے والی موسیقی پر مبنی ڈرامہ فلم ’’لو یو زوبین دا‘‘ موسیقی کے معروف آئیکون زوبین گرگ کی زندگی، موسیقی اور ان کے لازوال ورثے کو خراجِ عقیدت پیش کرے گی۔ زوبین گرگ گزشتہ سال ۵۳؍برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔ یہ فلم پروڈیوسرایم ڈی فاروق الدین کی پیشکش ہے جبکہ اسے گریبس میڈیا اینڈ پروڈکشن پرائیویٹ لمیٹڈ اور برشا موویز مشترکہ طور پر پیش کر رہے ہیں۔ اس فلم کے ذریعےاقبال رحیمی اوربرشا سین گپتا اداکاری کی دنیا میں قدم رکھ رہے ہیں۔
کہانی وشال (اقبال رحیمی) کے گرد گھومتی ہے، جو ایک جدوجہد کرنے والا گلوکار ہے اور بچپن سے ہی زوبین گرگ کو اپنا سب سے بڑا آئیڈیل مانتا آیا ہے۔ برسوں کی کوشش کے باوجود وہ کبھی اپنے پسندیدہ موسیقار سے ملاقات نہیں کر پاتا۔ وقت گزرنے کے ساتھ وشال کی مسلسل محنت رنگ لانے لگتی ہے اور وہ آہستہ آہستہ موسیقی کی دنیا میں کامیابی کے اپنے خواب کے قریب پہنچنے لگتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے:فیفا ورلڈکپ:ڈی آر کانگو نے ازبکستان کو شکست دے کر شاندار واپسی کی


جب وہ کامیابی کی دہلیزپر ہوتا ہے تو ایک غیر متوقع سانحہ اس کی زندگی کا رخ بدل دیتا ہے۔ ذاتی بحران اور اپنے محبوب آئیڈیل سے ملنے کی دیرینہ خواہش کے درمیان پھنس کر، وشال اپنی زندگی کے ایک نہایت اہم موڑ پر آ کھڑا ہوتا ہے۔ فلم میں اپنے کردار کے بارے میں بات کرتے ہوئے اقبال رحیمی نے کہا’’زوبین گرگ لاکھوں لوگوں کے لیے ہمیشہ ایک عظیم تحریک رہے ہیں اور رہیں گے۔ ان کا نام بے شمار لوگوں کے جذبات سے جڑا ہوا ہےاور میں خود کو اس خوبصورت منصوبے کا حصہ بننے پر بے حد خوش قسمت اور قابلِ فخر سمجھتا ہوں۔‘‘
برشا سین گپتا نے کہا’’میں نے اس فلم کو ابتدائی خیال سے لے کر مکمل اسکرپٹ بننے تک کا سفر دیکھا ہے۔ مرکزی اداکارہ کا کردار ادا کرنے کا موقع میرے لیے خوشی کے ساتھ ساتھ ایک بڑی ذمہ داری بھی ہے۔‘‘ ہدایتکار شری پریتم نے بتایا’’۲۰۱۱ء سے مجھے بطور میوزک ڈائریکٹر ٹالی ووڈ میں زوبین دا کے ساتھ کئی گانوں پر کام کرنے کا اعزاز حاصل رہا اور ان کے تمام گانے شائقین میں بے حد مقبول ہوئے۔ برسوں تک ان کے قریب رہنے کا موقع ملا، اور اسی جذباتی وابستگی سے اس فلم کا خیال جنم لیا۔‘‘

یہ بھی پڑھئے:گیلکسی سلمان خان کے مداحوں کے لیے ایک مقدس مقام بن چکا تھا


انہوں نے مزید کہا’’میرے پاس زوبین دا کے دو ایسے گانے بھی موجود تھے جو ابھی تک ریلیز نہیں ہوئے تھے، اور یہی اس فلم کی سب سے بڑی خاص بات (یو ایس پی ) ہیں۔ میں نے اس فلم کے ہر منظر کے ذریعے انہیں دل کی گہرائیوں سے خراجِ عقیدت پیش کرنے کی کوشش کی ہے۔ یہ منصوبہ میری زندگی کا ایک سنہری موقع ہے۔‘‘ فلم کی دیگر کاسٹ میں پارن بندوپادھیائے، گیتاوالی راج کماری، ابھیجیت گوہا، پارتھا پرتیم گوسوامی، ویولینا بوردولئی، سوربھ چٹرجی  اور  مدھومیتا گپتا شامل ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK