• Wed, 04 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

عامر خان کی اریجیت سنگھ سے ملاقات، پتنگ اڑائی

Updated: February 03, 2026, 10:05 PM IST | Mumbai

Aamir And Arijit.Photo:INN
عامر خان اور اریجیت سنگھ۔ تصویر:آئی این این

گلوکار اریجیت سنگھ کی اچانک ریٹائرمنٹ نے ان کے لاکھوں مداحوں اور پوری انڈسٹری کو چونکا دیا تھا۔ اسی کے چند دن بعد پیر (۲؍ فروری) کو اداکار عامر خان نے مغربی بنگال کے مرشدآباد میں واقع اریجیت کے گھر جیاگنج کا دورہ کیا۔ پی کے فلم کے اداکار نے یہ دورہ انتہائی سادگی کے ساتھ کیا، لیکن جلد ہی ان کی موجودگی سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن گئی، کیونکہ ان کی کئی تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہو گئیں۔
اریجیت سنگھ کے بنگال والے گھر پر عامر خان 
اریجیت سنگھ کی جانب سے پلے بیک سنگنگ چھوڑنے کے اعلان کے چند دن بعد عامر خان کو گلوکار کے آبائی گھر آتے دیکھا گیا۔ اداکار کے متعدد ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل  ہیں، جس کے بعد لوگ اس دورے کی وجہ پر قیاس آرائیاں کرنے لگے۔ کچھ لوگوں کا خیال تھا کہ شاید دونوں کسی دلچسپ منصوبے پر ساتھ کام کر رہے ہیں، خاص طور پر اس لیے کہ عامر خان کو شوٹنگ کرتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔
 ایک وائرل ویڈیو میں عامر خان کو گاڑی سے اترتے اور کیمروں کی جانب ہاتھ ہلاتے دیکھا گیا۔ایک اور ویڈیو میں عامر خان کو اریجیت سنگھ کے گھر کی چھت پر پتنگ اُڑاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ ان کے اردگرد ان کی ٹیم اور ایک کیمرہ مین موجود تھا جو انہیں ریکارڈ کر رہا تھا۔ اداکار کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے اریجیت کے محلے کے لوگ اپنی چھتوں پر جمع ہو گئے تھے۔ تاہم، دونوں ستارے ایک ساتھ نظر نہیں آئے۔

عامر خان کے دورے کی وجہ ابھی تک سامنے نہیں آئی ہے۔ تاہم، نیٹیزنز نے فوراً اندازے لگانا شروع کر دیے کہ شاید وہ کسی نئے میوزک پروجیکٹ یا فلم کے حوالے سے بات چیت کر رہے ہوں۔ کچھ لوگوں کا یہ بھی خیال تھا کہ عامر خان، اریجیت کے پلے بیک سنگنگ چھوڑنے کے حالیہ فیصلے پر گفتگو کے لیے ان کے گھر گئے ہوں۔ابھی تک اس بات کی کوئی باضابطہ تصدیق نہیں ہوئی ہے کہ عامر خان نے اریجیت سنگھ کے گھر کیوں دورہ کیا۔گزشتہ برسوں میں یہ دونوں سپر اسٹارز کئی منصوبوں میں ایک ساتھ کام کر چکے ہیں۔ ارجیت سنگھ نے عامر خان کی فلموں کے لیے کئی مشہور گانے گائے ہیں، جن میں دنگل کا ’’نینا‘‘، لال سنگھ چڈھا کے ’’تیرے حوالے‘‘ اور’’پھر نہ ایسی رات آئے گی‘‘ شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھئے:مائیکل جیکسن کی زندگی پر بنی فلم ’’مائیکل‘‘ کا ٹریلر جاری، ۲۴؍ اپریل کو ریلیز

اریجیت سنگھ کا ریٹائرمنٹ
۲۷؍ جنوری کو اریجیت سنگھ نے اس وقت سب کو حیران کر دیا جب انہوں نے بطور پلے بیک سنگر ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔ تقریباً دو دہائیوں پر محیط اپنے کیریئر میں انہوں نے ’’تم ہی ہو‘‘، ’’چھنّا میرےیا‘‘ اور’’ کیسریا‘‘ جیسے بے شمار یادگار گانے  گائے  ہیں۔ ان کا یہ اعلان مداحوں کے لیے کسی صدمے سے کم نہیں تھا۔ جب دل برداشتہ مداحوں نے ان کے اس حیران کن فیصلے کی وجہ پوچھی تو گلوکار نے کہا کہ وہ اُکتا گئے تھے۔

یہ بھی پڑھئے:کلیم کی شاندار اننگز کی بدولت عمان نے سری لنکا اے کو شکست دے دی

انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا  کہ ’’اس کے پیچھے کوئی ایک وجہ نہیں ہے، بلکہ کئی وجوہات ہیں۔ میں کافی عرصے سے یہ کرنے کی کوشش کر رہا تھا  اور آخرکار میں نے صحیح حوصلہ جمع کر لیا۔ ایک وجہ بالکل سادہ ہے مجھے بہت جلد بوریت محسوس ہونے لگتی ہے، اسی لیے میں ایک ہی گانے کو مختلف انداز میں اسٹیج پر پیش کرتا ہوں۔ تو بات یہ ہے کہ میں بور ہو گیا ہوں۔ مجھے زندہ رہنے کے لیے کچھ اور موسیقی کرنی ہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK