Updated: January 25, 2026, 6:09 PM IST
| Bhubaneshwar
اوڈیہ فلم انڈسٹری کے مقبول میوزک ڈائریکٹر اور کمپوزر ابھیجیت مجمدار کا اتوارکو انتقال ہو گیا۔ طویل عرصے سے بیماری سے لڑ رہے ابھیجیت نے ۵۴؍ سال کی عمر میں اس دنیا کو الوداع کہہ دیا۔ ان کے انتقال کی خبر سے اڈیشہ کے موسیقی حلقوں میں سوگ کی لہر دوڑ گئی ہے۔
ابھیجیت مجمدار۔ تصویر:آئی این این
اوڈیہ فلم انڈسٹری کے مقبول میوزک ڈائریکٹر اور کمپوزر ابھیجیت مجمدار کا اتوارکو انتقال ہو گیا۔ طویل عرصے سے بیماری سے لڑ رہے ابھیجیت نے ۵۴؍ سال کی عمر میں اس دنیا کو الوداع کہہ دیا۔ ان کے انتقال کی خبر سے ادیشہ کے موسیقی حلقوں میں سوگ کی لہر دوڑ گئی ہے۔
ابھیجیت مجمدار گزشتہ کئی مہینوں سے سنگین بیماریوں میں مبتلا تھے۔ ان کا علاج ایمس بھونیشور میں جاری تھا، تاہم ہفتہ کی رات اچانک ان کی طبیعت بگڑ گئی۔ انہیں لائف سپورٹ پر رکھا گیا، لیکن تمام تر کوششوں کے باوجود ڈاکٹر انہیں بچا نہ سکے۔ ڈاکٹروں کے مطابق وہ ہائی بلڈ پریشر، ہائپوتھائرائیڈزم اور دائمی جگر کی بیماری جیسے مسائل میں مبتلا تھے، جس کے باعث ان کی حالت مسلسل نازک بنی ہوئی تھی۔
ان کے انتقال کی خبر سامنے آتے ہی اوڈیہ فلم اور موسیقی کی دنیا میں غم کی لہر پھیل گئی۔ فنکاروں، گلوکاروں اور ہدایت کاروں نے سوشل میڈیا کے ذریعے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ بیجو جنتا دل (بی جے ڈی) کے ترجمان اور میڈیا کوآرڈینیٹر لینن موہنتی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک جذباتی پیغام میں لکھا ’’عظیم میوزک ڈائریکٹر اور کمپوزر ابھیجیت مجمدار کا جانا نہ صرف ادیشہ بلکہ پورے موسیقی کے شعبے کے لیے ایک بہت بڑا نقصان ہے۔ ابھیجیت کی دھنیں ہمیشہ لوگوں کے دلوں میں زندہ رہیں گی۔‘‘
یہ بھی پڑھئے:رنجی ٹرافی: سرفراز کے بعد گیند بازی میں مشیرخان کا جلوہ، ممبئی کی ۹؍ وکٹ سے فتح
ابھیجیت مجمدار کی پیدائش۱۱؍ ستمبر ۱۹۷۱ء کو ہوئی تھی۔ ۲۰۰۰ء کی دہائی کے آغاز میں انہوں نے اوڈیہ موسیقی کو ایک نئی پہچان دی۔ اس دور میں، جب علاقائی سنیما نئے تجربات کی تلاش میں تھا، ابھیجیت کی دھنیں ایک تازہ ہوا کے جھونکے کی طرح سامنے آئیں۔ ان کے موسیقی میں سادگی، جذبات اور عام لوگوں سے جڑنے کی طاقت تھی۔
یہ بھی پڑھئے:مونی رائے کے ساتھ ہریانہ میں دست درازی، ضعیف شیدائی نے زبردستی کی
’لو اسٹوری‘، ’سسٹر شری دیوی‘، ’گولمال لو‘، ’سندر گڑھ را سلمان خان‘ اور ’شریمان سور داس‘ جیسی فلموں میں دی گئی ان کی موسیقی آج بھی لوگوں کی زبان پر ہے۔ انہوں نے فلموں، البمز اور علاقائی منصوبوں کے لیے ۷۰۰؍ سے زائد گانوں کو اپنی دھنوں سے سجایا۔ ذاتی زندگی کے حوالے سے، ابھیجیت مجمدار کے اہلِ خانہ میں اہلیہ رنجیتا مجمدار اور ایک بیٹا شامل ہیں۔