بھاگیہ شری کا اصل نام بھاگیہ شری پٹوردھن ہے۔ وہ ۲۳؍ فروری ۱۹۶۹ءکو سانگلی میں ایک شاہی مراٹھی خاندان میں پیدا ہوئیں۔
EPAPER
Updated: February 23, 2026, 10:51 AM IST | Mumbai
بھاگیہ شری کا اصل نام بھاگیہ شری پٹوردھن ہے۔ وہ ۲۳؍ فروری ۱۹۶۹ءکو سانگلی میں ایک شاہی مراٹھی خاندان میں پیدا ہوئیں۔
ہندی سنیما کی تاریخ میں بعض چہرے ایسے ہیں جو بہت زیادہ فلمیں نہ کرنے کے باوجود ناظرین کے دلوں میں ہمیشہ کے لیے بس گئےہیں۔ بھاگیہ شری انہی ناموں میں شامل ہیں۔ ایک ہی فلم نے انہیں شہرت کی ایسی بلندیوں تک پہنچا دیا کہ آج بھی ان کا نام لیا جائے تو معصومیت، سادگی اور روایتی ہندوستانی نسوانی وقار کی تصویر آنکھوں کے سامنے آ جاتی ہے۔
بھاگیہ شری کا اصل نام بھاگیہ شری پٹوردھن ہے۔ وہ ۲۳؍ فروری ۱۹۶۹ءکو سانگلی میں ایک شاہی مراٹھی خاندان میں پیدا ہوئیں۔ ان کے والد وجے سنگھ راؤ مادھوراؤ پٹوردھن سانگلی کےآخری راجا چنتامن رائودھونڈی رائو پٹوردھن کے بیٹےتھے۔ اس طرح وہ ایک معزز اور باوقار پس منظر سےتعلق رکھتی ہیں۔ گھر میں تعلیم و تہذیب کا ماحول تھا، اور اسی فضا نے ان کی شخصیت میں وقار اور سادگی کو راسخ کیا۔ انہوں نے اپنی تعلیم ممبئی ہی میں حاصل کی۔ اداکاری کی طرف ان کا رجحان ابتدا سے تھا، لیکن کسی نے شاید یہ نہیں سوچا تھا کہ وہ ایک دن ہندی سنیما کی سب سے یادگار رومانوی ہیروئنوں میں شمار کی جائیں گی۔
بھاگیہ شری کی فلمی زندگی کا آغاز۱۹۸۹ءمیں ریلیز ہونے والی فلم میں نے پیار کیاسےہوا۔ یہ وہ فلم تھی جس نے نہ صرف انہیں شہرت دی بلکہ اس کے ہیرو سلمان خان کےکریئر کو بھی نئی سمت عطا کی۔ ہدایتکارسورج بڑجاتیاکی یہ فلم خالص ہندوستانی روایات، خاندانی اقدار اور پاکیزہ محبت کی کہانی تھی۔ بھاگیہ شری نے’سمن‘کے کردار میں جو معصومیت، شرم و حیا اور جذباتی سچائی دکھائی، وہ اس دور کے ناظرین کے دلوں میں گھر کر گئی۔
یہ بھی پڑھئے: وائی آر ایف اسپائی یونیورس بحران میں؟ ’’ٹائیگر ورسیز پٹھان‘‘ تعطل کا شکار
فلم کے گیت ’دل دیوانہ‘، ’آتے جاتے ہنستے گاتے‘، آج بھی سننےوالوں کو اسی سنہری زمانے میں لےجاتے ہیں۔ بھاگیہ شری کا سادہ سا لباس، چوٹی میں بندھے بال اور آنکھوں میں شرمیلی چمک، ایک پوری نسل کے لیے محبت کی علامت بن گئے۔ یہ فلم باکس آفس پر سپر ہٹ ثابت ہوئی اور بھاگیہ شری کو بہترین اداکارہ کے ایوارڈز کے لیے نامزدگیاں ملیں۔
کامیابی کے عروج پر جب بیشتر اداکارائیں مزیدشہرت اور دولت کے پیچھے دوڑتی ہیں، بھاگیہ شری نے ایک مختلف راستہ اختیار کیا۔ انہوں نے اپنے بچپن کے دوست ہمالیہ داسانی سے شادی کر لی۔ یہ فیصلہ ان کے لیے پیشہ ورانہ طور پر آسان نہ تھا، کیونکہ اس زمانےمیں شادی شدہ اداکاراؤں کو مرکزی کردار کم ہی ملتے تھے۔ انہوں نے بعد میں چند فلموں میں کام کیا، جن میں ان کے شوہر بھی شریک تھے، مگر وہ جادو دوبارہ پیدا نہ ہو سکا جومَیں نے پیار کیا میں نظر آیا تھا۔ وقت کے ساتھ وہ مرکزی دھارے کے سنیما سے تقریباً الگ ہو گئیں۔ بھاگیہ شری نےصرف ہندی ہی نہیں بلکہ مراٹھی، تیلگو اور دیگر زبانوں کی فلموں میں بھی کام کیا۔ اگرچہ انہیں وہی کامیابی دوبارہ نصیب نہ ہوئی، لیکن انہوں نے اپنے وقار اور سنجیدگی کو برقرار رکھا۔ کئی برس بعد وہ مختلف ٹی وی شوز اور ریئلٹی پروگرامز میں نظر آئیں۔ وقت نےان کے چہرے کی معصومیت کو مدھم نہیں کیا، بلکہ ایک پختگی اور وقار کا اضافہ کیا۔ حالیہ برسوں میں انہوں نے چند فلموں اور ویب سیریز میں بھی کام کیا، جن میں کردار مختصر ضرور تھے مگر باوقار تھے۔