Inquilab Logo

پٹنہ جنکشن کے قریب ۲؍ ہوٹلوں میں آتشزدگی، ۶؍افراد کی مو ت

Updated: April 26, 2024, 9:16 AM IST | Shahid Iqbal | Patna

پال ہوٹل، ریسٹورنٹ اور امرت لاج میں آگ لگی تھی، سیڑھیوں کے پاس آگ لگنے سے لوگ اندر پھنسےرہے۔

Security personnel are taking a person away in Patna. Photo: INN
پٹنہ میں سیکوریٹی اہلکار ایک شخص کو بچا کر لے جارہےہیں۔ تصویر : آئی این این

 پٹنہ جنکشن کے قریب دو ہوٹلوں میں زبردست آتشزدگی کے نتیجے میں ۶؍  افراد کی موت ہوگئی۔ پٹنہ جنکشن گولمبر کےقریب چار منزلہ ہوٹل پال اور امرت لاج میں جمعرات کی صبح تقریباً  ۱۱؍بجے زبردست آگ لگ گئی۔ ریسٹورنٹ کے کچن میں آگ لگنے اور کچن کا سلنڈر پھٹنے سے دونوں ہوٹل پل بھرمیں جلنے لگے۔ ہوٹل کے عملہ نےکسی طرح بھاگ کر اپنی جان بچائی لیکن ہوٹل اور ریسٹورنٹ کے اندر پھنسے افراد کو باہر نکلنے کا موقع بھی نہیں ملا۔ کچھ لوگ بھاگ کر چھت پر پہنچے تو دو افراد نے جان بچانے کیلئے چھت سے چھلانگ لگا دی۔ اس کی اطلاع ملتے ہی مقامی تھانے کی پولیس، ۳؍ ہائیڈرولک پلیٹ فارم اورفائر بریگیڈ کی ۵۵؍گاڑیاں ایک ایک کرکے موقع پر پہنچیں۔  چھت پر موجود کچھ افراد کو سیڑھیوں کے ذریعے دوسرے ہوٹل کے راستے نیچے اتارا گیا اور۴۵؍افراد کو ہائیڈرولک پلیٹ فارم کے ذریعے بچایا گیا اور ابتدائی علاج کیلئے ایمبولینس کے ذریعے پی ایم سی ایچ بھیجا گیا۔ ہوٹل سے ۱۸؍ سنگین زخمی افراد کو پی ایم سی ایچ بھیجا گیا جن میں سے۶؍افرادکو مردہ قرار دیا گیا جبکہ۱۲؍افراد کو آئی سی یو میں داخل کرایا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ’’مجھے امیت شاہ کو جواب دینے کی ضرورت نہیں ہے‘‘

تقریباً ڈھائی گھنٹے کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا۔ ڈی جی فائر اینڈ ہوم گارڈ شوبھا آہوتکر، ڈی آئی جی، سٹی ایس پی، ایس اے پی جوان اور کئی تھانوں کی پولیس موقع پر پہنچی تھی۔ ایف ایس ایل اور این ڈی آر ایف کی ٹیموں کو بھی بلایا گیا۔ ریسٹورنٹ سے ۲؍ کمرشیل سلنڈروں کو بحفاظت باہر نکالا گیا۔ این ڈی آر ایف کی ٹیم نے ہوٹل کے تمام کمروں کی تلاشی لی۔ ہوٹل سے سبھی کوباہر نکالاجاچکاتھا۔
 ہوٹل پال اسٹیشن گولمبر سے تقریباً۵۰؍میٹر کے فاصلے پر ہے۔ گراؤنڈ فلور پر ایک کچن اور پہلے منزلے پر ایک ریسٹورنٹ ہے۔ اس کے اوپر دو منزلوں پر ایک ہوٹل ہے۔ عینی شاہد قربان سڑک کے دوسری طرف ایک لاج میں مقیم تھا۔ صبح تقریباً ۴۵:۱۰؍بجے وہ پال ہوٹل کے ریسٹورنٹ میں ناشتہ کرنے بیٹھا تھا۔ لیپ ٹاپ پر کچھ کام کر رہا تھا۔ اس نےبتایا کہ کچن میں کچھ تلتےوقت اس سےآگ کا غبارہ اٹھا۔ دیکھتےہی دیکھتےآگ پورے ریسٹورنٹ میں پھیل گئی۔ ریسٹورنٹ کے ایک ملازم نے فائر سیفٹی ڈیوائس سے آگ بجھانے کی کوشش کی لیکن ایک ہی لمحے میں پورا ریسٹورنٹ آگ کی زدمیں آگیا۔ ہوٹل کا عملہ ، قربان اور  جس کو بھی موقع ملا وہ ریسٹورنٹ سے باہر نکل کر سڑک پر آگیا۔ اسی دوران سلنڈر پھٹ گیا اور آگ کے شعلے چوتھی منزل تک پہنچ گئے۔ ریسٹورنٹ کے قریب ہی باہرنکلنےکی سیڑھی ہے۔ سیڑھیاں آگ کی زد میں آ گئیں، اس لئے ہوٹل میں موجود ہر شخص اندر ہی پھنسارہا۔ ہوٹل پال کے ساتھ والی دوسری چار منزلہ عمارت رمی سنگھ کی ہے۔ جس کی پہلی منزل پرپنجابی نوابی نام کا ایک ریسٹورنٹ، دوسری منزل پربیٹری کی دکان اورتیسری  اور چوتھی منزل پر امرت راج نام سے ایک ریسٹورنٹ چلتاہے۔ یہ عمارت بھی مکمل طور پر آگ کی زدمیں آ گئی۔اہلکاروں کوچھوڑکروہاں سےکسی کو باہر نکلنے کا موقع نہیں ملا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK