Inquilab Logo Happiest Places to Work

این ایس ڈی کینٹین میں سموسے پیش کرنے والا بچہ بعد میں شاہ رخ خان بنا: پنکج کپور

Updated: June 24, 2026, 10:03 PM IST | Mumbai

بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کی کامیابی کی داستان سے دنیا واقف ہے، مگر ان کے ابتدائی دنوں کی بعض یادیں آج بھی فنکاروں کے ذہنوں میں تازہ ہیں۔ سینئر اداکار پنکج کپور نے ایک حالیہ گفتگو میں انکشاف کیا ہے کہ ۱۹۷۰ء کی دہائی میں نیشنل اسکول آف ڈرامہ (این ایس ڈی) دہلی میں ڈراموں کے دوران اداکاروں کو سموسے فراہم کرنے والا ایک کم عمر لڑکا دراصل شاہ رخ خان تھا۔

Pankaj Kapur and Shah Rukh Khan. Photo: INN
پنکج کپور اور شاہ رخ خان۔ تصویر: آئی این این

بالی ووڈ کے کنگ خان شاہ رخ نے گزشتہ تین دہائیوں میں ہندوستانی سنیما پر اپنی حکمرانی قائم رکھی ہے مگر ان کی زندگی کی شروعات نہایت سادہ اور عام حالات میں ہوئیں۔ حال ہی میں سینئر اداکار پنکج کپور نے شاہ رخ کے بچپن سے متعلق ایک دلچسپ واقعہ بیان کیا ہے جس نے مداحوں کی توجہ حاصل کر لی ہے۔ پنکج کپور نے یوٹیوب چینل کنڈل کاسٹ کے ایک پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے ۱۹۷۰ء کی دہائی کے وسط میں نیشنل اسکول آف ڈرامہ (این ایس ڈی)، دہلی میں اپنے طالب علمی کے دنوں کو یاد کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس زمانے میں تھیٹر پرفارمنس کے وقفے کے دوران اداکاروں کو جو سموسے اور دیگر ہلکی پھلکی اشیا فراہم کی جاتی تھیں، ان کے پیچھے ایک کم عمر لڑکے کا ہاتھ تھا، جو بعد میں ہندوستانی فلم انڈسٹری کا سب سے بڑا ستارہ بنا۔

یہ بھی پڑھئے: ’’لاک اپ ۲‘‘ کی تقریب میں سلمان خان، سنجے دت سے متعلق سوال پر رتیش دیشمکھ برہم

پنکج کپور نے کہا کہ ’’وہ سموسے شاہ رخ خان نے فراہم کیے تھے۔ وہ اس وقت تقریباً ۱۰؍ سال کا ایک چھوٹا لڑکا تھا۔‘‘ انہوں نے مزید بتایا کہ انہیں آج بھی این ایس ڈی کی کینٹین میں کھڑا وہ بچہ یاد ہے۔میرے خیال میں اُس وقت اُن کے چچا یا والد کینٹین چلاتے تھے۔ پنکج کپور کو اُس وقت شاید اندازہ نہیں تھا کہ یہی لڑکا بعد میں ان کے ساتھ فلم ’’رام جانے‘‘ (۱۹۹۵ء) میں کام کرے گا، جس میں مرکزی کردار شاہ رخ خان نے ادا کیا تھا۔ 

واضح رہے کہ شاہ رخ خان کے والد میر تاج محمد خان دہلی میں ایک معروف ریسٹورنٹ کے مالک تھے۔ ان کا مشہور ریسٹورنٹ خاطر(Khatir) صفدرجنگ کے علاقے میں واقع تھا۔ ۱۹۸۱ء میں ان کے انتقال کے بعد شاہ رخ کی والدہ لطیف فاطمہ خان نے ۱۹۹۰ء میں اپنی وفات تک کاروبار سنبھالا۔ شاہ رخ خان اس سے قبل متعدد انٹرویوز میں این ایس ڈی سے اپنے جذباتی تعلق کا ذکر کر چکے ہیں۔ ۲۰۱۴ءمیں ٹائمز آف انڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے بتایا تھا کہ ان کے والد این ایس ڈی میں میس بھی چلاتے تھے اور وہ اسکول کے بعد روزانہ وہاں آتے تھے۔

شاہ رخ کے مطابق، ’’میں ایک بہت ہی پیارا بچہ تھا اور میرا پورا بچپن وہیں گود میں گزارا اور ہندوستان کے بہترین اداکاروں کے ساتھ گھومتے ہوئے گزرا۔‘‘ انہوں نے بتایا تھا کہ وہ اپنی بہن شہناز لالہ رخ خان کا انتظار کرتے ہوئے روزانہ تقریباً دو گھنٹے این ایس ڈی میں گزارتے تھے اور اسی دوران تھیٹر کی دنیا سے متاثر ہوئے۔ این ایس ڈی میں جن فنکاروں کے درمیان شاہ رخ کا بچپن گزرا، ان میں پنکج کپور کے علاوہ رگھوبیر یادو، راج ببر، نادرہ ببر، نصیر الدین شاہ، اور دیگر معروف اداکار شامل تھے۔ شاہ رخ خان نے اسی انٹرویو میں کہا تھا کہ ’’میں نے مہینوں تک ان کے تمام ڈرامے اور ریہرسل دیکھی ہیں۔ میں صرف ان اداکاروں کو دیکھ کر بڑا ہوا ہوں اور میں ایک اداکار بننے کی خواہش رکھتا ہوں۔ میں شاید اب ان سے نہ ملوں لیکن انہوں نے مجھے اداکاری کرنا سکھایا ہے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: کالین بھیامرزا پور کے تخت کے لیے ایک بار پھر خونی ہولی کھیلیں گے

راج ببر سے اپنے خصوصی تعلق کا ذکر کرتے ہوئے شاہ رخ نے بتایا تھا کہ وہ انہیں محبت سے ’’ببر شیر چچا‘‘ کہا کرتے تھے۔ ان کے مطابق راج ببر نے انہیں سورج کا ساتواں گھوڑا، رضیہ سلطانہ اور تغلق جیسے اہم ڈراموں سے روشناس کرایا۔ شاہ رخ نے رگھوبیر یادو کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ’’مجھے یاد ہے کہ رگھو بھائی (رگھوبیر یادو)، جو اُس وقت سب سے زیادہ جونیئر تھے، ریہرسل کے دوران گنپتی پوجا گاتے تھے۔‘‘ بعد ازاں جب شاہ رخ نے تھیٹر ہدایت کار بیری جان کی سرپرستی میں تھیٹر ایکشن گروپ میں شمولیت اختیار کی تو انہیں این ایس ڈی کے انہی سینئر اداکاروں سے سیکھنے کا موقع ملا۔ انہوں نے کہا تھا کہ ’’جب ہم دہلی میں تھیٹر کر رہے تھے تو منوج باجپائی، رگھوبیر یادو اور دیگر این ایس ڈی اداکار ہماری نحو اور تلفظ بہتر بنانے میں مدد کرتے تھے۔‘‘

آج شاہ رخ خان ہندوستانی سنیما کے کامیاب ترین اداکاروں میں شمار ہوتے ہیں، تاہم پنکج کپور کی بیان کردہ یہ یادیں اس بات کی گواہی دیتی ہیں کہ سپر اسٹار بننے سے بہت پہلے وہ تھیٹر کے اسی ماحول میں پروان چڑھے تھے جہاں انہوں نے بڑے فنکاروں کو قریب سے دیکھا، ان سے سیکھا اور اپنے خوابوں کی بنیاد رکھی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK