Inquilab Logo

اوم پوری اداکار نہیں بلکہ ریلوے ڈرائیور بننے کے خواہشمند تھے

Updated: January 07, 2021, 11:44 AM IST | Agency | Mumbai

بالی ووڈ میں اپنی بااثر اداکاری اور مکالموں کی ادائیگی سے اوم پوری نے تقریباً ۳؍دہائیوں سے فلمی مداحوں کو اپنا دیوانہ بنایا ہے لیکن کچھ ہی لوگوں کومعلوم ہے کہ وہ اداکار نہیں بلکہ ریلوے ڈرائیور بننا چاہتے تھے۔

Om Puri .Picture :INN
اوم پوری۔ تصویر:آئی این این

بالی ووڈ میں اپنی بااثر اداکاری اور مکالموں کی ادائیگی سے اوم پوری نے تقریباً ۳؍دہائیوں سے فلمی مداحوں کو اپنا دیوانہ بنایا ہے لیکن کچھ ہی لوگوں کومعلوم ہے کہ وہ اداکار نہیں بلکہ ریلوے  ڈرائیور بننا چاہتے تھے۔۱۸؍ اکتوبر۱۹۵۰ء کو ہریانہ کے انبالہ میں پیدا ہوئے اوم پوری کا بچپن بہت پریشانی میں گزرا۔ خاندان کی کفالت کے لئے انہیں ایک ڈھابے میں ملازمت تک کرنی پڑی تھی لیکن کچھ دنوں کے بعد ڈھابے کے مالک نے ان پر چوری کا الزام لگا کر ہٹا دیا۔ بچپن میں اوم پوری جس مکان میں رہتے تھے اس کے پیچھے ایک ریلوے یارڈ تھا۔ رات کے وقت اوم پوری اکثر گھر سے بھاگ کر ریلوے یارڈ میں کھڑی کسی ٹرین میں سونے چلے جاتے تھے۔ ان دنوں انہیں ٹرینوں سے کافی لگاؤ تھا اور وہ سوچا کرتے تھے کہ  بڑے ہو کر وہ  ریلوے ڈرائیور بنیں  گے۔ کچھ وقت بعد اوم پوری اپنے ننہال پنجاب کے پٹیالہ شہر چلے آئے جہاں انہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم مکمل کی۔اس دوران ان کا رجحان اداکاری کی جانب ہو گیا اور وہ ڈراموں میں حصہ لینے لگے۔اس کے بعد اوم پوری نے خالصہ کالج میں داخلہ لے لیا۔اسی  وقت وہ  ایک وکیل کے یہاں بطور منشی کام کرنے لگے۔ اس درمیان ایک بار ڈرامہ میں حصہ لینے کی وجہ سے وہ وکیل کے یہاں کام پر نہیں گئے  جس کی وجہ سے انہیں نوکری سے ہٹا دیا گیا۔ جب اس بات کا پتہ کالج کے پرنسپل کو چلا تو انہوں نے اوم پوری کو کیمسٹری لیب میں اسسٹنٹ کی نوکری دے دی جہاں وہ  کالج میں جاری ڈراموں میں بھی حصہ لیتے رہے۔یہاں ان کی ملاقات ہرپال اور نینا توانا سے ہوئی جن کے تعاون سے وہ پنجاب اسٹیج تھیٹر سے جڑ گئے۔تقریباً ۳؍ سال بعد اوم پوری نے دہلی میں نیشنل تھیٹر اسکول میں داخلہ لے لیا۔اس کے بعد اداکار بننے کا خواب لے کر انہوں نے پونے فلم انسٹی ٹیوٹ میں داخلہ لیا۔۱۹۷۶ء میں پنے فلم انسٹی ٹیوٹ سے تربیت حاصل کرنے کے بعد اوم پوری نے تقریباً ڈیڑھ برس تک ایک اسٹوڈیو میں اداکاری کی تعلیم بھی دی۔  بعد میں انہوں  نے اپنا ذاتی تھیٹر گروپ مجمع کے نام سے قائم کیا۔
 اوم پوری نے اپنے فلمی کریئر کا آغاز ۱۹۷۶ء میں آئی فلم’ گھاسی رام کوتوال‘ سے کیا۔ مراٹھی ڈرامہ پر بنی اس فلم میں  انہوں نے گھاسی رام کا کردار نبھایا تھا۔اس کے بعدگودھولی، بھومیکا، بھوک، شاید، سانچ کو آنچ نہیں، جیسی آرٹ فلموں میں اداکاری کی لیکن اس سے انہیں کوئی خاص فائدہ نہیں پہنچا۔سال۱۹۸۰ میں فلم’ آکروش‘  اوم پوری کے فلمی کریئر کی پہلی ہٹ فلم ثابت ہوئی۔ گووند نہلانی کی ہدایت میں اس فلم میں اوم پوری نے ایک ایسے شخص کا کردار نبھایا جس پر بیوی کے قتل کا الزام لگایا جاتا ہے۔فلم میں اپنی بااثر اداکاری کے لیے انہیں بہترین معاون اداکار کے فلم فیئر ایوارڈ سے نوازا گیا۔
 سال۱۹۸۳ میں آئی فلم اردھ ستیہ اوم پوری کے فلمی کریئر کی اہم فلموں میں شمار کی جاتی ہے جس میں انہوں  نے ایک پولیس انسپکٹر کا کردار ادا کیا تھا۔ فلم میں اپنے باغیانہ تیور کی وجہ وہ  مداحوں کے درمیان بے پناہ ستائش کے حامل رہے اور  بااثر اداکاری کے لیے بہترین اداکار کے نیشنل ایوارڈ سے بھی نوازےگئے۔۸۰ء کی دہائی کے آخری برسوں میں اوم پوری نےکمرشیل فلموں کی جانب بھی اپنا رخ کیا۔ ہندی فلموں کے علاوہ اوم پوری نے پنجابی فلموں میں بھی اداکاری کی ہے۔ ناظرین کی پسند کو ذہن میں رکھتے ہوئے ۹۰ء کی دہائی میں اوم پوری نے چھوٹے پردےپر بھی نظر آئے  اور ککاجی کہن میں اپنی مزاحیہ اداکاری سے ناظرین کو دیوانہ بنا دیا۔اوم پوری نے اپنے کریئر میں کئی ہالی ووڈ فلموں میں بھی اداکاری کی ہےجس میں ایسٹ از ایسٹ ، مائی سن دی فونیٹک ، دی پیرول آفیسر ، سٹی آف جوائے ، وولف ، دی گھوسٹ اینڈ دی ڈارکنیس ،چارلی ولسن وار جیسی فلمیں شامل ہیں۔
 ہندوستانی سنیما میں ان کی بے پناہ خدمات کو دیکھتے ہوئے۱۹۹۰ء میں انہیں پدم شری کے اعزاز سے نوازا گیا۔ اوم پوری نے اپنے چار دہائی طویل فلمی کریئر میں تقریباً۲۰۰؍ فلموں میں اداکاری کی۔ ان کے کریئر کی قابل ذکر فلموں میں البرٹ پنٹو کو غصہ کیوں آتا ہے ، اسپرش،کل یگ، وجیتا، گاندھی، منڈی، ڈسکو ڈانسر، ہولی، پارٹی، مرچ مسالا، کرم یودھا،دروہکال، کرشنا، ماچس، گھاتک، گپت،  آستھا، چاچی ۴۲۰، چائنا گیٹ، اپکار، ہیراپھیری،  کروکشیتر،دیو، یووا ، ہنگامہ، مالا مال ویکلی اور بولو رام شامل ہیں۔ ان کی آخری بڑی فلموں میں ’بجرنگی بھائی جان‘اور’‘گھائل ونس اگین‘ کانام قابل ذکر ہے۔ایک اچھے اداکار کے ساتھ ساتھ بہترین انسان اور لوگوں کی پسندیدہ شخصیت  اوم پوری  ۶۶؍برس کی عمر میں۶؍ جنوری۲۰۱۷ء کو اس دنیا سے  رخصت ہو گئے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK