• Sun, 21 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

نلنی جیونت ابتدائی دور کی ایک بہترین اداکارہ

Updated: December 21, 2025, 1:50 PM IST | Agency | Mumbai

بالی ووڈکی گزرے زمانےکی بے حد خوبصورت اداکارہ نلنی جیونت کی پیدائش ۱۸؍ فروری ۱۹۲۶ءکوممبئی کے ایک مراٹھی خاندان میں ہوئی۔ ان کے والد کسٹم آفیسر جبکہ والدہ گھریلو خاتون تھیں۔

Nalini Jaywant  is a beautiful actress. Picture: INN
نلنی جیونت ایک خوبصورت اداکارہ۔ تصویر: آئی این این
بالی ووڈکی گزرے زمانےکی بے حد خوبصورت اداکارہ نلنی جیونت کی پیدائش ۱۸؍ فروری ۱۹۲۶ءکوممبئی کے ایک مراٹھی خاندان میں ہوئی۔ ان کے والد کسٹم آفیسر جبکہ والدہ گھریلو خاتون تھیں۔ ان کے دو بھائی بھی تھے۔ نلنی کو بچپن سے ہی رقص کا بے حد شوق تھا، جس میں ان کے والد نے ان کاساتھ دیا۔ انہوںنے ہیرا بائی جویری سے کلاسیکی موسیقی کی تربیت بھی حاصل کی۔ وہ کاجول کی نانی شوبھنا سمرتھ کی خالہ زاد بہن تھیں۔ ۱۹۴۱ءمیں فلم رادھیکا سے نلنی نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا۔فلم رادھیکا میں نلنی نے اداکاری کے ساتھ کچھ گانے بھی گائے۔ انہوں نے۳؍سولو گانے اور۴؍ گانے ہریش، نورجہاں اور ماروتی راؤ کے ساتھ گائے۔ دوسری فلم’بہن‘میں بھی انہوں نے ۴؍گانے گائے۔بعد میں بھی کئی فلموں میں وہ  اداکاری کے ساتھ ساتھ گلوکاری بھی کرتی رہیں۔ ۱۹۴۸ء میں ان کی۲؍فلمیں انوکھا پیار اور گنجن ریلیز ہوئیں۔انوکھا پیار میں وہ دلیپ کمار کے ساتھ نظر آئیں اور دونوں کی جوڑی کافی پسند کی گئی۔
نلنی نے اشوک کمار کے ساتھ بھی کئی فلمیں کیں۔فلم بینوں کو بھی ان کی جوڑی کافی پسند تھی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں کے درمیان افیئر بھی رہا۔ ۱۹۵۳ءکی فلم سمادھی کی شوٹنگ کے دوران دونوں قریب آگئے، لیکن سات سال بعد دونوں الگ ہو گئے۔ فلم سمادھی کا گانا’گورے گورے او بانکے چھورے‘ اور  فلم’نوجوان‘ کا’ٹھنڈی ہوائیں لہراکے آئیں‘ آج بھی   سامعین کو مسحور کردیتے ہیں۔
نلنی ۴۰ءاور ۵۰ءکی دہائی میں خوبصورتی میں مدھوبالا کو ٹکردیتی تھیں۔ ۱۹۵۲ءمیںفلم فیئر میگزین نےایک پول کیا تھا جس میں وہ خوبصورتی کے لحاظ سےپہلے نمبر پر رہی تھیں۔۱۹۵۱ءمیںانہوں نے ایک میگزین کے لیے بولڈ فوٹو شوٹ بھی کروایا جو کافی سرخیوںمیں رہا۔ نلنی کی دیگر فلموں میںبہن، انوکھا پیار،  پھر بھی اپنا،  راہی، باپ بیٹی، نیل منی اور کالا پانی اہم ہیں۔
فلم منیم جی میں نلنی اور اداکار پربھو دیال لیڈ رول میںنظر آئے۔ شوٹنگ کے دوران دونوں کو  محبت ہو گئی اور فلم امر رہے کی شوٹنگ کے دوران ہی دنوں نے شادی کر لی۔۱۹۶۵ءمیںفلم بمبئی ریس کورس کے بعد انہیں لیڈ رول آفر نہ ملنے کے باعث انہوں نے فلموں سے کنارہ کر لیا۔اگرچہ ۱۸؍سال بعد وہ فلم ناستک میں نظر آئیں،جس میں انہوں نے امیتابھ بچن کی ماں کا کردار ادا کیا، لیکن اس کے بعد انہوں نے مکمل طور پر فلمی دنیا کو خیرباد کہہ دیا۔تقریباً۲؍دہائیوں پر محیط فلمی کریئرمیں نلنی جینت نے ۶۰؍فلموںمیں چھوٹے بڑے کردار ادا کیے۔ان کی  ذاتی زندگی بھی جدوجہد سے بھری رہی۔نلنی شوہر پربھو دیال کے ۲۰۰۱ء میںانتقال کے بعد پوری طرح ٹوٹ کر رہ گئیں۔ انہوں نےباہر آنا جانا چھوڑ دیا اور چمبورکےیونین پارک میں واقع اپنے گھر میں تنہائی کی زندگی گزارنے لگیں۔ رشتہ داروں سے بھی رابطہ منقطع ہو گیا۔تنہائی میں ہی۲۲؍دسمبر۲۰۱۰ءچمبورمیںکاجول کی نانی شوبھنا سمرتھ کی بہن اور اداکارہ نلنی جیونت کا انتقال ہوا۔ ان کے گھر میں لاش۳؍دن تک پڑی رہی۔ پڑوسیوں کو بھی اس کی کوئی خبر نہیں تھی۔ موت کے۳؍دن بعد ایک نوجوان ایمبولینس لےکر آیا، خود کو نلنی جیونت کا رشتہ دار بتا کر ان کی لاش لے گیا۔زندگی کے آخری وقت ان کے پاس کوئی نہیں تھا۔ ان کی حالت اتنی خراب تھی کہ گھر کا خرچ چلانے کے لیے بھی پیسے نہیں تھے۔ پڑوسیوں کے مطابق وہ بالکل تنہا رہتی تھیں۔ ان کے انتقال کے بعد نہ کوئی پولیس کارروائی ہوئی اور نہ ہی کوئی ان کے گھر گیا۔ موت کے بعد سے ہی گھر پر تالا لگا رہا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK