Updated: June 20, 2026, 10:03 PM IST
| Mumbai
بالی ووڈ اداکارہ امیشا پٹیل نے فلم’’غدر‘‘ کے۲۵؍ سال مکمل ہونے پر اس سے جڑی دلچسپ یادیں شیئر کی ہیں۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ سنی دیول کے ساتھ عمر کے فرق کی وجہ سے انہیں فلم نہ کرنے کا مشورہ دیا گیا تھا، تاہم، کہانی سننے کے بعد انہوں نے یہ کردار قبول کر لیا۔
امیشا پٹیل اور سنی دیول فلم ’’غدر‘‘ میں۔ تصویر: آئی این این
امیشا پٹیل نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں ’’غدر‘‘ میں سنی دیول کے مقابل اداکاری کرنے سے منع کیا گیا تھا۔ فلم نے حال ہی میں اپنی ریلیز کے۲۵؍ سال مکمل کئے ہیں، اور امیشا پٹیل نے اپنی فلمی زندگی کے اس مقبول ترین منصوبے کے بارے میں کھل کر بات کی۔ جب انہوں نے اس فلم کی شوٹنگ کی تو ان کی عمر ۲۶؍سال تھی جبکہ سنی دیول۴۳؍ سال کے تھے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ فلم سائن کرنے سے پہلے انہوں نے دونوں کے درمیان عمر کے فرق پر سوال اٹھایا تھا۔ حال ہی میں انڈیا ٹوڈے سے گفتگو کرتے ہوئے امیشا پٹیل نے کہا:’’مجھے بہت مشورے دیئے گئے کہ یہ فلم نہ کروں، کیونکہ کاغذ پر یہ فلم کامیابی کے روایتی پیمانوں پر پوری نہیں اترتی تھی۔ سنی ایک سپر اسٹار تھے، لیکن مجھ سے کافی بڑے تھے۔ لوگ سوال کرتے تھے کہ میں اپنے سے اتنے بڑے اداکار کے ساتھ جوڑی کیسے بنا سکتی ہوں۔ ‘‘
یہ بھی پڑھئے: ’’دھرندھر‘‘ کا اسکرپٹ پی ایم او سے آنے کی باتیں بے بنیاد ہیں: راکیش بیدی
انہوں نے مزید کہا:’’اگر کہانی کی ضرورت ہو اور عمر کا فرق کہانی میں جائز محسوس ہو تو یہ بالکل قابلِ قبول ہے۔ لیکن جب کہانی میں اس کی ضرورت نہ ہو اور پھر بھی عمر کا فرق شامل کیا جائے تو اس پر سوال اٹھنا چاہئے۔ سچ کہوں تو یہی ایک وجہ ہے کہ آج کل ناظرین بعض فلموں کو قبول نہیں کر رہے۔ ‘‘اس سے قبل ہندوستان ٹائمز کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا:’’میرا پہلا سوال یہی تھا کہ، `کیا آپ کو نہیں لگتا کہ میں اس فلم کیلئے بہت کم عمر ہوں ؟ میرے مقابل ہیرو رومانوی طور پر مجھ سے کہیں زیادہ سینئر تھے۔ لیکن جب مجھے کہانی سمجھائی گئی تو میں نے محسوس کیا کہ تارا سنگھ کی سخت مزاجی اور سکینہ کی نفاست کے درمیان تضاد ہی اس کردار کی خوبصورتی ہے۔ ‘‘
یہ بھی پڑھئے: عامر خان صدر دروپدی مرمو کی زندگی پر ڈاکیومنٹری بنائیں گے
امیشا نے سنی دیول کے ساتھ اپنے تعلقات اور کام کے تجربے پر بھی روشنی ڈالی اور کہا:’’وہ بے حد صبر والے اور مددگار انسان تھے۔ کئی بار ایسا ہوتا تھا کہ انیل شرما جی مجھ سے کوئی خاص شاٹ کروانے کی کوشش کر رہے ہوتے، تو سنی کہتے، `آپ باہر جائیں، میں اسے سمجھاتا ہوں۔ وہ بڑی تحمل سے مجھے ہر چیز سمجھاتے تھے۔ انہوں نے کبھی غصہ نہیں کیا اور نہ ہی صبر کھویا۔ وہ جانتے تھے کہ میں نئی اداکارہ ہوں اور سکینہ کا کردار آسان نہیں تھا۔ ‘‘
یہ بھی پڑھئے: شاہد کپور کی ’’کاک ٹیل۲‘‘ کا شاندار آغاز، پہلے دن عالمی سطح پر۲۰؍ کروڑ کی کمائی
فلم ’’غدر‘‘کے بارے میں
۱۹۴۷ءکی تقسیمِ ہند کے پس منظر میں بننے والی اس فلم کی کہانی تارا سنگھ نامی ایک سکھ ٹرک ڈرائیور کے گرد گھومتی ہے، جو ایک بااثر مسلم خاندان سے تعلق رکھنے والی سکینہ سے محبت کر بیٹھتا ہے۔ تقسیم کے دوران ہونے والے فسادات اور افراتفری کے باوجود دونوں شادی کر لیتے ہیں اور ہندوستان میں نئی زندگی شروع کرتے ہیں۔ لیکن ان کی خوشیاں اس وقت خطرے میں پڑ جاتی ہیں جب سکینہ کو اس کا خاندان واپس پاکستان لے جاتا ہے۔ اس کے بعد تارا سنگھ اپنی بیوی اور بیٹے سے دوبارہ ملنے کیلئے سرحد پار کرتا ہے اور ہر مشکل کا مقابلہ کرتا ہے۔