Inquilab Logo

نوازالدین صدیقی کا اسٹریمنگ پلیٹ فارمز کے ساتھ کام نہ کرنے کا اعلان

Updated: November 03, 2021, 1:34 PM IST | Agency | Mumbai

آن لائن اسٹریمنگ پلیٹ فارمز نیٹ فلکس، امیزون پرائم اور ڈزنی ہاٹ اسٹارکو اداکار نے ’بےکار شوز کیلئےکچرےکا ڈھیر‘ قراردیا ،نواز الدین کے مطابق ان کا معیار گرچکا ہے

Nawazuddin Siddiq.Picture:INN
نواز الدین صدیقی ۔ تصویر: آئی این این

بالی ووڈ اسٹار نواز الدین صدیقی نے آن لائن اسٹریمنگ پلیٹ فارمز کے ساتھ کام نہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اسے ’بے کار شوز کیلئے کچرے کا ڈھیر‘ قرار دیا ہے۔واضح رہےکہ ملک میں آن لائن اسٹریمنگ پلیٹ فارمز نیٹ فلکس، امیزون پرائم اور ڈزنی ہاٹ اسٹار کی مقبولیت میں دن بہ دن اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔نواز الدین صدیقی پہلی مرتبہ۲۰۱۸ء  میں نیٹ فلکس کیلئے بنائی جانی والی سیریز `سیکرڈ گیمز میں جلوہ گر ہوئے تھے۔ وہ اس ویب سیریز کے دوسرے سیزن میں بھی مرکزی کردار میں نظر آئے تھے۔ اداکار نے۲۹؍ اکتوبر کو  انٹرٹینمنٹ سائٹ `’بالی ووڈ ہنگامہ‘  کو ایک انٹرویو دیا جس میں انہوں نے او ٹی ٹی پلیٹ فارمز کے حوالے سے کہا کہ ’’زیادہ مواد نے معیار کو ختم کر دیا ہے۔‘‘واضح رہے کہ او ٹی ٹی (اوور-دی-ٹاپ) پلیٹ فارمز کے ذریعے رقم کے عوض صارفین کو انٹرنیٹ پر دنیا کے مختلف ممالک میں بننے والی فلموں، ڈراموں، ویب سیریز اور دیگر تفریحی مواد تک رسائی دی جاتی ہے۔اداکار نوازالدین نے کہا کہ او ٹی ٹی پلیٹ فارمز’بے کار شوز کے لیے کچرے کا ڈھیر‘ بن گیا ہے۔ ان کے بقول ان پلیٹ فارمز پر دکھائے جانے والے شوز پہلے ہی دیکھنے لائق نہیں ہیں جب کہ ان شوز کے سیکوئل میں بھی کہنے کو کچھ نہیں ہے۔نوازالدین صدیقی نے کہا کہ آن لائن پلیٹ فارمز بڑے پروڈکشن ہاؤسیز اور اداکاروں کیلئے ایک `دھندہ بن گئے ہیں۔ان کے بقول بالی ووڈ کے بڑے بڑے فلم پروڈیوسرز کو آن لائن اسٹریمنگ پلیٹ فارمز کیلئے مواد تخلیق کرنے کا اچھا خاصا معاوضہ ملتا ہے لیکن وہ او ٹی ٹی کیلئے کام کرنے والے بڑے اداکاروں کو اچھے معاوضے کی پیشکش نہیں کرتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے `سیکریڈ گیمز کے لیے کام کرتے وقت ڈیجیٹل میڈیم پر جس جوش و خروش اور چیلنجز کا تجربہ کیا تھا اب وہ ختم ہو گیا ہے۔ اداکار کا کہنا تھا کہ جب وہ اس مواد کو دیکھنا تک برداشت نہیں کر سکتے تو وہ اس میں کام کیسے کر سکتے ہیں۔ `واضح رہے کہ۴۷؍ سالہ نواز الدین صدیقی کا شمار   فلم انڈسٹری کے کامیاب اداکاروں میں ہوتا ہے۔وہ ۲۰۰۰ء میں بالی ووڈ فلموں کے مرکز ممبئی منتقل ہوئے تھے جس کے بعد انہوں نے انڈسٹری میں بڑا نام بنایا۔انہیںگزشتہ روز ہی ’ایکسے لینس اِن سنیما‘ ایوارڈسے نوازاگیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK