Updated: August 01, 2026, 8:03 PM IST
| Los Angeles
مارول اسٹوڈیوز نے اپنی نئی X-Men ریبوٹ فلم کے لیے آسٹریلوی اداکارہ سمارا ویونگ (Samara Weaving) کو ایما فراسٹ (Emma Frost) کے کردار کے لیے منتخب کر لیا ہے۔ متعدد امریکی تفریحی ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ طویل آڈیشن عمل کے بعد کیا گیا۔ اگرچہ مارول نے باضابطہ اعلان نہیں کیا، تاہم اس کاسٹنگ کو ایم سی یو میں میوٹنٹس (Mutants) کے نئے دور کی اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
سمارا ویونگ، ایما فراسٹ کا کردار ادا کریں گی۔ تصویر: ایکس
مارول سنیماٹک یونیورس (MCU) کی متوقع X-Men ریبوٹ فلم کی کاسٹنگ تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے اور تازہ اطلاعات کے مطابق آسٹریلوی اداکارہ سمارا ویونگ کو مشہور میوٹنٹ کردار ایما فراسٹ کے لیے منتخب کر لیا گیا ہے۔ مختلف بین الاقوامی تفریحی ذرائع نے رپورٹ کیا ہے کہ یہ انتخاب ایک طویل آڈیشن عمل کے بعد کیا گیا، جس میں متعدد اداکاراؤں نے حصہ لیا تھا۔ رپورٹس کے مطابق فلم کے ہدایت کار جیک شرائر (Jake Schreier) اور مارول اسٹوڈیوز کے صدر کیون فائیگی (Kevin Feige) نے کئی امیدواروں سے ملاقاتوں اور اسکرین ٹیسٹ کے بعد سمارا ویونگ کو اس کردار کے لیے حتمی طور پر منتخب کیا۔ تاہم خبر سامنے آنے تک مارول اسٹوڈیوز نے اس کاسٹنگ کی باضابطہ تصدیق یا تردید نہیں کی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: جذباتی اداکاری میں مینا کماری نے جو نام کمایا، وہ کسی اور کے حصے میں نہیں آیا
ایما فراسٹ مارول کامکس کی مقبول ترین میوٹنٹس میں شمار ہوتی ہیں۔ وہ پہلی بار ۱۹۸۰ء میں کامکس میں متعارف ہوئیں۔ ان کی بنیادی طاقت ٹیلی پیتھی ہے، جبکہ وہ اپنے جسم کو انتہائی مضبوط آرگینک ڈائمنڈ میں بھی تبدیل کر سکتی ہیں۔ ابتدا میں انہیں ہیل فائر کلب (Hellfire Club) کی رکن اور ایک مخالف کردار کے طور پر پیش کیا گیا تھا، لیکن بعد میں وہ ایکس مین کی اہم رکن، استاد اور لیڈربن گئیں۔ بڑے پردے پر اس سے قبل ٹاہینا ٹوزی نے X-Men Origins: Wolverine میں اس کردار کا ایک ورژن ادا کیا تھا، جبکہ جنوری جونز نے X-Men: First Class اور بعد ازاں X-Men: Days of Future Past میں ایما فراسٹ کا کردار نبھایا تھا۔ اگر موجودہ اطلاعات درست ثابت ہوتی ہیں تو سمارا ویونگ اس کردار کو ادا کرنے والی تیسری اداکارہ ہوں گی۔
یہ بھی پڑھئے: ’ملکہ ٔ جذبات‘ میناکماری حقیقی زندگی میں بھی جذباتی تھیں
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب حال ہی میں سیڈی سنک (Sadie Sink) نے Spider-Man: Brand New Day میں جین گرے (Jean Grey) کے طور پر ایم سی یو میں قدم رکھا ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق مارول اب بتدریج میوٹنٹ کرداروں کو اپنی مرکزی فلمی کائنات میں شامل کر رہا ہے تاکہ Avengers: Secret Wars کے بعد ایک نئے دور کا آغاز کیا جا سکے۔ فلم کی ہدایت کاری جیک شرائر کر رہے ہیں، جبکہ اسکرین پلے پر لی سنگ جن (Lee Sung Jin) اور جوانا کیلو (Joanna Calo) کام کر رہے ہیں۔ شرائر اس سے قبل کہہ چکے ہیں کہ نئی X-Men فلم صرف سپر ہیروز کی کہانی نہیں ہوگی بلکہ اس میں نظریاتی اختلافات، ذاتی تعلقات اور کرداروں کے باہمی ڈرامے کو بھی نمایاں اہمیت دی جائے گی، جو اصل کامکس کی شناخت رہے ہیں۔
سمارا ویونگ حالیہ برسوں میں Ready or Not سیریز، Scream VI اور دیگر فلموں میں اپنی اداکاری سے خاصی شہرت حاصل کر چکی ہیں۔ مارول کی اس متوقع کاسٹنگ کو ان کے کیریئر کا اب تک کا سب سے بڑا سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ شائقین اب نئی X-Men ٹیم کے دیگر کرداروں کے باضابطہ اعلان کا انتظار کر رہے ہیں۔