Updated: June 23, 2026, 6:06 PM IST
| Mumbai
کامیڈین کپل شرما کے مشہور شو ’’کامیڈی نائٹس وِد کپل‘‘ کی شریک تخلیق کار اور پروڈیوسر پریتی سیموز نے ایک حالیہ انٹرویو میں شو کی کامیابی، اس کے آغاز کے پس منظر، سیٹ پر پیش آنے والے مشکلات بھرے واقعات اور بعد میں آنے والے زوال پر تفصیل سے بات کی ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ ابتدا میں ٹی وی انڈسٹری کے بیشتر لوگوں کو یقین نہیں تھا کہ شو کامیاب ہوگا، لیکن دھرمیندر اور شاہ رخ خان جیسے ستاروں کی شرکت نے اسے نئی بلندیوں تک پہنچا دیا۔
یہ تصویر اس وقت کی ہے جب دھرمیندر، کپل شرما کے شو میں آئے تھے۔ تصویر: آئی این این
ہندوستانی ٹیلی ویژن کی تاریخ کے سب سے کامیاب کامیڈی شوز میں شمار ہونے والے ’’کامیڈی نائٹس ود کپل‘‘ کے سفر پر روشنی ڈالتے ہوئے اس کی شریک تخلیق کار اور پروڈیوسر پریتی سیموز نے کئی دلچسپ انکشافات کیے ہیں۔ اسکرین کو دیے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں پریتی سیموز نے بتایا کہ ’’کامیڈی سرکس‘‘ میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد کپل شرما روایتی مقابلہ جاتی کامیڈی فارمیٹ سے آگے بڑھنا چاہتے تھے۔ اسی سوچ کے تحت ۲۰۱۳ء میں انہوں نے پریتی سیموز کے ساتھ مل کر ’’کامیڈی نائٹس ود کپل‘‘ کا تصور پیش کیا۔ پریتی کے مطابق، ’’کپل مقابلہ جاتی کامیڈی شوز سے آگے نکل چکے تھے اور وہ اپنی الگ شناخت بنانا چاہتے تھے۔ جب ہم نے چینل کو شو کا آئیڈیا پیش کیا تو ہمیں کہا گیا کہ اس شو میں آخر آئے گا کون؟ لوگوں کا خیال تھا کہ ہمیں صرف ٹی وی اداکار ہی مل سکیں گے، لیکن ہمارا خواب بہت بڑا تھا۔‘‘
انہوں نے بتایا کہ شو کے پہلے مہمان کے طور پر تجربہ کار اداکار دھرمیندر کو مدعو کرنا ایک اہم موڑ ثابت ہوا۔ پریتی نے یاد کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم دھرم جی کے گھر گئے، انہیں شو کا تصور سمجھایا اور وہ فوراً راضی ہو گئے۔ جب انہوں نے ہامی بھری تو ہمیں یقین ہو گیا کہ ہم کچھ بڑا کرنے جا رہے ہیں۔‘‘ پریتی کے مطابق، ابتدائی چند اقساط کے بعد روہت شیٹی اور پھر شاہ رخ خان جیسے بڑے ستاروں کی حمایت نے شو کی مقبولیت میں غیر معمولی اضافہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت بہت سے لوگ انہیں ’’انڈر ڈاگ‘‘ سمجھتے تھے اور توقع کر رہے تھے کہ شو چند اقساط کے بعد بند ہو جائے گا، لیکن نتائج اس کے برعکس نکلے۔ تاہم کامیابی کے اس سفر میں کئی مشکلات بھی آئیں۔ پریتی سیموز نے انکشاف کیا کہ شو کے سیٹ میں آگ لگنے کا واقعہ پوری ٹیم کے لیے انتہائی صدمے کا باعث تھا۔
یہ بھی پڑھئے: دپیکا کی وجہ سے رنبیرنے ’’کاک ٹیل ‘‘ میں کام سے انکار کردیا تھا: سیف علی خان
انہوں نے کہا کہ ’’وہ سیٹ ہمارے لیے صرف ایک سیٹ نہیں تھا بلکہ ایک جذباتی وابستگی تھی۔ فلم سٹی میں موجود اس گودام نما سیٹ میں مناسب ساؤنڈ پروفنگ بھی نہیں تھی۔ بارش کے دوران شوٹنگ روکنی پڑتی تھی اور بڑے بڑے ستارے بارش رکنے کا انتظار کرتے تھے۔ پھر اچانک آگ لگ گئی اور ہمیں لگا جیسے شو کو کسی کی نظر لگ گئی ہو۔‘‘ انہوں نے مزید بتایا کہ آگ کے باوجود ٹیم نے کام جاری رکھا، لیکن وقت کے ساتھ تخلیقی دباؤ بڑھنے لگا۔ مسلسل نئے مواد کی ضرورت، شوٹنگ کے مصروف شیڈول اور دیگر مسائل نے شو کو متاثر کرنا شروع کر دیا۔ ۲۰۱۶ء میں کپل شرما اور ان کی ٹیم نے کلرز ٹی وی سے علیحدگی اختیار کر کے سونی ٹی وی کا رخ کیا، جہاں ’’دی کپل شرما شو‘‘ کے نام سے نئی شروعات کی گئی۔ اگرچہ یہ شو بھی بے حد کامیاب رہا، لیکن بعد میں کپل شرما اور سنیل گروور کے درمیان پیش آنے والے تنازعے نے شو کو شدید متاثر کیا۔
یہ بھی پڑھئے: سنی دیول مجھ سے بہت بڑے تھے، اسی لئے’’غدر‘‘ نہ کرنے کا مشورہ دیا گیا: امیشا پٹیل
کپل شرما نے بعد ازاں ۲۰۲۴ء میں Netflix پر ’’دی گریٹ انڈین کپل شو‘‘ کے ذریعے واپسی کی۔ شو کو عالمی سطح پر ناظرین کی جانب سے مثبت ردعمل ملا اور اب تک اس کے چار کامیاب سیزن مکمل ہو چکے ہیں، جبکہ پانچویں سیزن کی تیاریاں بھی جاری ہیں۔ تفریحی ماہرین کا ماننا ہے کہ کامیڈی نائٹس ود کپل نے ہندوستانی ٹیلی ویژن پر سیلیبریٹی ٹاک شو اور کامیڈی کے امتزاج کا ایک نیا رجحان متعارف کرایا، جس کی جھلک آج بھی کئی کامیاب پروگراموں میں دیکھی جا سکتی ہے۔ کپل شرما کا یہ شو نہ صرف ان کے کیریئر کا سنگ میل ثابت ہوا بلکہ ہندوستانی ٹی وی انڈسٹری میں کامیڈی کے انداز کو بھی تبدیل کر گیا۔