• Sun, 02 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’کریئر کی دوسری اننگز کا آغاز او ٹی ٹی پلیٹ فارم سے کرنا چاہوں گی ‘‘

Updated: November 02, 2025, 12:01 PM IST | Abdul Karim Qasim Ali | Mumbai

اداکارہ پرنیتا پنڈت کا کہنا ہےکہ بیٹی کی ولادت کے بعد میں نے سوچا تھا کہ ۶؍ ماہ میں ٹی وی پر لوٹ آؤں گی لیکن نہیں آسکی، پھر میں نے اپنا پوڈ کاسٹ شروع کیا جو کافی مقبول ہوا۔

Actress Parineeta Pandit. Photo: INN
اداکارہ پرنیتا پنڈت۔ تصویر: آئی این این

ٹی وی کے معروف شوزقسم تیرے پیارکی، جمائی راجا اور کَوَچ میں مرکزی کردار ادا کرنے والی اداکارہ پرنیتا پنڈت اس وقت پوڈ کاسٹ اور اپنی گھریلو زندگی میں مصروف ہیں۔ اس کے ساتھ ہی وہ شوبز انڈسٹری میں واپس ہونے کی بھی کوشش کر رہی ہیں۔ ۲۰۲۰ء میں کووڈ کے بعد انہوں نے بیٹیکی پیدائش کے بعد شوبز انڈسٹری سے وقفہ لیا تھا لیکن یہ وقفہ طویل ہوگیا۔ بہرحال اس دوران انہوں نے اپنی بیٹی کی دیکھ بھال کے ساتھ ہی اداکاری کے ورکشاپس میں شرکت کی اور مختصر دورانیے کے کچھ کورس بھی کئے۔ اس وقت وہ پوڈ کاسٹ کے ذریعہ شہرت حاصل کررہی ہیں اور اس کے ساتھ ہی پیرنٹنگ کے بارے میں بھی معلومات فراہم کررہی ہیں۔ پرنیتا پنڈت انسٹاگرام اور یوٹیوب پرسرگرم ہیں ۔ نمائندہ انقلاب نے ٹی وی اداکارہ پرنیتا پنڈت سے گفتگو کی جسے یہاں پیش کیا جارہا ہے:
اس وقت آپ کہاں مصروف ہیں ؟
ج: اس وقت میں شو بزانڈسٹری سے دور ہوں۔ ہم نے ۲۰۲۰ء میں بات کی تھی اور اس وقت میرے ہاں بیٹی کی ولادت ہوئی تھی، اس وقت سے میں نے کوئی ڈیلی سوپس نہیں کیاہے لیکن میں نے خود کو مصروف رکھا ہے۔ بیٹی کو سنبھالنے کے ساتھ ہی میں نے پیرنٹنگ کے وولاگ بھی بنانے شروع کردئیے تھے۔ اس کے ساتھ ہی میں نے کنٹینٹ کی تخلیق پر بھی کام کیا۔ اس وقت میں اپنا سپنا کے نام سے پوڈ کاسٹ کرتی ہوں جس میں مختلف موضوعات پر بات چیت کرتی رہتی ہوں۔ حالانکہ میری کوشش ہےکہ دوبارہ انڈسٹری میں قدم رکھوں اور اچھے شوز میں کام کروں ۔ 
آپ نے جو نیا سلسلہ شروع کیا ہے اس پر کچھ روشنی ڈالئے؟
ج:جب میں ماں بنی تو ایک ڈیڑھ سال تک اپنی بچی پر پوری توجہ دی۔ اس دوران مجھے وولاگ بنانے کا خیال آیا اور میں نے اپنے کرافٹ کے تجربے کو استعمال میں لاتے ہوئے مام وولاگنگ شروع کردی۔ اس کی وجہ سے مجھے کافی پزیرائی ملی۔ اس سے حوصلہ پانے کے بعد میں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کیلئے مواد تیار کرنا شروع کردیا۔ اب سوشل میڈیا پر اتنی سرگرم ہوں کہ اس سے فرصت نہیں ملتی۔ اس میں ایک اچھی بات ہے کہ میں آزادانہ طورپر کام کرسکتی ہوں اور کسی کے کاسٹنگ کی ضرورت پیش نہیں آتی۔ 
کیا آپ کسی اچھے پروجیکٹ کے انتظار میں ہیں ؟
ج:بیٹی کی ولادت کے بعد میں نے چھوٹا سا وقفہ لیا تھا جو کہ طویل ہوگیا لیکن میں اب کسی اچھے پروجیکٹ کی تلاش میں ہوں تاکہ انڈسٹری میں کامیاب واپسی کرسکوں۔ حالانکہ اس دوران میں نے اپنے لئے وقت نکالا، اپنی بیٹی کیلئے وقت نکالا، میں نے اپنے طور پر پوڈ کاسٹ شروع کیا اور اپنا کنٹینٹ بناتی تھی۔ بہت کچھ سیکھنے کو ملا۔ اس طرح میں نے خود کو مصروف ہی رکھا۔ میں یہ کوشش کرتی رہتی تھی کہ کبھی فارغ نہ رہوں اور اپنی ایکٹنگ اسکل کو کہیں نہ کہیں استعمال کرتی رہوں۔ 
اس دوران آپ نے کیا سیکھا، اس کے بارے میں کچھ بتائیں ؟
ج:سبھی کو معلوم ہے کہ پہلی اولاد ہونے کے بعد ماں اور باپ دونوں کتنے مصروف ہوجاتے ہیں۔ میں نے سوچا تھا کہ ۶؍ ماہ میں ٹیلی ویژن پر واپس آجاؤں گی لیکن یہ ممکن نہیں ہوسکا کیونکہ مجھے اپنی بچی کی دیکھ بھال بھی کرنی تھی۔ دوسری بات یہ کہ ٹی وی شوز کیلئے بہت وقت درکار ہوتاہے جوکہ میرے پاس نہیں تھا۔ میں نے سوچا کہ بچی کی دیکھ بھال کے ساتھ ہی میں اپنے طورپر کچھ کرتی ہوں کیونکہ میں اداکاری کے شعبے سے وابستہ رہنا چاہتی تھی۔ اس وقت انسٹاگرام کی مقبولیت بہت تھی، اسلئے میں نے اسی پر اپنا کنٹینٹ بنانا شروع کردیا اور اس میں مصروف ہوگئی۔ آج انسٹاگرام پر میرے اچھے خاصے فالورس ہیں۔ اس کے ساتھ ہی میں پیرنٹنگ کے بارے میں کچھ سیکھنے اور سمجھنے کی کوشش جو اَب دوسروں کو سکھانے کی کوشش کررہی ہوں۔ 
 اداکاری میں اپنی سیکنڈ اننگز کا آغاز کس پلیٹ فارم سے کریں گی ؟ 
ج:اگر میں سیکنڈ اننگز کا آغاز کروں گی تو او ٹی ٹی ہی سے کرنا چاہوں گی۔ میری یہ دلی خواہش ہے کہ میں کسی اچھے ویب شو کیلئے کام کروں لیکن اوٹی ٹی کا مسئلہ یہ ہے کہ یہاں فحاشیت بہت ہے اور میں نے ٹی وی پر کبھی فحش رول یا مناظر نہیں کئے ہیں۔ میں ایسے شوز سے گریز کرتے ہوئے فیملی ڈرامہ شوز میں کام کرنے کی متمنی ہوں۔ اس کیلئے میں کوشش کررہی ہوں۔ دیکھتے ہیں دوسری اننگز کا پہلا موقع کس پلیٹ فارم پر ملتاہے۔ 
وقفہ کے دوران کیا آپ نے ایکٹنگ کے بارے میں کچھ سیکھا ؟
ج:وقفے کے دوران میں نے اداکاری سے تعلق رکھنے والے ورکشاپس میں شرکت کی اور وہاں اپنے ہنر کو بہتر کرنے کی پوری کوشش کی۔ اس کے ساتھ ہی میں نے اس سے متعلق کچھ مختصر کورس بھی کئے۔ اس کے بعد پوڈ کاسٹ کس طرح کیا جاتا ہے اس کے بارے میں معلومات حاصل کی۔ گزشتہ ۴۔ ۵؍ برسوں میں میں نے خود کے بارے میں جانا۔ اگر کسی چیز سے آپ دور ہوجاتے ہیں تو اپنے سے قریب ہوجاتے ہیں ۔ اب میں سمجھ گئی ہوں کہ مجھے کیا نہیں کرنا ہے۔ 
آپ اپنے پوڈکاسٹ کے بارے میں بھی کچھ بتائیں ؟
ج:میں سماج میں پھیلے ہوئےبنیادی مسائل، مذہب اور روحانیت کے مــوضوع پر پوڈ کاسٹ بناتی ہوں۔ اس سے وابستہ مہمانوں کو بلاتی ہوں۔ کوشش یہی کرتی ہوں کہ ہر مسائل کا اطمینان بخش حل اپنے دیکھنےوالوں کو دوں۔ میں نے الگ الگ موضوع پر سیریز بھی نشر کی ہے جسے شائقین نے بہت پسند کیا ہے۔ بس میری یہی کوشش ہے کہ پوڈ کاسٹ کے ذریعہ دوبارہ انڈسٹری میں شامل ہوجاؤں۔ 
کیا شو بز انڈسٹری میں سیکنڈ اننگز میں بھی آپ کو پہلے ہی کی طرح جدوجہد کرنی پڑے گی؟
ج:جب میں ۱۸؍برس کی تھی، اس وقت شو بز انڈسٹری میں آئی تھی اور اب میری عمر ۳۵؍ سال سے زیادہ ہے۔ اس دوران انڈسٹری میں بھی کافی تبدیلیاں آئی ہیں جو کہ سبھی دیکھ رہے ہیں۔ اب میں پہلی اننگز والے رول کی تلاش نہیں کرسکتی، میں اب اپنی عمر کے لحاظ سے ہی رول کرنا پسند کروں گی۔ آج انڈسٹری میں کافی نوجوان صلاحیتیں موجود ہیں اور وہ اچھا کام کر رہی ہیں۔ ہر میدان میں جدوجہد ہوتی ہے اور اس میں بھی ہے۔ ممکن ہے کہ دوسری اننگز شروع کرنے کیلئے مجھےبھی جدوجہد کرنی پڑے۔ اس کیلئے میں تیار ہوں۔ میں اگر اپنی فیملی کو چھوڑ کرکچھ کررہی ہوں تو وہ اچھا کام کرنا چاہوں گی، میں کسی بھی طرح کے رول نہیں کرنا چاہتی جس سے میری قدر کم ہوجائے۔ میں نے پہلے ہی کہا ہے کہ مجھے معلوم ہے کہ مجھے کیا نہیں کرنا ہے۔ 
کیا آپ ٹراویلنگ وولاگ بھی بناتی ہیں ؟
ج:جی ہاں میں ٹراویلنگ وولاگ بھی بناتی ہوں۔ ۲۰۲۰ء میں جب آپ سے بات چیت ہوئی تھی اس وقت میں نے یہی بات کہی تھی۔ وہ شوق اب بھی برقرار ہے۔ میں چاہتی ہوں کہ پوری دنیا کی سیر کروں اور وہاں موجود ثقافتوں کو تلاش کروں اور انہیں اپنے شائقین تک پہنچاؤں ۔ حال ہی میں میں نے سنگاپور ٹورزم کے ساتھ شراکت داری کی تھی جوکہ اچھی رہی۔ بہرحال اس بار میں اپنی بیٹی کے ساتھ سیر کررہی ہوں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK