نیٹ فلکس کی فلم ’’اینولا ہومز ۳‘‘ کی ریلیز سے قبل ہالی ووڈ اداکارہ ملی بوبی براؤن نے انکشاف کیا ہے کہ وہ مستقبل میں ہندوستان کا دورہ کرنا چاہتی ہیں اور اگر موقع ملا تو ہندی فلم میں کام کرنے کے لیے بھی تیار ہیں۔
EPAPER
Updated: June 27, 2026, 9:03 PM IST | Los Angeles
نیٹ فلکس کی فلم ’’اینولا ہومز ۳‘‘ کی ریلیز سے قبل ہالی ووڈ اداکارہ ملی بوبی براؤن نے انکشاف کیا ہے کہ وہ مستقبل میں ہندوستان کا دورہ کرنا چاہتی ہیں اور اگر موقع ملا تو ہندی فلم میں کام کرنے کے لیے بھی تیار ہیں۔
’’اینولا ہومز ۳‘‘ کی ریلیز سے قبل ہالی ووڈ اداکارہ ملی بوبی براؤن نے ایک نئی خواہش کا اظہار کیا ہے، جس نے ہندوستانی مداحوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی ہے۔ ۲۲؍ سالہ اداکارہ نے کہا ہے کہ وہ مستقبل میں ہندوستان کا دورہ کرنا چاہتی ہیں اور اگر موقع ملا تو ہندی فلم میں بھی کام کرنے کے لیے تیار ہیں۔ ورائٹی انڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ملی بوبی براؤن نے بتایا کہ ہندوستان طویل عرصے سے ان کی سفری خواہشات کی فہرست میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’بالکل، میں کبھی بھی انکار نہیں کروں گی۔ ہندوستان میری بکٹ لسٹ میں شامل ہے۔ میں واقعی وہاں جانا چاہتی ہوں۔‘‘ جب ان سے پوچھا گیا کہ اگر انہیں ہندوستانی فلم میں کام کرنے کا موقع ملے تو وہ کس نوعیت کا کردار کرنا پسند کریں گی، تو انہوں نے جواب دیا کہ ’’میں کسی بھی چیز کے لیے تیار ہوں، خاص طور پر ایک کامیڈی فلم… میں ایک مزاحیہ لڑکی ہوں۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: سمانتھا کی ’’ما انتی بنگارم‘‘ کے سیکوئل پر کام جاری ہے: راج ندیمورو کی تصدیق
انٹرویو کے دوران جب انہیں بتایا گیا کہ بالی ووڈ فلموں میں اکثر اداکاروں کو رقص بھی کرنا پڑتا ہے تو انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ ’’مجھے رقص کرنا بہت پسند ہے۔‘‘ ’’اینولا ہومز ۳‘‘ میں ان کے ساتھی اداکار لوئس پارٹریج نے بھی ہندوستان آنے کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں بھی ہندوستان آؤں گا، ضرور آؤں گا۔ میں وہاں کو دریافت کرنا چاہوں گا۔‘‘ اس پر ملی بوبی براؤن نے ہنستے ہوئے کہا کہ لوئس اچھے ڈانسر نہیں ہیں، جس پر انہوں نے مزاحیہ انداز میں جواب دیا کہ ’’ہاں، مجھے تو سیدھا میدان میں اتار دو۔‘‘
ملی بوبی براؤن نے فلم میں اپنے ایکشن سینز کے بارے میں بھی گفتگو کی اور بتایا کہ اس بار ان کے کردار میں نمایاں تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’اینولا ہومز ۱‘‘ اور ’’اینولا ہومز ۲‘‘ میں میں نے بہت زیادہ ایکشن سین کیے تھے۔ میری لڑائیوں میں جسمانی مہارت نمایاں تھی۔ تاہم، اینولا کے ہاتھ میں بندوق دینا میرے لیے آسان فیصلہ نہیں تھا کیونکہ اس کردار کی اصل طاقت ہمیشہ اس کے جسم اور اس کی مہارت رہی ہے۔ لیکن اس بار اس کے پاس مختلف اوزار اور سازوسامان بھی ہیں، اور یہ تجربہ میرے لیے واقعی دلچسپ تھا۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: اکشے کمار کا اشارہ: ’’ویلکم ۴‘‘ میں نانا پاٹیکر اور انیل کپور کی واپسی ممکن
’’اینولا ہومز ۳‘‘ کی ہدایت کاری فلپ بارانٹینی نے کی ہے، جو نیٹ فلکس کی مقبول کرائم ڈرامہ سیریز Adolescence کے لیے بھی جانے جاتے ہیں۔ اس سے قبل ’’اینولا ہومز‘‘ اور ’’اینولا ہومز ۲‘‘ کی ہدایت کاری ہیری بریڈبیئر نے کی تھی۔ فلم کے اسکرین رائٹر جیک تھورن ایک مرتبہ پھر واپس آئے ہیں جبکہ کاسٹ میں ہیلینا بونہم کارٹر بطور یوڈوریا ہومز، شیرون ڈنکن بریوسٹر بطور موریارٹی، سوسن ووکوما بطور ایڈتھ، ہینری کیول بطور شرلاک ہومز اور لوئس پارٹریج بھی اپنی سابقہ کرداروں میں نظر آئیں گے۔ فلم کی پروڈکشن لیجنڈری انٹرٹینمنٹ نے سنبھالی ہے، جبکہ ملی بوبی براؤن نےبطور پروڈیوسر بھی خدمات انجام دی ہیں۔
تازہ ترین پروموشنل مہم کے دوران نیٹ فلکس نے فلم کا نیا ٹریلر بھی جاری کیا ہے، جس میں اینولا کی زندگی کا اب تک کا سب سے بڑا اور ذاتی معمہ دکھایا گیا ہے۔ اس بار کہانی مالٹا میں پیش آتی ہے، جہاں اینولا کی شادی کی تیاریوں کے دوران شرلاک ہومز پراسرار طور پر لاپتا ہو جاتا ہے، جس کے بعد وہ ایک نئے خطرناک مشن پر نکل پڑتی ہے۔ ’’اینولا ہومز ۳‘‘ یکم جولائی ۲۰۲۶ء کو نیٹ فلکس پر ریلیز ہوگی۔