Updated: June 24, 2026, 6:04 PM IST
| Mumbai
نیٹ فلکس نے ایکتا کپور کے مقبول ریئلٹی شو ’’لاک اَپ‘‘ کے دوسرے سیزن کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے، جس کی میزبانی اس بار رتیش دیشمکھ اور فرح خان مشترکہ طور پر کریں گے۔ لانچ ایونٹ کے دوران رتیش دیشمکھ ایک رپورٹر کے سوال پر اس وقت ناراض نظر آئے جب ان سے سلمان خان اور سنجے دت کے جیل کے تجربات کے حوالے سے سوال کیا گیا۔
رتیش دیشمکھ۔ تصویر: آئی این این
نیٹ فلکس نے ایکتا کپور کے متنازع اور مقبول ریئلٹی شو ’’لاک اَپ‘‘ کے دوسرے سیزن کو اپنے پلیٹ فارم پر پیش کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ پہلے سیزن کی میزبانی کنگنا رناوت نے کی تھی، جبکہ نئے سیزن میں فرح خان اور رتیش دیشمکھ مشترکہ میزبان کے طور پر نظر آئیں گے۔ حال ہی میں منعقد ہونے والے ’’لاک اَپ سیزن ۲‘‘ کے لانچ ایونٹ میں ایک ایسا لمحہ بھی سامنے آیا جس نے سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کر لی۔ تقریب کے دوران ایک رپورٹر کے سوال پر رتیش دیشمکھ واضح طور پر ناراض دکھائی دیے۔ پریس کانفرنس کے سوال و جواب کے سیشن میں ایک صحافی نے رتیش دیشمکھ سے سوال کیا کہ چونکہ سلمان خان اور سنجے دت ان کے قریبی دوست ہیں اور دونوں کو جیل میں رہنے کا تجربہ بھی حاصل ہے، تو کیا وہ انہیں لاک اَپ میں بطور مہمان یا شریکِ پروگرام دیکھنا چاہیں گے؟ صحافی نے مزید پوچھا کہ اگر وہ شو میں آئیں تو رتیش انہیں کس قسم کی سزا دینا پسند کریں گے۔
صحافی کا سوال تھا، ’’سلمان خان اور سنجے دت آپ کے قریبی دوست ہیں۔ دونوں کو لاک اَپ کا کافی تجربہ ہے۔ تو کیا آپ انہیں نیٹ فلکس کے لاک اپ میں لانا چاہیں گے؟ اور آپ انہیں کیسے سزا دیں گے؟‘‘ اس سوال پر رتیش دیشمکھ نے فوری ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’’سب سے پہلے مجھے نہیں لگتا کہ میں آپ کے سوال کا جواب دے کر اسے کوئی وقار دینا چاہوں گا۔‘‘ رتیش کے اس جواب کے بعد بھی میڈیا نمائندوں نے وضاحت کی کوشش کی، جس پر اداکار نے نسبتاً سنجیدہ انداز میں شو کے فارمیٹ کے بارے میں بات کی۔
انہوں نے کہا کہ ’’میں انہیں نہیں لاؤں گا کیونکہ میزبانی کرنا میرا فرض ہے۔ میزبان ہونے کے ناطے مجھے پہلے سے معلوم نہیں ہوتا کہ شو میں کون سے قیدی یا مہمان آئیں گے۔ جو بھی مہمان لاک اپ میں آتے ہیں، ہم ان سے وہیں بات کرتے ہیں۔‘‘ رتیش دیشمکھ کا یہ ردِعمل سوشل میڈیا پر تیزی سے زیرِ بحث آ گیا، جہاں بعض صارفین نے سوال کو غیر مناسب قرار دیا، جبکہ کچھ نے اسے محض تفریحی انداز کا سوال قرار دیا۔ واضح رہے کہ رتیش دیشمکھ کے سلمان خان اور سنجے دت دونوں کے ساتھ قریبی تعلقات ہیں۔ حال ہی میں تینوں اداکار رتیش کی مراٹھی فلم ’’راجہ شیواجی‘‘ میں بھی ایک ساتھ نظر آئے تھے۔
یہ بھی پڑھئے: کالین بھیامرزا پور کے تخت کے لیے ایک بار پھر خونی ہولی کھیلیں گے
فلم میں سنجے دت نے تاریخی کردار افضل خان ادا کیا تھا، جبکہ سلمان خان نے جیوا مہالا کے کردار میں ایک خصوصی کیمیو کیا، جو چھترپتی شیواجی مہاراج کے وفادار محافظ کے طور پر دکھائے گئے تھے۔ سلمان کی مختصر لیکن اثر انگیز موجودگی کو شائقین کی جانب سے خاصی پذیرائی حاصل ہوئی تھی۔ دوسری جانب ’’لاک اَپ‘‘ سیزن ۲؍ سے بھی کافی توقعات وابستہ ہیں۔ پہلے سیزن نے تنازعات، ڈرامے اور منفرد فارمیٹ کی بدولت خاصی مقبولیت حاصل کی تھی۔ اب نیٹ فلکس اور نئے میزبانوں کی شمولیت کے بعد شائقین یہ دیکھنے کے منتظر ہیں کہ نیا سیزن کس حد تک ناظرین کو اپنی جانب متوجہ کر پاتا ہے۔