• Fri, 17 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’کوئی کہے کہ وہ فلموں پر توجہ نہیں دے رہا ہے تو وہ جھوٹ بول رہا ہے‘‘

Updated: September 28, 2025, 12:06 PM IST | Abdul Karim Qasim Ali | Mumbai

ٹی وی اداکاررجت ورما نے کہاکہ میں پہلے ریئلیٹی شوز میں دلچسپی نہیں لیتا تھا لیکن بعد میں سمجھ میں آیاکہ یہ شوز بھی دراصل ایکٹنگ کریئرمیں بڑی اہمیت کے حامل ہیں۔

TV actor Rajat Varma. Photo: INN
ٹی وی اداکاررجت ورما۔ تصویر: آئی این این

ٹی وی شو ’بے حد ۲؍‘ سے شہرت پانے والے رجت ورما نے چھوٹے پر دے پر اپنا الگ مقام بنالیا ہے۔ انہوں نے بحیثیت ماڈل اپنے کریئر کی شروعات کی تھی۔ اس کے بعد وہ اداکاری کی سمت راغب ہوئے۔ انہوں نے اپنی اداکاری کی صلاحیتوں کو راس تھیٹر کے ذریعہ نکھارا اور ممبئی میں کام کی تلاش میں آئے۔ وہ ٹی وی انڈسٹری میں آنے سے قبل یو ٹیوب چینل پر مزاحیہ ویڈیوز بنایا کرتے تھے۔ انہوں نے ۲۰۱۶ء میں دکھائے جانے والے ٹی وی شو’ اگر تم ساتھ ہو‘ سے شروعات کی تھی۔ اس کے بعد انہوں نے چھوٹے موٹے رول کئے اور انہیں بے حد ۲؍ میں اہم رول ملا۔ انہیں جینفر ونگیٹ کے سامنے کام کرنے کا موقع ملا۔ اس کے بعد انہوں نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔ نمائندہ انقلاب نےٹی وی اداکاررجت ورما سے گفتگو کی جسے یہاں پیش کیا جارہا ہے:
اس وقت کون سے ٹی وی شومیں مصروف ہیں ؟
ج:اس وقت میں سونی سب کے شو ’اتنی سی خوشی‘ میں کام کر رہا ہوں۔ میرے مقابل سنبل توقیر ہیں۔ اس شو کے ساتھ ایک بڑا نام بھی جڑا ہے جوکہ ورون بڈولا کا ہے۔ اس شو کی کہانی بالکل آسان ہے اور گھر کے سبھی افراد ایک ساتھ بیٹھ کر دیکھ سکتے ہیں۔ اس میں کوئی ڈرامے بازی نہیں ہے بلکہ کامیڈی کے ذریعہ تفریح کی جاتی ہے۔ سونی سب پر یہ شو دوسرے نمبر پر ٹرینڈ کررہا ہے۔ 
ایکٹنگ کریئر کی شروعات کس طرح ہوئی ؟
ج:میرے خاندان میں اکثریت اساتذہ کی ہے اور میں ایک اکیڈمک خاندان سے تعلق رکھتا ہوں۔ میرے والد بھی ایک استاد ہیں، لیکن میری نانی کے گھر میں معاملہ اس کے برعکس ہے۔ وہ فلم اور شو ز میں کام کرنے کے تعلق سے مثبت سوچ رکھتےہیں۔ درحقیقت میرے ماموں کا تیل کا کاروبار ہے اور میرے بچپن میں انہوں نے اپنے تیل کے ڈبوں پر میری تصویر لگائی ہوئی تھی۔ نانی کے گھروالے ہمیشہ کہتے تھے کہ میں بچپن ہی سے ماڈلنگ کرتا ہوں تو مجھے اس میدان میں جانا چاہئے۔ والد کے کہنے پر ہی میں نے ۲؍ سال بی ٹیک کو دیئے لیکن وہاں دل نہیں لگا۔ پھرمیں نے ماس کام میں داخلہ لیا۔ ریسرچ کے دوران معلوم ہوا کہ بہت سے اداکاروں نے انڈسٹری میں آنے سے قبل ماس کام کیا تھا۔ بس کیا تھا کہ میں نوئیڈا میں تھیٹر تلاش کرنے نکل گیا۔ ایک تھیٹر میں شمولیت اختیار کرلی اور کالج کے ساتھ ہی تھیٹر بھی کرنے لگا۔ میری عادت تھی کہ میں کوئی کام شروع کرتا تو اسے جلد ہی چھوڑ دیتاتھالیکن تھیٹر میں میرا دل لگ گیا اور میں سمجھ گیا کہ ایکٹنگ ہی میری منزل ہے۔ جب میرا پہلا اسٹیج شوہوا تو اس وقت والدین بھی ہال میں تھے اورشو دیکھنے کے بعد ان کی سوچ بدل گئی۔ انہوں نے کہا کہ میں دل لگاکر یہی کام کروں۔ اس طرح میں نے ایکٹنگ کریئرکی شروعات کی۔ 
آپ کو پہلا بریک کس طرح ملا اور کیا آپ نے پہلے ہی سوچ لیا تھا کہ ٹی وی ہی سے شروعات کرنی ہے؟ 
ج:کریئر کے آغاز میں تو میں نے ماڈلنگ وغیرہ کی تھی اور کچھ اشتہاروں میں کام کیا تھا۔ دوران تعلیم مجھے ایک ریڈیو شو کیلئے وائس اوور کام کیلئے بلایاگیا تھا۔ یہاں صرف ۳؍ دن کا کام تھا جس کیلئے مجھے روزانہ ۸۰۰؍ روپے ملتے تھے۔ وہ میری پہلی کمائی تھی۔ اس کے بعد میرے کالج کے ایک دوست نے مجھے کہاکہ ایک شو کیلئے آڈیشن ہورہے ہیں ، میں وہاں جاکر آڈیشن دے آؤں۔ کالج کے دوران میرا ایک ہی مقصد تھا کہ مجھے تھیٹر کرنا ہے اور خود کو پالش کرنا ہے۔ پیسہ کمانے پر زیادہ توجہ نہیں دینا ہے۔ اس کے باوجود میرا دوست بضد تھا کہ میں صرف ایک بار ملاقات کرنے کیلئے آؤں۔ میں چلا گیا اور پروڈیوسر کی بتائی اسکرپٹ پر آڈیشن دیا۔ ۴؍مرتبہ آڈیشن دینے کےبعد میں لوٹ آیا۔ کچھ دنوں کے بعد میرے پاس بھوپال کا ٹکٹ آیا اور میرے دوست کافون آیا کہ مجھے اس شو کیلئے منتخب کرلیا گیا ہے۔ میں نے اپنے دوست کو سمجھایا کہ میں نے ایسے ہی آڈیشن دیا تھا، اس وقت میرے دوست نے کہا تھاکہ اگر موقع مل رہا ہے تو میں بھوپال چلا جاؤں۔ میں بھوپال گیا اور اس شو میں کام کیا۔ وہ زی زندگی کا شو تھا جس میں میرا کام صرف ۵؍ دنوں کا تھا لیکن میں نے پورے ۱۵۰؍ ایپی سوڈ کرڈالے تھے۔ پروڈیوسر کو میرا کام بہت پسندآیا تھا۔ ا س طرح مجھے پہلا بریک ملا۔ 
ممبئی کا رخ آپ نے کس طرح کیا ؟
ج:بھوپال میں کام کرنے کے بعد میں نے دہلی کے پروڈکشن ہاؤس نظر بٹو کے ساتھ کام کیا۔ وہاں بھی تھوڑا وقت کام کرنے کے بعد میں نے ایک اورپروڈکشن ہاؤس میں قسمت آزمائی۔ وہاں ہم ایکٹنگ کے ساتھ لکھنے اور ایڈٹنگ کا کام بھی کیا کرتے تھے لیکن یہ ہماری ہی دنیا تھی۔ میں نے خود یوٹیوب چینل شروع کیا تھا اور ایک سال تک اس سے وابستہ رہا۔ اس وقت میں نے سوچا کہ کچھ بڑا کرنا چاہئے اسلئے ۲۰۱۹ء میں میں نے ممبئی کا رخ کیا۔ ممبئی آنے کے بعد مجھے بے حد ۲؍ نامی شو ملا۔ لیکن کووڈ کی وجہ سے یہ شو بند ہوگیا۔ کووڈ کے بعد مجھے شو ز ملتے گئے اور میں مصروف ہوگیا۔ 
کس شو سے آپ کو شہرت ملی؟
ج: سونی پر میرا پہلا شو ’بے حد ۲؍‘ آیا کرتا تھا اس سے مجھے کافی شہرت ملی تھی۔ اس کی وجہ شاید یہ تھی کہ اس میں، میں نے مشہور اداکارہ وگنیٹ کے مقابل کام کیا تھا، لیکن ذاتی طور پر جو شو مجھے زیادہ عزیز ہے وہ ہے’ عشق پر زور نہیں ‘۔ اس شو کیلئے شائقین کی جانب سے مجھے بہت پیغام اور کال آتے رہتے تھے۔ اس کی وجہ سے میں بہت مشہورہوا تھا۔ 
کس طرح کے رول کرنا پسند ہے؟
ج:میں نے اپنے ابتدائی دنوں میں ایک شو’ دہیج داسی‘ میں کام کیا تھا جوکہ ایک راجستھانی پس منظر کا شو تھا۔ اس میں مرکزی کردارتھا اور یہ تھوڑا کمپلیکس کیریکٹر تھا۔ اس میں مجھے بہت سی چیزیں کرنے کو ملی تھیں، جیسے ڈبل رول وغیرہ۔ میں ایسے کردار نبھانا چاہتا ہوں جن کیلئے مجھے وقت ملے، اس وقت کیریکٹر کو سمجھنے کااور اسے بہتر انداز میں نبھانے کاموقع ملتاہے۔ ہم لیڈ رول ادا کرتے ہیں تووہ کام کرتے تھے سمجھتے ہیں لیکن میں ایسے کردار نبھانا چاہوں گا کہ جن کو سمجھنے کیلئے مجھے زیادہ وقت ملے۔ 
کیا آپ ریئلیٹی شوز کا حصہ بننا پسند کرتے ہیں ؟
ج:پہلے میں سوچا کرتا تھاکہ ریئلیٹی شوز نہیں کرناہے اور صرف اپنی اداکاری پر ہی توجہ دینی ہے لیکن بعد میں احساس ہوا کہ ہمیں جو زندگی ملی ہے وہ بہت چھوٹی ہے اور ہمیں جو کچھ کرناہے وہ اسی میں کرنا ہے۔ اسلئے میں نے اپنے ذہن کو تبدیل کیا۔ جیسے جیسے عمر بڑھ رہی ہے ذمہ داریاں بھی بڑھتی جارہی ہیں اور کچھ نیا کرنے کا دل کررہا ہے۔ اگر مجھے ریئلیٹی شوز کرنے کا موقع ملے گا تو میں فیئر فیکٹر یا خطروں کے کھلاڑی جیسے شوز کا حصہ بننا پسند کروں گا۔ مجھے ایڈونچرز شوز بے حد پسند ہیں۔ جب میں چھٹی پر ہوتا ہوں تو ماؤنٹینگ کیلئے نکل جاتاہوں۔ 
فلموں کی جانب کتنی توجہ دے رہے ہیں ؟
ج: اگر کوئی اداکار یہ کہے کہ میں فلموں کی جانب توجہ نہیں دے رہا رہوں تو میرے خیال میں وہ جھوٹ بول رہا ہے۔ ہر اداکار کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ فلموں میں کام کرے، شہرت پائے اور اپنے کریئرکو آگے بڑھائے۔ میں بھی ایسا ہی سوچتا ہوں۔ میں نے کئی بار کوشش کی ہے لیکن کامیاب نہیں ہوسکا۔ ٹی وی اداکاروں کا ایک بڑا مسئلہ یہ ہے کہ جب ہم ایک شو کرتے ہیں تو ہم ایک ڈیڑھ سال کیلئے اس میں مصروف ہوجاتے ہیں کیونکہ پروڈکشن ہاؤس کے ساتھ ہمارا معاہدہ ہوتاہے۔ فلموں میں کام کرنے کیلئے کوئی بھی پروڈکشن ہاؤس ۳؍ ماہ کا وقفہ نہیں دے گا۔ اگر مجھے فلموں میں کام کرنا ہے تو پھر ٹی وی شوز سےکچھ وقت کیلئے دور ہونا پڑے گا۔ بہرحال کوشش کرنا میرا کام ہے اور وہ میں کررہا ہوں اورآئندہ بھی کرتا رہوں گا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK