• Mon, 01 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

راج کمار راؤ نے اپنی صلاحیت کی بنیاد پر خاص مقام حاصل کیا

Updated: August 31, 2025, 10:36 AM IST | Mumbai

اداکار راج کمار راؤ بالی ووڈ کے ان ستاروں میں سے ایک ہیں جنہوں نے اپنی محنت اور صلاحیت کی بنیاد پر بالی ووڈ میں ایک خاص مقام حاصل کیا۔

Rajkummar Rao`s acting is being liked. Photo: INN.
راج کمارراؤ کی اداکاری پسند کی جارہی ہے۔ تصویر: آئی این این۔

اداکار راج کمار راؤ بالی ووڈ کے ان ستاروں میں سے ایک ہیں جنہوں نے اپنی محنت اور صلاحیت کی بنیاد پر بالی ووڈ میں ایک خاص مقام حاصل کیا۔ ان کی کہانی محنت، لگن اور ہنر کی بہترین مثال ہے۔ ایک سادہ گھرانے سے بالی ووڈ کے ٹاپ اداکاروں میں شامل ہونے تک کا ان کا سفر متاثر کن ہے۔ 
۳۱؍اگست۱۹۸۴ء کو راج کمار راؤ ہریانہ کے گروگرام میں ایک متوسط ​​گھرانے میں پیدا ہوئے۔ ان کا اصل نام راج کمار یادو ہے۔ ان کے والد ستیہ پال یادو ہریانہ کے محکمہ محصولات میں ملازم تھے اور ان کی والدہ کملیش یادو ایک گھریلو خاتون تھیں۔ راج کمار کو بچپن ہی سے اداکاری اور سنیما کا شوق تھا۔ وہ اکثر عامر خان اور منوج باجپائی جیسے اداکاروں کی نقل کیا کرتے تھے اور ان کی اداکاری سے متاثر تھے۔ راج کمار نے اپنی اسکولی تعلیم گروگرام کے’ ایس این سدھیشور‘ سے مکمل کی۔ انہوں نے دہلی یونیورسٹی کے’ آتما رام سناتن دھرم کالج ‘ سے آرٹس میں گریجویشن کیا۔ انہوں نے اپنے کالج کے زمانے میں تھیٹر شروع کر دیا تھا۔ 
انہوں  نے دہلی کے کشتیج تھیٹر گروپ اور شری رام سینٹر میں اداکاری کی باریکیاں سیکھیں۔ ۲۰۰۸ء میں انہوں نے پونے کے ’فلم اینڈ ٹیلی ویژن انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا‘(ایف ٹی آئی آئی)میں دو سالہ اداکاری کا کورس کیا جہاں ان کی صلاحیتیں مزید نکھریں۔ ممبئی آنے کے بعد راج کمار کے ابتدائی سال جدوجہد سے بھرے رہے۔ چھوٹے اشتہارات میں کام کرنے پڑے۔ انہوں  نے اسٹوڈیوز کے چکر لگائے۔ 
۲۰۱۰ءمیں ایک اخبار میں اشتہار دیکھنے کے بعد انہوں نے دیباکر بنرجی کی فلم’ لو، سیکس اور دھوکہ‘ کے لئے آڈیشن دیا اور ان کا انتخاب ہوا۔ اسی فلم سے ان کے کریئر کا آغاز ہوا۔ 
۲۰۱۳ء میں راج کمار نے ’کائی پو چھے‘ اور ’شاہد‘ جیسی فلموں سے اپنی اداکاری کی صلاحیت منوائی اور ’شاہد‘ میں ایڈوکیٹ شاہد اعظمی کے کردار کے لئے انہوں نے قرآن پڑھا، عدالتی کارروائی کو سمجھا اور کردار میں مکمل طور پر ڈھل گئے۔ اس فلم نے انہیں نیشنل فلم ایوارڈ اور فلم فیئر کریٹکس ایوارڈ سے نوازا۔ 
اس کے بعد، کوئین(۲۰۱۴ء)، علی گڑھ (۲۰۱۶ء)، ٹریپڈ (۲۰۱۶ء) اور نیوٹن(۲۰۱۷ء) جیسی فلموں سے اپنی صلاحیت کا لوہا منوایا۔ ۲۰۱۸ء میں ’ استری‘ نے انہیں تجارتی کامیابی دی۔ ۲۰۲۴ء میں ’ استری‘ ان کی اب تک کی سب سے بڑی ہٹ ثابت ہوئی۔ راج کمار کو حال ہی میں ان کی فلم ’مالک‘ میں گینگسٹر کے کردار کے لئے سراہا گیا تھا، حالانکہ یہ فلم استری۲؍کی طرح باکس آفس پر چمک نہیں پائی۔ اگر ہم ان کے آنے والے پروجیکٹ کی بات کریں تو وہ سورو گنگولی کی بایوپک کی تیاری کر رہے ہیں جس کی شوٹنگ۲۰۲۶ء میں شروع ہونے کا امکان ہے۔ راج کمار راؤ کی ذاتی زندگی بھی کسی فلم کی کہانی سے کم نہیں ہے۔ ۲۰۱۷ء میں راج کمار کی والدہ کا انتقال ہو گیا اور وہ اگلے ہی دن شوٹنگ کے لئے سیٹ پر لوٹ آئے۔ اس کی وجہ بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میری والدہ کویہ پسند تھا کہ میں کام سے متعلق ایماندار ہوں۔ یہ واقعہ اداکار کی کام کے تئیں عزم اور ان کی ذہنیت کو ظاہر کرنے کے لئے کافی ہے۔ اس کے بعد ۲۰۱۹ءمیں ان کے والد بھی انتقا ل کرگئے۔ ۶۰؍سال کی عمر میں انہوں نے گروگرام کے میدانتا اسپتال میں آخری سانس لی۔ اس کے دو سال بعد راج کمار راؤ نے۲۰۲۱ء میں اپنی ہم جماعت’ پترلیکھا‘ سے شادی کرلی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK