• Tue, 02 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

منوج پہوا کو ’آفس آفس‘ ٹی وی شو سے غیر معمولی شہرت ملی

Updated: September 01, 2025, 12:21 PM IST | Agency | New Delhi

منوج پہوا ایک فلم اورٹی وی اداکار ہیں جو ٹی وی کی دنیا میں ٹی وی شو ’آفس آفس‘ میں ’بھاٹیہ‘ کے کردار کے لئے جانے جاتے ہیں۔ منوج اب تک تقریباً۱۰۰؍فلموں میں اداکاری کر چکے ہیں جن میں ’بینگ سائرس‘، ’ سنگھ از کنگ‘ اور’ دبنگ‘ وغیرہ شامل ہیں۔

Manoj Pahwa is known for his excellent acting. Photo: INN
منوج پہوا بہترین اداکاری کیلئے جانے جاتےہیں۔ تصویر: آئی این این

منوج پہوا ایک فلم اورٹی وی اداکار ہیں جو ٹی وی کی دنیا میں ٹی وی شو ’آفس آفس‘ میں ’بھاٹیہ‘ کے کردار کے لئے جانے جاتے ہیں۔ منوج اب تک تقریباً۱۰۰؍فلموں میں اداکاری کر چکے ہیں جن میں ’بینگ سائرس‘، ’ سنگھ از کنگ‘ اور’ دبنگ‘ وغیرہ شامل ہیں۔ منوج یکم ستمبر ۱۹۶۳ء کو دہلی میں ایک پنجابی خاندان میں پیدا ہوئے۔ منوج کے والد تقسیم ہند کے دوران پنجاب آ گئے تھے۔ انہوں نے اپنی تعلیم نیشنل پبلک اسکول دریاگنج سے حاصل کی۔ 
 منوج کی شادی سیما بھارگو سے ہوئی ہے۔ دونوں کی ملاقات ٹی وی شو ’ہم لوگ‘ کے سیٹ پر ہوئی تھی۔ ان کے ایک بیٹی ’منوکرتی‘ اور ایک بیٹا ’مینک ‘ ہے۔ منوج نے اپنے کریئر کا آغاز ٹی وی کی دنیا میں کامیڈی شو ’جسٹ محبت‘ سے کیا۔ اس کے بعد وہ ٹی وی شو ’آفس آفس‘ میں نظر آئے۔ منوج نے فلمی دنیا میں قدم فلم ’تیرے میرے سپنے‘ سے رکھا اور اب تک وہ اپنے کریئر میں ۱۰۰؍ سے زیادہ فلموں میں اداکاری کر چکے ہیں۔ 
آفس آفس
 ۲۰۰۰ءتک منوج نے کئی سیریلز میں کام کیالیکن ۲۰۰۱ء میں وہ ’آفس آفس‘ سیریل سے گھر گھر میں مشہور ہو گئے۔ پَنکج کپور کے سیریل ’آفس آفس‘ میں منوج نے ’بھاٹیہ جی‘ کا کردار نبھایا تھا۔ اس کردار نے لوگوں کے دلوں میں خاص جگہ بنائی۔ اپنے مزاحیہ انداز کے ذریعے منوج نے اس کردار کو مزید خاص بنا دیا۔ اس سیریز میں منوج کا کردار کھانے کا بے حد شوقین تھا، اس لئے وہ ہر وقت کچھ نہ کچھ کھاتے رہتے تھے۔ اس شو میں ہندوستان میں پھیلی ہوئی بدعنوانی پر طنز کیا گیا تھا۔ 
آرٹیکل۱۵
 منوج پہوا کو زیادہ تر مزاحیہ کرداروں میں دیکھا گیا ہے لیکن انہوں نے مزاحیہ کرداروں کے ساتھ ساتھ سنجیدہ کردار بھی ادا کئے ہیں اور ان کرداروں میں بھی جان ڈال کر خوب نام کمایا۔ فلم ’آرٹیکل ۱۵‘ میں منوج نے ایک پولیس افسر کا منفی کردار نبھایا ہے۔ وِلن بن کر منوج کا کردار نشے کی حالت میں دلت لڑکیوں کے ساتھ زیادتی کرتا ہے اور ان کا قتل کر دیتا ہے۔ اس فلم میں منفی کردار ادا کرنے کے باوجود منوج نے اپنے مداحوں کو متاثر کیا۔ 
ملک 
 کامیڈی اور ولن کے کردار کے علاوہ منوج حساس اور جذباتی کردار بھی ادا کر چکے ہیں۔ فلم ’ملک‘ میں منوج نے نہایت ہی جذباتی کردار ادا کیا ہےجسے دیکھنے کے بعد ناظرین کی آنکھیں بھی نم ہو گئیں۔ اس فلم میں دکھایا گیا ہے کہ ایک مسلم خاندان اپنے رشتہ داروں میں پیش آنے والی مشکلات اور کھوئے ہوئے عزت و وقار کو دوبارہ پانے کے لئے کیسے جدوجہد کرتا ہے؟ اس فلم میں منوج پہوا نے ’بلال‘ کا کردار نبھایا ہے جسے اپنے بیٹے کے غلط کاموں کی سزا بھگتنی پڑتی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK